ڈونلڈ ٹرمپ کا امریکیوں کو ماسک نہ ملنے پر اسکارف پہننے کا مشورہ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا وائرس کے پیش نظر عوام کو ماسک نہ ملنے پر اسکارف سے چہرہ چھپانے کا مشورہ دے دیا۔
نیویارک پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر نے ملک میں تیزی سے بڑھتے کورونا وائرس کیسز کے باعث عوام کو حفاظتی تدابیر کے طور پر مشورہ دیا کہ اگر ماسک دستیاب نہیں تو وہ عارضی طور پر اسکارف کا بھی استعمال کرسکتے ہیں۔
میڈیا کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ’تقریباً ہر کسی کے پاس اسکارف ہوتا ہے، جو لوگ ماسک پہننا چاہتے ہیں وہ پہن لیں اس میں کوئی مسئلہ نہیں، لیکن میں مشورہ دوں گا کہ بازار جاکر ماسک خریدنے کے بجائے اسکارف پہن سکتے ہیں‘۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ویسے تو ہم بڑی تعداد میں ماسک تیار کر رہے ہیں تاہم یہ ہسپتال بھیجنے کے لیے ہیں، جہاں ان ماسک کی سب سے زیادہ ضرورت ہے‘۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایسا صرف مختصر وقت کے لیے کرنا ہوگا اور امید ہے کہ جلد کورونا وائرس سے سب کو نجات مل جائے گی۔
خیال رہے کہ کورونا وائرس سے امریکا میں ہلاکتوں کی تعداد وبا کے مرکز چین سے بھی زیادہ 4 ہزار سے تجاوز کرگئی جس کے پیش نظر نیویارک کے سینٹرل پارک اور یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے ہوم گراونڈ میں ہنگامی طور پر فیلڈ ہسپتالوں کو تیار کرلیا گیا۔
اس وبا سے ایک ہزار 700 سے زائد نیو یارک کے مقامی ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، جو اس شہر کے رہائشی بھی ہیں، نے واشنگٹن میں پورے ملک کے لیے آنے والے دو ہفتوں کو ’انتہائی دردناک‘ قرار دیا ہے۔
مزید پڑھیں: کورونا وائرس سے امریکا میں ہلاکتوں کی تعداد 4 ہزار سے متجاوز
مین بیٹن کے مشہور پارک میں 68 بستروں اور 10 وینٹیلیٹرز سے لیس ایک درجن کے قریب خیمے لگائے گئے ہیں جہاں کورونا وائرس کے مریضوں کی آمد متوقع ہے۔
جان ہاپکنز یونیورسٹی کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق امریکا میں کورونا وائرس کے کیسز بدھ کی شب تک ایک لاکھ 89 ہزار 510 ہو گئے تھے جس میں سے 4 ہزار 76 اموات ہوئیں۔
یہ تعداد چین میں ہونے والی 3 ہزار 310 اموات سے کہیں زیادہ ہیں۔
امریکی ریاست نیو یارک میں دیگر ریاستوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ 76 ہزار کیسز سامنے آئے ہیں جو امریکا میں وائرس کے پھیلاؤ کا اب مرکز بنتا جارہا ہے۔