شہباز شریف کا شرح سود اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں 70روپے کمی کا مطالبہ
مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے موجودہ حالات میں شرح سود کے ساتھ ساتھ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی 70روپے فی لیٹر تک کمی کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے منگل کو ویڈیو لنک کے ذریعے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شرح سود میں بھی 3 سے 4فیصد تک کمی کی تجویز پیش کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ شرح سود میں کمی سے حکومت کو فائدہ یہ ہو گا کہ قرضے کی مدد میں 80ارب کی بچت ہو گی اور اگر آئی ایم ایف اس پر اعتراض کرے تو ہمیں آئی ایم ایف کو بھی خداحافظ کہنا چاہیے کیونکہ یہ قوم کا مسئلہ ہے۔
شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں 70روپے لیٹر تک کمی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سے عام آدمی کو فائدہ ہو گا اور حکومت کو کوئی نقصان نہیں ہو گا کیونکہ عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمتیں تاریخ کی کم ترین سطح پر ہیں۔