• KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm

حمزہ شہباز نے کورونا وائرس کو بنیاد بنا کر ضمانت کیلئے رجوع کرلیا

شائع March 28, 2020
حمزہ شہباز—فائل فوٹو: ڈان نیوز
حمزہ شہباز—فائل فوٹو: ڈان نیوز

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر حمزہ شہباز نے کورونا وائرس کی وجہ سے قیدیوں کے لیے پیدا ہونے والے 'ممکنہ جان لیوا خطرے' کو بنیاد بناتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ میں ضمانت کی درخواست دائر کردی۔

صوبائی دارالحکومت کی عدالت عالیہ میں اپنے وکیل کے توسط سے دائر درخواست میں حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ عالمی وبا کورونا وائرس ملک میں ایک خطرناک صورتحال کا باعث بن رہا ہے جبکہ دنیا بھر میں ایک ایمرجنسی جیسی صورتحال ہے۔

ڈان کو دستیاب اس درخواست کی نقل کے مطابق حمزہ شہباز نے مؤقف اپنایا کہ ایک جیل میں محدود جگہ سماجی فاصلے کی پالیسی پر عملی طور پر عمل درآمد ناممکن بنا دیتی ہے، قیدی کمزور ہوتے ہیں اور اس وائرس کے پھیلنے سے ناقابل تلافی نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔

مزید پڑھیں: لاہور ہائیکورٹ: منی لانڈرنگ کیس میں حمزہ شہباز کی درخواستِ ضمانت مسترد

انہوں نے کہا کہ خدانخواستہ جیل میں اس کے پھیلنے سے ممکنہ طور پر قیدیوں کی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہے۔

عدالت میں دائر درخواست میں کہا گیا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے حمزہ شہباز کی گرفتاری کو 10 ماہ گزرنے کے باوجود ابھی تک احتساب کے ادارے نے ان کے خلاف کوئی ریفرنس دائر نہیں کیا۔

واضح رہے کہ نیب اس وقت حمزہ شہباز شریف کے خلاف کرپشن کے مقدمات میں تحقیقات کر رہا ہے اور آج یہ ضمانت کی درخواست منی لانڈرنگ و آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں دائر کی گئی ہے۔

یہاں یہ مدنظر رہے کہ رواں سال 6 فروری کو پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کو رمضان شوگر ملز کیس میں ضمانت بعد از گرفتاری دی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: نیب نے حمزہ شہباز کو احاطہ عدالت سے گرفتار کرلیا

خیال رہے کہ 11 فروری کو لاہور ہائی کورٹ نے منی لانڈرنگ کیس میں مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی۔

منی لانڈرنگ کیس

واضح رہے کہ گزشتہ برس 11 جون کو نیب نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کو منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثوں کے مقدمات میں گرفتار کیا تھا۔

نیب کا الزام ہے کہ حمزہ شہباز شریف کے 38 کروڑ 80 لاکھ کے اثاثے ان کی آمدن سے مطابقت نہیں رکھتے۔

انہوں نے بتایا تھا کہ 2015 سے 2018 تک حمزہ شہباز نے اثاثے ظاہر نہیں کیے اچانک حمزہ شہباز نے 2019 میں کہا کہ ان کے اثاثے 5 کروڑ سے 20 کروڑ ہو گئے ہیں۔

تاہم 6 فروری کو لاہور ہائی کورٹ نے رمضان شوگر ملز ریفرنس کیس میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز کی ضمانت منظور کرلی تھی۔

تبصرے (1) بند ہیں

Khan Mar 28, 2020 05:29pm
حمزہ شہباز کو تمام قیدیوں کی ضمانت پر رہائی کی درخواست دائر کرنی چاہیے۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024