• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

کورونا وائرس: چین سے طبی سامان اور ماہر ڈاکٹرز کی ٹیم پاکستان پہنچ گئی

شائع March 28, 2020
8 چینی ڈاکٹرز پاکستان پہنچے ہیں—فوٹو: چینی 
 سفارتخانہ ٹوئٹر
8 چینی ڈاکٹرز پاکستان پہنچے ہیں—فوٹو: چینی سفارتخانہ ٹوئٹر

کورونا وائرس کے خلاف جاری جنگ میں چین کی جانب سے پاکستان کی مدد کا سلسلہ جاری ہے اور اب دوست ملک سے 8 ماہر ڈاکٹرز کی ٹیم اور امداد کی ایک اور کھیپ پاکستان پہنچ گئی۔

ریڈیو پاکستان نے رپورٹ کیا کہ چین کا خصوصی طیارہ امدادی سامان لے کر اسلام آباد کے ایئرپورٹ پر اترا، جہاں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، سیکریٹری خارجہ، چیئرمین این ڈی ایم اے، پاکستان میں چینی سفیر نے چینی عملے کا استقبال کیا۔

اس خصوصی پرواز میں آنے والے 8 چینی ڈاکٹرز کورونا وائرس کا علاج کرنے میں ماہر ہیں۔

مزید پڑھیں: علی بابا فاؤنڈیشن کا پہلا طیارہ طبی سامان لے کر پاکستان پہنچ گیا

یہ ڈاکٹرز 2 ہفتوں تک پاکستان میں رہیں گے اور چین میں کورونا وائرس سے لڑنے میں اپنے تجربے کے بارے میں پاکستانی ماہرین کو مشورے فراہم کریں گے۔

اسلام آباد میں چینی ٹیم کے استقبال کے بعد میڈیا سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہماری پہلی ترجیح ہے کہ صحت کے عملے کو محفوظ کریں جو اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر قومی خدمت انجام دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری دوسری ترجیح یہ ہے کہ ملک میں موجود وینٹی لیٹرز کی تعداد کو دوگنا کردیں اور ہماری خواہش ہے کہ ہماری ٹیسٹنگ کی صلاحیت کو بھی دوگنا کیا جاسکے۔

بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایک واک تھرو اسکینر بھی پاکستان آجائے گا جس سے ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: ملک میں 3 صحافی کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں، معاون خصوصی

وزیر خارجہ نے چین سے آنے والے ڈاکٹرز کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہم ان کے تجربوں سے مستفید ہوں گے۔

واضح رہے کہ یہ 3 روز میں تیسری چینی امدادی کھیپ ہے جو پاکستان پہنچی ہے اور بحران کے اس وقت میں چین نے پاکستان کی مدد میں سب سے پہلے حصہ ڈالا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اب تک پاکستان آنے والی چینی امداد میں 12 ہزار ٹیسٹنگ کٹس، 3 لاکھ ماسک، 10 ہزار حفاظتی سوٹ اور آئیسولیشن ہسپتال کی تعمیر کے لیے 40 لاکھ ڈالر کی امداد شامل ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے نئے کیسز سامنے آنے کا سلسلہ جاری ہے اور ملک کے مختلف حصوں میں مزید متاثرہ افراد سامنے آنے سے مجموعی تعداد 1398 ہوگئی ہے۔

اس مہلک وائرس سے گزشتہ روز پنجاب میں 2 اموات بھی سامنے آئیں تھیں جس کے بعد اب تک ملک میں وائرس سے جان کی بازی ہارنے والوں کی تعداد 11 ہوچکی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024