• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

لاہور ہائیکورٹ کا خواتین، کم عمر اور معمولی جرائم میں قید افراد کی ضمانت پر رہائی کا حکم

شائع March 26, 2020
ڈی جی ڈائریکٹوریٹ آف ڈسٹرکٹ جوڈیشری نے صوبے بھر کے تمام سیشن ججز کو مراسلہ ارسال کردیا۔ - فائل فوٹو:اے ایف پی
ڈی جی ڈائریکٹوریٹ آف ڈسٹرکٹ جوڈیشری نے صوبے بھر کے تمام سیشن ججز کو مراسلہ ارسال کردیا۔ - فائل فوٹو:اے ایف پی

لاہور ہائیکورٹ نے کورونا وائرس کے پیش نظر پنجاب کی تمام جیلوں سے خواتین، کم عمر اور معمولی جرائم میں قید افراد کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

ڈی جی ڈائریکٹوریٹ آف ڈسٹرکٹ جوڈیشری نے صوبے بھر کے تمام سیشن ججز کو مراسلہ ارسال کردیا۔

مراسلے میں کہا گیا کہ کورونا سے بچاؤ کے لیے معمولی نوعیت کے مقدمات میں قید ملزمان کی ضمانت کی درخواستیں متعلقہ جیل سپرنٹنڈنٹس کو دائر کرنے کی ہدایت کی جائے۔

مزید پڑھیں: 'حکومت قیدیوں کو کورونا وائرس سے تحفظ فراہم کرے'

لاہور ہائی کورٹ نے متعلقہ سیشن ججز کو ہدایت کی کہ ضمانت کی درخواستیں سماعت کے لیے مقرر کریں۔

مراسلے میں کہا گیا کہ 7 سات سے کم قید والے، کم عمر اور خواتین قیدیوں کی ضمانت کی درخواستیں ترجیحی بنیادوں پر منظور کی جائیں۔

مزید کہا گیا کہ 7 سال سے زائد قید والے ملزمان کی ضمانت کی درخواستیں جیل سپرنٹنڈنٹس براہ راست لاہور ہائی کورٹ میں دائر کریں۔

ہائی کورٹ نے ہدایت کی کہ متعلقہ ڈی پی او رہائی پانے والے قیدیوں کے عام افراد میں ملنے پر نظر رکھیں گے اور قید سے چھوٹنے والے قیدیوں کو مکمل تنہائی میں رہنے کا حکم دیا جائے۔

مراسلے میں کہا گیا کہ جیلوں میں داخل ہونے والے نئے قیدیوں کو بھی مکمل تنہائی میں رکھا جائے تاہم انسداد دہشت گردی کی خصوصی دفعات کے تحت قید ملزمان پر ان ہدایات کا اطلاق نہیں ہوگا۔

لاہور ہائی کورٹ نے کہا کہ ججز ترجیحی بنیادوں پر ضمانت کی درخواستیں سنیں اور قانون کے مطابق فیصلے کریں۔

یہ بھی پڑھیں: ملک میں ضرورت کے مطابق اشیائے خورونوش کے ذخائر موجود ہیں، خسرو بختیار

خیال رہے کہ اس سے قبل اسلام آباد ہائی کورٹ نے بھی کورونا وائرس کے پیش نظر 408 قیدیوں کی ضمانت پر مشروط رہائی کا حکم دیا تھا۔

واضح رہے کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہوتا جارہا ہے اور یہ تعداد ایک ہزار ایک سو سے تجاوز کر گئی ہے۔

اگر ملک میں مجموعی تعداد پر نظر ڈالیں تو اس وائرس سے سب سے زیادہ صوبہ سندھ متاثر ہے جہاں متاثرین کی تعداد 421 ہے جبکہ پنجاب 335 متاثرین کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔

اسی طرح بلوچستان میں 131 افراد جبکہ خیبرپختونخوا میں 121 افراد وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔

مزید برآں اسلام آباد میں 25 اور آزاد کشمیر میں 85 شخص متاثر ہیں۔

علاوہ ازیں ملک میں 8 اموات ہوچکی ہیں جبکہ 21 افراد صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024