تھائی لینڈ میں پھنسے پاکستانی اداکاروں کی حکومت سے مدد کی اپیل
پاکستان کے نامور اداکار محب مرزا کی ہدایات میں بننے والی فلم ’عشرت میڈ ان چائنا‘ کی شوٹنگ فروری سے تھائی لینڈ میں جاری تھی تاہم کورونا وائرس کے باعث پروازوں پر لگی پابندی کے باعث اس فلم کی ٹیم کے 21 افراد وہیں پھنس گئے ہیں۔
فلم کی کاسٹ میں موجود اداکار محب مرزا، صنم سعید، سارہ لورین اور شمعون عباسی بھی کورونا وائرس کی وجہ سے ہونے والے لاک ڈاون کے باعث وطن واپس نہیں پہنچ سکے۔
حکومت کی جانب سے کچھ ممالک تک پروازیں بھیجنے کی منظوری دی گئی تھی تاکہ وہاں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لایا جاسکے، تاہم اس فہرست میں تھائی لینڈ کا نام شامل نہیں تھا۔
اداکارہ صنم سعید کا اس حوالے سے ڈان سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’3 سے 11 اپریل تک کچھ ممالک میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لایا جائے گا تاہم بینکاک کا نام اس فہرست میں نہیں، تو ہم تب تک یہاں پھنسے ہوئے ہیں جب تک سفارت خانہ اس حوالے سے کچھ نہیں کرتا، ہم بینکاک میں موجود پاکستانی سفیر کے ساتھ رابطے میں ہیں‘۔
مزید پڑھیں: کورونا وائرس: شمعون عباسی اور صنم سعید تھائی لینڈ میں کیا کررہے ہیں؟
اداکارہ نے مزید بتایا کہ ’اس وقت وہ حساب لگا رہے ہیں کہ تھائی لینڈ میں کتنے پاکستانی پھنسے ہوئے ہیں جنہیں واپس جانا ہے، جب صحیح تعداد کا اندازہ ہوجائے گا تو وہ ہمیں واپس لے جائیں گے، فی الحال تعداد 100 تک پہنچ چکی ہے‘۔
صنم سعید کے مطابق ’فی الحال فلم کی کاسٹ اور دیگر ٹیم ہمارے ہوٹل میں موجود ہے اور محفوظ ہے اور سب نے سماجی فاصلہ اختیار کیا ہوا ہے تاہم اب ہمارے پاس وسائل ختم ہونے کے قریب ہیں‘۔
اداکار شمعون عباسی نے بھی اس حوالے سے ایک ویڈیو جاری کی جس میں انہوں نے واضح کیا کہ فلم کی ٹیم پاکستان واپس آنے کے بعد ہر قسم کی احتیاطی تدابیر اختیار کرے گی۔
اپنی ویڈیو میں انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم وزیر اعظم عمران خان، شاہ محمود قریشی اور اسد عمر سے درخواست کرتے ہیں کہ ہمیں واپس پاکستان لانے پر فوکس کریں، یا پھر کوئی ایسا راستہ نکالیں جس کے ذریعے ہم باحفاظت واپس آسکیں‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم واپس پاکستان آنا چاہتے ہیں، ہمارے خاندان وہاں موجود ہیں، وہاں جو بھی صورتحال ہے اس سے ہمیں فرق نہیں پڑتا‘۔
یہ بھی پڑھیں: بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کیلئے فلائٹ آپریشن کل سے شروع ہوگا
شمعون عباسی کے مطابق وہ تھائی لینڈ میں پھنسے 100 پاکستانیوں کی جانب سے حکومت پاکستان سے یہ اپیل کررہے ہیں۔
دوسری جانب فلم کے ہدایت کار محب مرزا نے بھی اس حوالے سے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو جاری کی۔
اس ویڈیو میں انہوں نے کہا کہ ’ہم تھائی لینڈ کے ایک علاقے میں موجود ہیں جو بینکاک سے 3 گھنٹے کی دوری پر ہے، جب سے ہم نے یہاں اپنی فلم کی شوٹنگ ختم کی ہے، ہم واپس پاکستان آنے کا انتظار کررہے ہیں، ہم ایک ہوٹل میں محصور ہیں مزید کچھ دن اور گزرے تو 21 لوگوں کا اس ہوٹل میں مزید رہنا مشکل ہوجائے گا‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان ان کی مدد کرے اور ان کی ٹیم کے واپس آنے کا انتظام کرے۔
محب مرزا کے مطابق وہ پاکستان واپس آکر تمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں گے۔
خیال رہے کہ محب مرزا کی ہدایات میں بننے والی فلم ’عشرت میڈ ان چائنا‘ کی ریلیز رواں سال متوقع ہے۔