• KHI: Fajr 5:57am Sunrise 7:18am
  • LHR: Fajr 5:36am Sunrise 7:03am
  • ISB: Fajr 5:44am Sunrise 7:13am
  • KHI: Fajr 5:57am Sunrise 7:18am
  • LHR: Fajr 5:36am Sunrise 7:03am
  • ISB: Fajr 5:44am Sunrise 7:13am

وزیراعلیٰ پنجاب اور کابینہ اراکین کا ایک ماہ کی تنخواہ کورونا فنڈ میں دینے کا اعلان

شائع March 24, 2020
وزیراعلیٰ پنجاب—فوٹو: ڈان نیوز
وزیراعلیٰ پنجاب—فوٹو: ڈان نیوز

وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنی اور اپنے کابینہ اراکین کی ایک ماہ کی تنخواہ کورونا بچاؤ فنڈ میں دینے کا اعلان کردیا۔

لاہور میں صوبائی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے سب سے پہلے کورونا کا علاج کرنے کے دوران فوت ہونے والے ڈاکٹر اسامہ کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ نے محکمہ صحت کو جاری کرنے کے لیے 11 ارب روپے کی منظوری دے دی جس میں پی ڈی ایم اے کو 2 ارب جبکہ ضلعی حکومتوں کو 60 کروڑ روپے اور بلوچستان حکومت کو دیے جانے والے ایک ارب روپے کی توثیق شامل ہے۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس: پنجاب میں 14 روز کیلئے جزوی لاک ڈاؤن کا اعلان

وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ محکمہ صحت کو کہا گیا ہے کہ ذاتی تحفظ کے آلات کی خریداری فوری طور پر مکمل کی جائے جبکہ 8 لیبارٹریز کو فعال کیا جائے، اس سلسلے میں 62 کروڑ روپے کے فنڈز فراہم کردیے گئے ہیں۔

بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبائی کابینہ میں غور کیا گیا کہ اس مرتبہ زکوٰۃ کی کٹوتی جلد کردی جائے، اس سلسلے میں وفاقی کابینہ کو تجویز دی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ تمام اضلاع میں بیت المال فنڈز ریلیز کیے جارہے ہیں۔

اسکولز کی تعطیلات سے متعلق انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے اور نجی اسکولز کی فیس کے معاملے پر ایک کمیٹی بنائی ہے جو ایک ہفتے میں رپورٹ دے گی۔

پنجاب کے وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ کابینہ نے صوبے میں 10ہزار ڈاکٹرز و پیرامیڈکس کی بھرتی کی منظوری دے دی ہے، اس میں ریٹائرڈ ڈاکٹر بھی شامل ہے۔

بلدیاتی انتخابات سے متعلق انہوں نے کہا کہ ہم ایک آرڈیننس لارہے ہیں جس کے تحت ان انتخابات کو 9 ماہ کے لیے ملتوی کررہے ہیں۔

ساتھ ہی وزیراعلیٰ نے بتایا کہ انہوں نے اور ان کی کابینہ نے اپنی ایک ماہ کی تنخواہ کورونا بچاؤ فنڈ کے لیے مختص کردی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: پنجاب میں پہلی ہلاکت، ملک میں 903 متاثرین ہوگئے

خیال رہے کہ پنجاب میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت سامنے آچکی ہے جبکہ صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 265 تک جا پہنچی ہے۔

صوبے میں بڑھتے کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر پنجاب میں جزوی لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تھا جس کا آغاز آج سے ہوگیا۔

اس لاک ڈاؤن میں 14 روز کے لیے صوبے کے بازار، شاپنگ مالز، نجی و سرکاری ادارے، پبلک ٹرانسپورٹ، ریسٹورنٹس، پارکس، سیاحتی مقامات بند رہیں گے جبکہ ڈبل سواری پر بھی پابندی ہوگی۔

کارٹون

کارٹون : 4 جنوری 2025
کارٹون : 3 جنوری 2025