• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm

کراچی: پابندیوں کی خلاف ورزی پر 88 ایف آئی آر درج، 38 مساجد کے امام زیر حراست

شائع March 28, 2020
— فائل فوٹو / اے ایف پی
— فائل فوٹو / اے ایف پی

کراچی پولیس نے حکومت سندھ کی جانب سے کورونا وائرس کے پیش نظر عائد کی گئیں پابندیوں کی خلاف ورزی پر 88 فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) درج کیں اور 38 امام مساجد کو گرفتار کرلیا۔

حکومت سندھ نے کووڈ-19 (کورونا وائرس) کے خلاف حفاظتی اقدامات کے طور پر گزشتہ روز صوبے بھر میں نماز باجماعت اور جمعہ کے اجتماع کو 5 اپریل تک معطل کرنے کا اعلان کیا تھا اور شہریوں کو گھروں تک محدود رہنے کی ہدایت کی تھی۔

مزید پڑھیں:سندھ، بلوچستان میں نماز کے اجتماعات پر پابندی

پولیس کے مطابق ایف آئی آر تعزیرات پاکستان کے سیکشن 186، 188، 269 اور سندھ وبائی امراض ایکٹ 2014 کی دفعہ 4 کے تحت درج کی گئی ہیں۔

ایف آئی آر کے اندراج کے حوالے سے پولیس کا کہنا تھا کہ ضلع وسطی میں 21 مقدمات درج کیے گئے ہیں اور 23 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے، ضلع شرقی میں 20 ایف آئی آر ، ضلع کورنگی میں 12 ایف آئی آر اور 2 گرفتاریاں عمل میں لائی گئی ہیں۔

پولیس کا کہنا تھا کہ ضلع ملیر میں 16 ایف آئی آر درج کی گئی ہیں اور 6 افراد حراست میں ہیں، ضلع غربی میں 8 ایف آئی آر اور 3 افراد رفتار، ضلع جنوبی میں 3 ایف آئی آر اور ایک شہری گرفتار اور شہر کے دیگر علاقوں میں 8 ایف آئی آر کے اندراج کے ساتھ ساتھ 3 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

سینئر پولیس افسر کا کہنا تھا کہ تمام مکتبہ فکر کے امام مساجد نے مبینہ طور پر پابندیوں کی خلاف ورزی کی تھی، ان میں وہ آئمہ حضرات بھی شامل ہیں جن کے رہنماؤں نے حکومتی پابندیوں کی حمایت کی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز شہر کی مساجد میں جمعہ کے اجتماعات میں لوگوں کی کم تعداد جمع ہوئی تھی جو بمشکل 100 سے 150 کے درمیان تھی، میمن مسجد میں نمازیوں کو روکا گیا تھا جہاں 500 افراد جمع ہوئے تھے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ نیو میمن مسجد اور ڈیفنس کی بیت السلام مسجد کے خطیب، موذن اور مساجد کے خادموں کو بھی ایف آئی آر میں نامزد کردیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:وزیراعلیٰ سندھ کی شام 5 بجے سے دکانیں بند کرنے کی ہدایت

سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر نماز کے اجتماعات پر پابندی کے احکامات کا اعلان کیا تھا۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا تھا کہ مسجد کی انتظامیہ سمیت صرف 5 افراد کو مسجد میں نماز ادا کرنے کی اجازت ہوگی۔

بعد ازاں وزیر اعلیٰ سندھ نے انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس کو صوبے میں لاک ڈاؤن مزید سخت کرنے کے لیے شام 5 بجے دکانیں بند کرنے کی ہدایت کردی تھی۔

وزیراعلیٰ سندھ کے ترجمان عبدالرشید چنا نے اس حوالے سے بتایا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی ہے کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں اب رات 8 بجے کے بجائے شام 5 بجے دکانیں بند کی جائیں۔

دوسری جانب پنجاب حکومت نے بھی اسی طرح کی پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے والے 5 مساجد کے اماموں کو گرفتار کرلیا جہاں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد سندھ سے زیادہ ہوگئی ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں اب تک کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 1415 تک پہنچ گئی ہے جس میں پنجاب سرفہرست ہے جہاں 497، سندھ میں 457، خیبر پختونخوا میں 180، بلوچستان میں 133، گلگت بلتستان میں 107، اسلام آباد میں 39 اور آزاد کشمیر میں 2 کیسز کی تصدیق ہوگئی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 26 نومبر 2024
کارٹون : 25 نومبر 2024