• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

دنیا بھر میں کورونا سے 36 ہزار اموات، ساڑھے 7 لاکھ افراد متاثر

شائع March 30, 2020 اپ ڈیٹ March 31, 2020
اسپن اور اٹلی میں 24گھنٹے کے دوران 800 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں— فوٹو: رائٹرز
اسپن اور اٹلی میں 24گھنٹے کے دوران 800 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں— فوٹو: رائٹرز

کورونا وائرس سے دنیا بھر میں تیزی سے ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے، اسپین اور ایران میں سیکڑوں ہلاکتوں کے نتیجے میں دنیا بھر میں انتقال کرنے والے افراد کی تعداد 36 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں اور متاثرہ مریضوں کی تعداد میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے جس کے سبب اب تک کم از کم 7 لاکھ 55 ہزار افراد متاثر جبکہ 36 ہزار سے زائد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

مزید پڑھیں: وزیر اعظم عمران خان کا کورونا سے لڑنے کیلئے ٹائیگر فورس بنانے کا اعلان

تاہم دنیا کے لیے خوش آئند خبر یہ ہے کہ کئی دن تک مستقل لاتعداد ہلاکتوں کے بعد اب اٹلی میں کیسز کی تعداد میں کمی کی خوشخبری ملی ہے۔

اٹلی میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے لیکن گزشتہ 24گھنٹے میں صرف 1600 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی جو وبا آنے کے بعد سے اٹلی میں ایک دن میں رپورٹ ہونے والے سب سے کم کیسز ہیں۔

البتہ ہلاکتوں کی تعداد کم ہونے کا نام نہیں لے رہی اور مزید 812 افراد کی ہلاکت کے نتیجے میں مرنے والوں کی تعداد 11ہزار 591 تک پہنچ گئی ہے۔

عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ اٹلی میں جلد صورتحال بہتر ہو جائے گی لیکن انہوں نے خبردار کیا کہ صورتحال بہتر ہونے کے باوجود بھی ہمیں مستقل احتیاط سے کام لینا ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں: میں 22 سال پہلے چین گئی تھی، تو میرا کورونا سے کیا تعلق؟

ایران میں مزید 117 اموات

ایران میں ایک مرتبہ پھر ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور ایک دن میں 117 اموات کے بعد ملک میں وائرس سے مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 2 ہزار 775 ہو گئی ہے۔

وزارت صحت کے ترجمان کیانوش جہان پور کے مطابق گزشتہ 24گھنٹے کے دوران 117 افراد ہلاک جبکہ مزید 3 ہزار 186افراد وائرس کا شکار ہوئے۔

ایران میں وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 41 ہزار 495 ہو چکی ہے۔

اسپین میں ایک روز میں 800 سے زائد اموات

اسپین میں بھی وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے اور اٹلی اور امریکا کے بعد وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 85 ہزار 195ہو گئی ہے۔

مزید پڑھیں: اسرائیلی ایجنسی موساد کا کورونا وائرس کے خلاف پُراسرار کردار

اسپین میں 24گھنٹے کے دوران مزید ساڑھے 6ہزار سے زائد افراد وائرس کی زد میں آئے جبکہ ایک دن میں مزید 800 سے زائد اموات کے نتجے میں مرنے والوں کی تعداد بھی 7 ہزار 340ہو گئی ہے۔

امریکا میں متاثرین کی تعداد ڈیڑھ لاکھ

امریکا اس وقت دنیا بھر میں وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے جہاں اب تک تقریباً ڈیڑھ لاکھ افراد وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔

امریکی ریاست نیویارک میں مرنے والے افراد کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کر گئی جبکہ امریکا کی دیگر ریاستوں میں بھی مرنے والوں کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے۔

برطانیہ میں اب تک 22 ہزار سے زائد افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ ملک میں 1400 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: مزید 5 افراد کا انتقال، پاکستان میں مجموعی اموات 22 ہوگئیں

بھارت کا لاک ڈاؤن میں توسیع نہ کرنے کا ارادہ

دوسری جانب بھارت کا کہنا ہے کہ ملک میں بنیادی ضرورت کی اشیا کی بڑھتی ہوئی قلت اور عوام کی مشکلات کو دیکھتے ہوئے ان کا 21 روزہ لاک ڈاؤن میں مزید توسیع کا کوئی ارادہ نہیں۔

کابینہ کے سیکریٹری راجیو گوبا کے مطابق ہمارا لاک ڈاؤن میں تین ہفتے سے زیادہ توسیع کا ارادہ نہیں جہاں اس سے قبل یہ رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ بھارت میں لاک ڈاؤن میں مزید توسیع کی جا سکتی ہے۔

یاد رہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندرد مودی نے ملک میں 21روزہ لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تھا جو 15 اپریل تک نافذ العمل رہے گا۔

اسرائیلی وزیر اعظم قرنطینہ میں چلے گئے

ادھر اسرائیل کے وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کے ساتھیوں کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد اسرائیلی وزیراعظم قرنطینہ میں چلے گئے ہیں۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے ہنگامی فنڈ کی منظوری دے دی گئی

نیتن یاہو کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق ساتھیوں کے کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعدوزیراعظم نے احتیاطی تدابیر کے طور پر قرنطینہ میں جانے کا فیصلہ کیا ہے۔

کولمبیا میں گوریلا فائٹر گروپ کا جنگ بندی کا اعلان

کولمبیا کے سب سے بڑے گوریلا فائٹرز گروپ نیشنل لبریشن آرمی نے کورونا وائرس کے سبب یکم اپریل سے ایک ماہ کے لیے جنگ بندی کا اعلان کردیا ہے۔

