• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

کورونا وائرس: علیم ڈار کی بیروزگار افراد کو اپنے ریسٹورنٹ میں مفت کھانے کی پیشکش

شائع March 26, 2020 اپ ڈیٹ April 1, 2020
علیم ڈار اب تک سب سے زیادہ 129ٹیسٹ میچوں میں امپائرنگ کے فرائض انجام دے چکے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
علیم ڈار اب تک سب سے زیادہ 129ٹیسٹ میچوں میں امپائرنگ کے فرائض انجام دے چکے ہیں— فوٹو: اے ایف پی

عالمی شہرت یافتہ پاکستانی امپائر علیم ڈار نے کورونا وائرس کے سبب بیروزگار ہونے والے افراد کو اپنے ریسٹورنٹ میں مفت کھانے کی پیشکش کی ہے۔

دنیا بھر میں تباہی مچانے والے کورونا وائرس سے اب تک 180 سے زائد ملک متاثر ہو چکے ہیں اور اب تک وائرس سے دنیا بھر میں تقریباً 23 ہزار افراد متاثر ہو چکے ہیں۔

مزید پڑھیں: سب سے زیادہ ٹیسٹ میچوں میں امپائرنگ کا عالمی ریکارڈ علیم ڈار کے نام

وائرس کے پھیلاؤ کو دیکھتے ہوئے دنیا بھر کے کھلاڑیوں، اداکاروں سمیت متعدد مشہور شخصیات نے عطیات دینے کا اعلان کیا ہے اور ریکارڈ ساز امپائر علیم ڈار بھی اس کار خیر میں پیش پیش ہیں۔

مشہور انٹرنیشنل امپائر نے ملک میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے سبب اپنے ریسٹورنٹ میں بیروزگاروں کو مفت کھانا کھلانے کا اعلان کیا ہے۔

ایک خصوصی ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس پوری دنیا میں پھیل چکا ہے اور اس کے اثرات پاکستان میں بھی آ چکے ہیں اور میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کو اس آفت سے محفوط رکھے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان اور صوبائی حکومتیں اس سلسلے میں ہدایات جاری کر چکی ہیں اور جب تک ہم لوگوں کی سپورٹ اس میں شامل نہیں ہو گی اس وقت حکومتیں اس میں کامیاب نہیں ہو سکتیں۔

لگاتار تین مرتبہ سال کے بہترین امپائر کا ایوارڈ جیتنے والے علیم ڈار نے عوام سے درخواست کی کہ وہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: اٹلی میں 7ہزار ہلاکتیں، عالمی سطح پر 22ہزار سے زائد اموات

علیم ڈار نے کہا کہ اس وائرس کے باعث پیدا ہونے والے بحران کی وجہ سے کئی لوگ بے روزگار ہوئے ہیں اور بے روزگار افراد کے لیے میری طرف سے پیشکش ہے کہ وہ پی آئی اے روڈ پر واقع میرے ریسٹورنٹ 'ڈار جلیٹو' میں آ کر وہاں مفت کھانا کھا سکتے ہیں۔

انہوں نے اپنے خصوصی ویڈیو پیغام کے اختتام پر دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مسلمانوں سمیت پوری دنیا کو اس وائرس سے محفوظ رکھے۔

یاد رہے کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی کورونا وائرس کے کیسز ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھتے جا رہے ہیں اور اب تک ملک بھر میں کم از کم 1100 افراد متاثر جبکہ 9 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024