• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

سندھ میں جمعہ کو 12 سے ساڑھے 3 بجے تک مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان

شائع April 2, 2020
محکمہ داخلہ سندھ نے مکمل لاک ڈاؤن کا نوٹیفکیشن جاری کردیا —فائل فوٹو / اے ایف پی
محکمہ داخلہ سندھ نے مکمل لاک ڈاؤن کا نوٹیفکیشن جاری کردیا —فائل فوٹو / اے ایف پی

سندھ حکومت نے جمعہ کوصوبے میں دوپہر 12 بجے سے ساڑھے 3 بجے تک مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا۔

محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق جمعہ کو دوپہر 12 سے سہ پہر 3 بجے تک کوئی دکان کھلی گی نہ ٹرانسپورٹ چلے گی، جبکہ شہریوں کو نقل و حرکت کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ جن دکانوں کو لاک ڈاؤن کے عرصے میں شام 5 بجے تک کھلنے کی اجازت دی گئی ہے وہ صرف جمعہ کو شام ساڑھے 6 بجے تک کھلی رہ سکیں گی، جبکہ دودھ کی دکانیں صبح 5 سے رات 8 بجے تک کھلیں گی۔

نوٹی فکیشن میں لاک ڈاؤن کے عرصے کے لیے عائد کی گئی دیگر پابندیوں کو دہراتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مساجد میں پیش امام، موذن اور عملے کے 3 سے 5 افراد کو باجماعت اجازت ہوگی، جبکہ تمام مذہبی اجتماعات پر پابندی ہوگی۔

محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ کریانہ کی دکانیں اور میڈیکل اسٹور صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک کھل سکیں گے، پرندوں کی دکانوں کو دوپہر 12 بجے سے 2 بجےتک کھلنے کی اجازت ہوگی تاہم دکانوں پر خرید و فروخت پر پابندی ہوگی اور مالکان صرف پرندوں کو غذا فراہم کر سکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ میں بھی 14 اپریل تک لاک ڈاؤن ہوگا، مراد علی شاہ

نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ شام 5 بجے سے صبح 8 بجے تک مخصوص حالات میں نکلنے کی اجازت ہوگی، قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعلق رکھنے والوں، ڈاکٹر، میڈیکل عملے، واٹر بورڈ، گیس اور بجلی فراہم والے اداروں کے تکنیکی اسٹاف، گڈز ٹرانسپورٹ کو سامان لےکر جانے اور ہاکرز کو بھی اجازت ہوگی۔

محکمہ داخلہ نے کہا کہ گاڑی میں زیادہ سے زیادہ دو افراد کو سفر کرنے کی اجازت ہوگی، دفتر کا شناختی کارڈ اور قومی شناختی کارڈ دوران سفر رکھنا لازمی ہوگا، رجسٹرڈ فلاحی تنظیموں کو اجازت نامے کے تحت کام کرنے کی اجازت ہوگی جبکہ بینکوں کو مختصر عملے کے ساتھ کام کرنےکی اجازت ہوگی۔

واضح رہے کہ صوبے میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر سندھ حکومت نے 23 مارچ کی رات 12 بجے سے 15 روز کے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تھا۔

مراد علی شاہ نے کہا تھا کہ لاک ڈاؤن کے دوران کسی کو غیر ضروری گھر سے نکلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

صوبے میں لاک ڈاؤن کے باوجود اشیائے خور و نوش کی دکانیں صبح 8 سے رات 8 بجے تک کھلی رکھنے کی اجازت دی گئی تھی۔

مزید پڑھیں: سندھ حکومت نے مساجد میں نماز کے اجتماعات پر پابندی عائد کردی

تاہم 27 مارچ کو وزیر اعلیٰ سندھ نے انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس کو صوبے میں لاک ڈاؤن مزید سخت کرنے کا کہتے ہوئے شام 5 بجے دکانیں بند کرنے کی ہدایت کردی تھی۔

صوبائی حکومت نے مساجد میں نمازوں کے اجتماعات پر بھی پابندی کا اعلان کیا تھا۔

گزشتہ روز وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی صوبے میں لاک ڈاؤن کی مدت میں توسیع کرتے ہوئے اسے 14 اپریل تک کرنے کا اعلان کردیا تھا۔

مراد علی شاہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ صوبے میں لاک ڈاؤن کی میعاد میں 14 اپریل تک توسیع کی تجویز دی گئی جس کی انہوں نے حمایت کی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024