کولمبیا میں اب تک 702 افراد وائرس کا شکار جبکہ 10 وائرس کے سبب ہلاک بھی ہو چکے ہیں۔

باغی گروپ نے اپنے بیان میں اعلان کیا کہ ہم کولمبیا کے عوام کی مشکلات کو سمجھتے ہوئے انسانی بنیادوں پر یکم اپریل سے ایک ماہ کے لیے یکطرفہ سیز فائر کا اعلان کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سعید غنی کورونا وائرس سے جنگ جیت کر صحتیاب ہوگئے

پولینڈ اور نیدر لینڈز میں کیسز بڑھنے لگے

کئی دن تک کیس رپورٹ نہ ہونے کے بعد پولینڈ میں کیسز تیزی سے رپورٹ ہوئے ہیں جس پر حکام نے ہنگامی اقدامات کرنا شروع کردیے ہیں۔

پونے چار کروڑ آبادی کے ملک میں اب تک ایک ہزار 984 افراد میں کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آ چکا ہے جبکہ اب تک 26 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

نیدرلینڈز میں بھی کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافے کا سلسلہ جاری ہے اور مزید 884 افراد میں وائرس کی تصدیق کے سبب اب تک متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 11ہزار 750 ہو گئی ہے جبکہ اب تک ملک میں 864 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

نیدرلینڈز کے نیشنل انسٹیٹوٹ فار ہیلتھ نے تصدیق کی کہ ملک میں کورونا وائرس کے کیسز میں 8.1 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

مزید پڑھیں: کورونا کا شکار شہزادہ چارلس 5 دن بعد ہی قرنطینہ سے باہر آگئے

بیلجیئم میں بھی ہلاکتوں میں اضافہ

یورپ کے دیگر ممالک کی طرح بیلجیئم میں بھی ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور اب تک ملک میں کورونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 513 ہو گئی ہے۔

ملک کی وزارت صحت کے حکام کے مطابق اب تک بیلجیئم میں 11ہزار 899 افراد وائرس کا شکار ہو چکے ہیں جبکہ 24 گھنٹے کے دوران کیسز رپورٹ ہونے کی رفتار میں کمی واقع ہوئی ہے۔

روس میں عبوری لاک ڈاؤن متعارف کرانے پر غور

ادھر روس کے وزیر اعظم میخائل میشستن نے گورنر کو ہدایت کی ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے عبوری لاک ڈاؤن متعارف کرانے پر غور کریں۔

روس میں ایک دن میں سب سے زیادہ 302 کیسز رپورٹ ہونے سے وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک ہزار 836 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 9 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: یورپ کا وہ ملک جو کورونا کے پھیلاؤ کے باوجود لاک ڈاؤن نہیں ہوا

دارالحکومت ماسکو میں پہلے ہی لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی جا چکی ہے جبکہ لاک ڈاؤن کا دائرہ کار ملک کے دیگر شہروں تک بڑھائے جانے کا قوی امکان ہے۔

فلپائن میں کورونا وائرس سے مزید 8 افراد کی ہلاکت کے بعد ملک میں وائرس مرنے والوں کی مجموعی تعداد 78ہو گئی ہے جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر ایک ہزار 546 ہو گئی ہے۔

سربیا نے وائرس سے نمٹنے کے لیے 5 ارب یوروز کے وسیع پیکج کا اعلان کیا ہے۔

صدر الیگزینڈرا ویوسک نے کہا کہ ملک کی 70 لاکھ سے زائد آبادی میں سے 18سال سے زائد عمر کی 50 لاکھ آبادی کو فی کس 100 یوروز دیے جائیں گے۔

مزید پڑھیں: ٹوکیو اولمپکس کی نئی تاریخوں کا اعلان، 2021 میں انعقاد ہوگا

سربیا میں اب تک کورونا وائرس سے 13افراد ہلاک اور 700 سے زائد وائرس کی زد میں آ چکے ہیں۔

چین میں دوبارہ سے کیسز رپورٹ ہونے سے ملک میں کورونا وائرس کی دوسری لہر آنے کا اندیشہ پیدا ہو گیا ہے۔

ارجنٹائن میں مستقل کیسز رپورٹ ہونے سے لاک ڈاؤن میں 12اپریل تک کی توسیع کردی گئی ہے۔

ارجنٹائن کے صدر البرٹو فرنینڈیز نے کہا کہ ہم ایسٹر کے اختتام تک قرنطینہ میں توسیع کر رہے ہیں تاکہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: کیا بچے کورونا وائرس کو آگے پھیلانے میں کردار ادا کررہے ہیں؟

ارجنٹائن میں اب تک 820 افراد وائرس کا شکار جبکہ 20 ہلاک ہو چکے ہیں۔

جنوبی کوریا میں مزید 78 نئے کیسز رپورٹ ہونے سے ملک میں وائرس کا شکار افراد کی تعداد 9 ہزار 661 ہو گئی ہے۔

ادھر افریقہ میں کورونا وائرس کے کیسز بڑھنے کے نتیجے میں نائجیریا نے حفاظتی اقدامات کرتے ہوئے ملک کی تین ریاستوں کو لاک ڈاؤن کردیا ہے۔

افریقہ میں سب سے زیادہ آبادی کے حامل شہر لاگوس، ابوجا اور اوگن میں پیر سے لاک ڈاؤن کا آغاز کردیا گیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024