• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

پاکستان میں کورونا سے صحت یاب مریض کا پلازما کا عطیہ،امید کی کرن

شائع April 3, 2020
ڈاکٹر ثاقب انصاری کے مطابق اس طریقہ کار کا استعمال پوری دنیا میں اس بیماری کے سنگین مریضوں کے علاج کے لیے کیا جارہا ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
ڈاکٹر ثاقب انصاری کے مطابق اس طریقہ کار کا استعمال پوری دنیا میں اس بیماری کے سنگین مریضوں کے علاج کے لیے کیا جارہا ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

کراچی: کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے وہیں اس چیلنج سے نمٹنے کی ایک کرن نمودار ہوئی ہے، کراچی میں 26 فروری کو سامنے آنے والے کورونا وائرس کے مریض نے صحت یاب ہونے کے بعد اس مرض سے تشویش ناک حالت میں پہنچنے والے افراد کے پیسو امیونائزیشن کے ذریعے علاج کے لیے اپنا پلازما عطیہ کردیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والے یحییٰ جعفری کا کہنا تھا کہ ان کے والدین اور معروف ہیماٹولوجسٹ ڈاکٹر ثاقب انصاری نے حکومت سے مریضوں کے علاج کے لیے اس پلازما کے استعمال کی اجازت طلب کی ہے۔

ڈاکٹر ثاقب انصاری نے کہا کہ ’ہمیں فنڈز ، مشینری یا افرادی قوت کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ ہمارا اپنا ہسپتال مفت میں اپنی خدمات پیش کرنے کے لیے تیار ہے'۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں کورونا وائرس کے نئے کیسز سے تعداد 2458، اموات 35 ہوگئیں

انہوں نے کہا کہ پلازما کے حصول اور اس کی کارروائی کے عمل میں ہر ایک پر 20 ہزار روپے لاگت آتی ہے اور انسانیت کی فلاح کے لیے ہسپتال اس کی قیمت برداشت کرنے کے لیے تیار ہے، فی الحال ہماری ٹیم کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے تین محاذوں پر کام کر رہی ہے جن میں پھیلنے کو محدود کرنا، مریضوں کا علاج اور معاشرے میں خوف و ہراس کو کنٹرول کرنا شامل ہے۔

انہوں نے نوجوان یحیٰی جعفری کی تعریف کی اور انہیں ’قوم کا ہیرو‘ کہا اور اس کے ساتھ ہی اس کے وبائی امراض کے خلاف جرات اور عزم کے لیے والدین کی بھی تعریف کی۔

ماضی میں وائرس سے متاثرہ مریضوں کا پلازما ترقی یافتہ دنیا کے متعدد حصوں میں استعمال ہورہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ’بیجنگ میں دنیا کے ممتاز تحقیقی اداروں کے ساتھ تعاون سے ہونے والی حالیہ تحقیق کی بنیاد پر کورونا وائرس کے مریضوں میں پلازما انفیوژن کے بہترین نتائج برآمد ہوئے ہیں‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’اس طریقہ کار کا استعمال پوری دنیا میں اس بیماری کے سنگین مریضوں کے علاج کے لیے کیا جارہا ہے اور اس کی منظوری امریکا کے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے)، عالمی ادارہ صحت اور دیگر نامور اداروں کی جانب سے دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: رواں مالی سال میں پاکستان کی شرح نمو کم ہو کر 2.6 فیصد رہنے کا امکان

انہوں نے کہا کہ ان کے بچوں کے ہسپتال اور امریکا کا ہیوسٹن میتھوڈسٹ ہسپتال پہلے ہی اس سلسلے میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’امریکا میں ہسپتال کے ڈاکٹر فضل محمود ڈاکٹر ثاقب انصاری کے ساتھ رابطے میں ہیں اور دونوں وائرس سے متعلق دنیا کی پیشرفت پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں۔

صحت یاب ہونے والے یحییٰ جعفری نے کہا کہ مستقبل قریب میں یہ وائرس تاریخ کی حیثیت اختیار کرے گا اور جو یاد رکھا جائے گا وہ ہمارا عزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’میں لوگوں کو مشورہ دیتا ہوں کہ براہ کرم خوف زدہ نہ ہوں، مجھے دیکھیں، میں نے اس وبائی بیماری کا سامنا کیا اور صحت ورکرز، اہلخانہ اور برادری کے تعاون سے صحت یاب ہوا‘۔

یحییٰ جعفری کا کہنا تھا کہ ’اس وبائی مرض کا مقابلہ کرنے کے لیے یہ تینوں حصے کلیدی کردار ادا کرتے ہیں، براہ کرم مریضوں کے ساتھ برے یا مجرم کی طرح برتاؤ نہ کریں، وہ ہمارے درمیان ہیں اور ہمارے جیسے لوگ ہیں، انہیں معاشرے کی حمایت اور لوگوں کی حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے‘۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024