• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

پی آئی اے کو برطانیہ، کینیڈا کیلئے خصوصی پروازیں بھیجنے سے روک دیا گیا

شائع March 27, 2020
قومی ایئرلائن کے لیے مسافروں اور عملے کی صحت اور تحفظ سب سے اہم عنصر ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
قومی ایئرلائن کے لیے مسافروں اور عملے کی صحت اور تحفظ سب سے اہم عنصر ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

راولپنڈی: کینیڈا اور برطانیہ میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافے کی وجہ سے حکومت، پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کو ان دونوں ممالک کے لیے 4 خصوصی پروازیں چلانے کی اجازت واپس لینے پر مجبور ہوگئی۔

پی آئی اے ترجمان عبداللہ حفیظ نے ایک بیان میں کہا کہ برطانیہ اور کینیڈا میں کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد میں حالیہ اضافے کے تناظر میں حکومت نے شہریوں کی صحت اور تحفظ کو مدِ نظر رکھتے ہوئے پی آئی اے کو خصوصی پروازوں کے لیے دی گئی اجازت واپس لے لی۔

عبداللہ حفیظ نے کہا کہ حکومتی فیصلے کے پیشِ نظر پی آئی اے نے لندن، مانچسٹر، برمنگھم اور ٹورنٹو کے لیے جمعے اور ہفتے کو شیڈول کی جانے والی پروازوں کا منصوبہ منسوخ کردیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پی آئی اے کو مسافروں کو پیش آنے والی زحمت پر افسوس ہے لیکن قومی ایئرلائن کے لیے مسافروں اور عملے کی صحت اور تحفظ سب سے اہم عنصر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: پاکستان نے 2 ہفتوں کیلئے تمام بین الاقوامی پروازیں معطل کردیں

انہوں نے کہا کہ ’اس تبدیلی سے مایوسی ہوسکتی ہے لیکن عالمی وبا حکام اور حکومتوں کو اس چیلنج سے نمٹنے اور عوام کا زیادہ سے زیادہ تحفظ یقینی بنانے کے لیے مسلسل اپنی حکمت عملی پر نظرِ ثانی کرنے پر مجبور کررہی ہے‘۔

ترجمان نے مسافروں سے کہا کہ مزیید معلومات اور اپڈیٹ کے لیے پی آئی اے کے کال سینٹر پر رابطہ کریں، ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ ’محفوظ رہیں، صحتمند رہیں اور گھروں میں رہیں‘۔

قبل ازیں بدھ کو پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز نے پاکستان میں پھنسے افراد کے لیے انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر بین الاقوامی روٹ پر 4 خصوصی پروازیں چلانے کا فیصلہ کیا تھا۔

ترجمان پی آئی اے عبداللہ حفیظ نے کہا تھا کہ 4 پروازوں میں سے 3 پروازیں برطانیہ جبکہ ایک کینیڈا کے لیے چلائی جائے گی۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس: پاکستان کا ایران سے براہ راست پروازیں معطل کرنے کا اعلان

اس سلسلے میں پی آئی اے کی پرواز پی کے-781 کو 27 مارچ جمعے کو لاہور سے ٹورنٹو کے لیے روانہ ہونا تھا جبکہ ہفتہ 28 مارچ کو اسلام آباد سے پی کے-709 کو مانچسٹر کے لیے اڑان بھرنی تھی۔

اسی طرح ہفتہ 28 مارچ کو ایک اور پرواز پی کے-757 اسلام آباد سے لندن روانہ ہونی تھی جبکہ پی کے-791 اسی روز اسلام آباد سے برمنگھم کے لیے اڑان بھرنے والی تھی۔

تاہم برطانیہ اور کینیڈا میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں اضافے کی وجہ سے حکومت نے 4 خصوصی پروازیں چلانے کے لیے دی گئی اجازت واپس لے لی۔


یہ خبر 27 مارچ 2020 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024