• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

خیبرپختونخوا: پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی میں کورونا کی تشخیص

شائع March 27, 2020
رکن صوبائی اسمبلی—اسکرین شاٹ
رکن صوبائی اسمبلی—اسکرین شاٹ

خیبرپختونخوا کے ضلع مردان سے منتخب ہونے والے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن صوبائی اسمبلی میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص ہوگئی۔

اپنے ایک ویڈیو پیغام میں رکن خیبرپختونخوا اسمبلی عبدالسلام آفریدی نے کہا کہ مجھے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر کوئی افسوس نہیں ہے کیونکہ میرے حلقے کے عوام نے مجھے منتخب کیا تھا اور وہ تکلیف میں تھے تو میرے ضمیر نے مجھے اجازت نہیں دی کہ میں اپنے حلقے کے عوام کو اس مشکل کی گھڑی میں تنہا چھوڑ دوں۔

یہ بھی پڑھیں: پی پی پی کے صوبائی وزیر سعید غنی میں کورونا وائرس کی تشخیص

انہوں نے کہا کہ میں اس عوام کے لیے اپنی زندگی قربان کرنے کو تیار ہوں اور میرے ضمیر نے مجھے یہ اجازت نہیں دی کہ میں عوام کو تنہا چھوڑوں، میں عمران خان کا ایک ادنیٰ سا سپاہی ہوں اور میں بہت جلد صحتیاب ہوکر عوام کے درمیان موجود ہوں گا اور عوام کی اسی طرح خدمت کرتا رہوں گا۔

اپنے پیغام میں انہوں نے پاکستانی عوام سے درخواست کی کہ کورونا وائرس کے معاملے میں حکومتی تدابیر عمل کریں اور حکومتی اداروں سے تعاون کرتے ہوئے کورونا کو پھیلانے سے روکیں کیونکہ ہم نے کورونا سے ڈرنا نہیں لڑنا ہے۔

خیال رہے کہ عبدالسلام آفریدی مردان سے منتخب رکن صوبائی اسمبلی ہیں اور اسی ضلع میں یوسی منگا بھی شامل ہے جہاں کورونا وائرس سے پاکستان کی پہلی ہلاکت سامنے آئی تھی۔

مردان کی اس یوسی میں پہلی ہلاکت سامنے آنے کے بعد اس پورے علاقے کو مکمل طور پر سیل کردیا گیا تھا۔

یہی نہیں بلکہ اس وائرس سے متاثرہ یوسی کے مختلف لوگوں کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ بھی لیے گئے تھے۔

مذکورہ ٹیسٹ کے حوالے سے گزشتہ دنوں وزیر صحت خیبرپختونخوا تیمور جھگڑا نے بتایا تھا کہ منگا یوسی میں46 افراد میں سے 39 کے ٹیسٹ مثبت آئے۔

مزید پڑھیں: وفاقی حکومت کا گڈز ٹرانسپورٹ پر پابندی ختم کرنے کا فیصلہ

یہاں یہ بھی واضح رہے کہ کورونا وائرس سے صوبہ سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی بھی متاثر ہوئے تھے اور ان کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔

انہوں نے بتایا تھا کہ انہوں نے کورونا وائرس کا ٹیسٹ کروایا جس کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا تھا کہ تاحال جو علامات اس وائرس کی بتائی جاتی ہیں ان میں سے انہیں کچھ محسوس نہیں ہورہا اور وہ خود کو بالکل صحتمند محسوس کررہے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024