شہباز شریف کا قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلانے کا مطالبہ
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کردیا۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے قوم سے خطاب نے قومی سلامتی کے اہم فیصلوں سے متعلق سوال اٹھادیا ہے، لہٰذا قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلاکر واضح کیا جائے کہ لاک ڈاون ہوگا یا نہیں؟ جبکہ حکومتی حکمتِ عملی واضح کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ قوم کی جان بچانے کی قومی حکمت عملی بچوں کا کھیل نہیں، قوم کو شک میں ڈالنا، انتظامیہ اور عوام کے لئے مسائل پیدا کرنے والی بات ہے۔
شہباز شریف نے کورونا ریلیف فنڈ کی ترسیل کے لیے فوری پارلیمانی مانیٹرنگ کمیٹی تشکیل دینے اور کورونا پر پارلیمانی صحت کی قائمہ کمیٹی کا ویڈیو لنک پر فی الفور اجلاس بلانے کا بھی مطالبہ کیا۔