• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

پاناما کا کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے منفرد لاک ڈاؤن

شائع April 2, 2020
دنیا بھر میں کورونا کے کیسز تیزی سے بڑھ رہے ہیں—فوٹو: رائٹرز
دنیا بھر میں کورونا کے کیسز تیزی سے بڑھ رہے ہیں—فوٹو: رائٹرز

جزیرہ نما وسطی امریکا کی ریاست پاناما کی حکومت نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے اگرچہ دنیا کے دیگر ممالک کی طرح لاک ڈاؤن کا نفاذ کر رکھا ہے تاہم پاناما کا لاک ڈاؤن دنیا کے دیگر ممالک سے کافی مختلف ہے۔

پاناما کو بھی ملک میں بڑھتے کیسز کا سامنا ہے اور 2 اپریل کی صبح تک وہاں کورونا کے مریضوں کی تعداد بڑھ کر 1300 سے زائد ہوچکی تھی جب کہ وہاں ہلاکتوں کی تعداد 32 تک جا پہنچی تھی۔

حکومت نے کورونا کے پھیلاؤ سے بچنے کے لیے مارچ کے وسط کے بعد ہی جزوی لاک ڈاؤن اور لوگوں کے باہر نکلنے پر پابندیاں عائد کردی تھیں، مگر عوام کی جانب سے ہدایات پر عمل نہ کیے جانے کے بعد حکومت نے یکم اپریل سے منفرد لاک ڈاؤن نافذ کردیا۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق پاناما کی حکومت نے یکم اپریل سے ملک کے مرد و خواتین کے ایک ساتھ باہر نکلنے پر پابندی عائد کرتے ہوئے دونوں صنفوں کے لیے لوگوں کے لیے الگ الگ دن مختص کردیے۔

پاناما کی حکومت نے خواتین کو پیر، بدھ اور جمعہ جب کہ مرد حضرات کو منگل، جمعرات اور ہفتے کو گھر سے نکلنے اور ضروری چیزیں لانے کی اجازت دی ہے، تاہم ساتھ ہی دونوں جنس کے افراد پر اتوار کو گھر سے باہر نکلنے پر پابندی ہوگی۔

پاناما حکومت کے مطابق مرد و خواتین کو اتوار کے دن گھر سے نکلنے کی اجازت نہیں ہوگی جب کہ باقی دنوں میں بھی دونوں صنف کے لوگ ایک ساتھ گھر سے باہر نہیں نکل سکیں گے۔

حکومت نے جہاں کورونا سے بچنے کے لیے مرد و خواتین کو الگ الگ دنوں میں گھر سے نکلنے کی اجازت دی ہے، وہیں حکومت نے لوگوں کے گھر سے باہر رہنے کے وقت کو بھی محدود کردیا ہے اور دونوں جنس کے لوگوں کو محض 2 گھنٹے تک باہر رہنے کی اجازت دی گئی ہے۔

حکام نے لوگوں پر واضح کیا ہے کہ وہ محض 2 گھنٹے میں تمام چیزیں خرید کر واپس آجائیں اور باقی پورا وقت گھر میں رہیں۔

یہ واضح نہیں ہوسکا کہ حکومت نے گھروں میں بھی مرد و خواتین کو الگ الگ رہنے کی ہدایات کی ہیں یا نہیں، تاہم حکومت نے تمام لوگوں کو ایک دوسرے سے فاصلہ رکھنے کی سخت ہدایات کی ہیں۔

خیال رہے کہ پاناما خطے کا کم آبادی والا ملک بھی ہے، اس کی مجموعی آبادی 40 لاکھ سے کچھ زیادہ ہے، جزیرہ نما اس ملک کی سرحدی کوسٹا ریکا اور کولمبیا سے ملتی ہیں اور یہ ملک سیاحت اور آف شور کمپنیوں کے کاروبار کے حوالے سے منفرد اہمیت رکھتا ہے۔

دنیا کے سب سے بڑے اسکینڈل پاناما لیکس کا تعلق بھی اسی ملک سے تھا، پاناما لیکس کے ذریعے سامنے آنے والی معلومات کے مطابق اسی ملک کی ایک قانونی فرم ’موزیک فانسیکا‘ نے دنیا بھر کے امیر و سیاست دانوں کو آف شور کمپنیاں بنا کر دیں جن کے ذریعے امیر لوگوں نے اپنے پیسوں کو محفوظ بناتے ہوئے خود کو ٹیکس سے بچایا۔

موزیک فانسیکا کے نجی ڈیٹا بیس سے 2.6 ٹیرا بائٹس پر مشتمل دستاویزات لیک ہوئی تھیں جن کی International Consortium of Investigative Journalists نے جرمن اخبار کے ساتھ مل کر تحقیق کی تھی۔

دنیا بھر سے درجنوں صحافیوں نے پاناما لیکس کی تحقیقات میں حصہ لیا تھا اور اس اسکینڈل میں پاکستان کے تقریبا 500 افراد کے نام سامنے آئے تھے۔

دنیا میں تہلکہ مچانے والے پاناما اسکینڈل سامنے آنے کے بعد 2018 میں موزیک فانسیکا کو بند کردیا گیا تھا۔

اسی کیس میں پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف کا نام بھی آیا تھا اور پاکستان کی سپریم کورٹ میں ان کے خلاف مقدمہ بھی چلا تھا, اسی اسکینڈل میں نام آنے پر انہیں سپریم کورٹ نے 28 جولائی 2017 کو نااہل قرار دیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024