• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

والد کے انتقال کے 24 گھنٹے بعد ہی بیٹی بھی کورونا وائرس سے ہلاک

شائع March 28, 2020
فوٹو: دی سن
فوٹو: دی سن

ہیتھرو ایئرپورٹ کے امیگریشن افسر سدھیر شرما کی کورونا وائرس سے ہلاکت کے 24 گھنٹے بعد ہی ان کی بیٹی پوجا بھی کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد انتقال کرگئیں۔

دی سن کی رپورٹ کے مطابق ٹرمینل 3 پر کام کرنے والے 61 سالہ سدھیر شرما کی کورونا وائرس سے ہلاکت کے بعد ان کی فارماسسٹ بیٹی 33 سالہ پوجا بھی جان کی بازی ہار گئیں۔

ایئرپورٹ اہلکاروں کا ماننا ہے کہ سدھیر شرما ڈیوٹی کے دوران کورونا وائرس سے متاثر نہیں ہوئے بلکہ انہیں یہ وائرس کہیں اور سے لگا، کیوں کہ وہ آخری مرتبہ 7 جنوری کو ڈیوٹی پر آئے تھے۔

ایئرپورٹ اہلکاروں کے مطابق ’یہ نہایت افسوسناک خبر ہے، سدھیر شرما بہترین انسان تھے، ڈیوٹی پر ہر کوئی ان کی ہی بات کررہا ہے‘۔

مزید پڑھیں: برطانوی وزیراعظم بھی کورونا کا شکار

انہوں نے مزید کہا کہ ’سدھیر کی بیوہ ان کی آخری رسومات میں بھی شریک نہیں ہوسکیں گی اور یہ بھی افسوسناک بات ہے‘۔

رپورٹ کے مطابق سدھیر شرما کئی سالوں سے متعدد بیماریوں کے باعث علیل رہے جس کی وجہ سے وہ کئی کئی دن ڈیوٹی پر بھی نہیں آتے تھے۔

دوسری جانب سدھیر شرما کی بیٹی پوجا لندن کے ایسٹ برن ڈسٹرک ہسپتال میں فارماسسٹ تھیں، ان کے انتقال سے چند روز قبل ہی ان میں کورونا کی تصدیق ہوئی تھی جس کے بعد ان کا علاج جاری تھا۔

رپورٹ کے مطابق یہ واضح نہیں ہوسکا کہ پوجا اپنے والد کی وجہ سے کورونا وائرس کا شکار ہوئیں یا انہیں وائرس کہیں اور سے منتقل ہوا تھا۔

ہیتھرو ایئرپورٹ پر بارڈر فورس کے ڈائیریکٹر نک جریوالا نے سدھیر شرما کے حوالے سے کہا کہ ’سدھیر ایک بہترین انسان تھے، وہ ایک تجربہ کار افسر تھے، انہیں سب ہمیشہ یاد رکھیں گے‘۔

دوسری جانب پوجا کی ایک دوست نے ان کے بارے میں لکھا کہ وہ اور پوجا یونیورسٹی کے ساتھی ہیں، ان کے انتقال کی خبر سن کر بےحد دکھ ہوا۔

خیال رہے کہ اس وقت جن ممالک میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے، ان میں برطانیہ بھی شامل ہے، جہاں کورونا وائرس سے اب تک ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 759 تک جا پہنچی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: چین سے طبی سامان اور ماہر ڈاکٹرز کی ٹیم پاکستان پہنچ گئی

برطانیہ نے وبا سے نمٹنے کے لیے جزوی لاک ڈاؤن نافذ کر رکھا ہے جب کہ ٹرانسپورٹ و کاروباری اداروں کو بھی بند کردیا گیا ہے۔

28 مارچ (آج) دوپہر ڈھائی بجے تک ویب سائٹ پر فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق اٹلی، اسپین اور چین میں تاحال سب سے زیادہ اموات ریکارڈ کی گئیں۔

مجموعی ہلاکتوں کی تعداد اٹلی میں 9 ہزار 134، اسپین میں 5 ہزار 138 اور چین (ووہان) میں 3 ہزار 177ریکارڈ کی گئیں۔

علاوہ ازیں امریکا میں وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد ایک ہزار 700 تک پہنچ چکی تھی۔

ویٹ سائٹ پر فراہم کردہ معلومات کے مطابق دنیا کے 10 ممالک میں 4 لاکھ 92 ہزار 775 افراد جبکہ دنیا کے دیگر ممالک میں ایک لاکھ 5 ہزار 407 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہیں۔

دنیا کے 10 بڑے متاثرہ ممالک میں ترتیب وار امریکا، اٹلی، چین، اسپین، جرمنی، فرانس، ایران، برطانیہ، سوئزرلینڈ اور جنوبی کوریا شامل ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024