• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

حیدر آباد میں تبلیغی جماعت کے 36 ارکان میں کورونا کی تصدیق

شائع March 31, 2020
حکام نے نور مسجد میں 200 افراد کو قرنطینہ میں رکھنے کا اعلان کیا تھا—فائل/فوٹو:اے ایف پی
حکام نے نور مسجد میں 200 افراد کو قرنطینہ میں رکھنے کا اعلان کیا تھا—فائل/فوٹو:اے ایف پی

حیدر آباد میں حکام نے تبلیغی جماعت کے 36 ارکان کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کردی۔

سندھ کی وزیر صحت و بہبود آبادی کی میڈیا کوآرڈینیٹر میران یوسف کے مطابق حیدر آباد میں اس وقت کووڈ-19 (کورونا وائرس) کے کیسز کی تعداد 43 ہوگئی ہے جن میں سے 36 کیسز تبلیغی جماعت کے ارکان سے متعلق ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نئے کیسز نور مسجد سے رپورٹ ہوئے ہیں جہاں پہلے ہی تبلیغی جماعت کے 200 ارکان کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔

خیال رہے کہ حیدر آباد کی نور مسجد سندھ میں تبلیغی جماعت کا دوسرا بڑا مرکز ہے جس کو گزشتہ ہفتے 19 سالہ چینی نژاد تبلیغی رکن میں وائرس مثبت آنے کے بعد سیل کردیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: حیدر آباد:ایک فرد میں وائرس کی تصدیق، تبلیغی جماعت کا علاقائی مرکز قرنطینہ قرار

میران یوسف کے مطابق حکومت نے مسجد کے اندر موجود تمام افراد کے نمونے حاصل کرکے ٹیسٹ کے لیے بھیج دیے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق حیدر آباد میں اس وقت تبلیغی جماعت کے 830 اراکین موجود ہیں۔

ڈی آئی جی حیدر آباد رینج نسیم شیخ کا کہنا تھا کہ 'حیدر آباد کی نور مسجد میں 830 میں سے یہ 234 افراد ہیں'۔

انتظامیہ نے نور مسجد میں موجود تبلیغی جماعت کے ارکان سے نمونے حاصل کرنے کے بعد 90 افراد کو سکھر میں لیبر کالونی فلیٹس میں منتقل کردیا تھا جس کو قرنطینہ مرکز بنایا گیا ہے۔

دیگر 70 متاثرہ افراد کو قرنطینہ کے لیے راجپوتانہ ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:سندھ میں تبلیغی جماعت کے اراکین کی موجودگی پر حکام پریشان

تبلیغی جماعت سے منسلک افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد سندھ کے شہریوں میں خوف پیدا ہوا جبکہ 11 مارچ سے 15 مارچ کے دوران لاہور کے رائیونڈ میں اجتماع ہوا تھا جس کے بعد جماعت کے اراکین میں وائرس مثبت آنے رپورٹس سامنے آئیں۔

حیدر آباد کے علاقے قاسم آباد کے رہائشیوں نے اسی خوف کی وجہ سے پولیس کو مکی مسجد میں تبلیغی جماعت کے ارکان کی موجودگی سے پولیس کو آگاہ کیا جن کو مسجد کے اندر تک محدود کردیا گیا۔

انتظامیہ کا کہنا تھا کہ مکی مسجد ان کے لیے قرنطینہ قرار دی جائے گی۔

خیال رہے کہ سندھ میں کورونا وائرس کا پہلا کیس کراچی میں 26 فروری کو پیش آیا تھا جس کے بعد صوبے میں سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے تھے تاہم گزشتہ چند دنوں میں یہ تعداد پنجاب میں زیادہ ہوئی ہے اور اب سندھ دوسرے نمبر پر موجود ہے۔

سندھ میں اس وقت کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 566 ہے جبکہ پنجاب میں 651، بلوچستان میں 152، خیبرپختونخوا میں 221، گلگت بلتستان میں 128، اسلام آباد میں 51 اور آزاد کشمیر میں 152 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

ملک میں متاثرین کی مجموعی تعداد 1775 ہوگئی ہے اور 24 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 53 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024