• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

کورونا وائرس: پاکستان ریلوے نے ٹرین سروس معطل کردی

شائع March 24, 2020
پاکستان ریلوے نے یہ فیصلہ کورونا وائرس کے باعث کیا — فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان ریلوے نے یہ فیصلہ کورونا وائرس کے باعث کیا — فائل فوٹو: اے ایف پی

ملک میں بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر مسافر ٹرین سروس کو عارضی طور پر معطل کردیا گیا۔

نوٹیفکیشن کا عکس—تصویر: سید وسیم
نوٹیفکیشن کا عکس—تصویر: سید وسیم

اس حوالے سے جاری پاکستان ریلوے کے نوٹیفکیشن کے مطابق ٹرین سروس کی معطلی کا اطلاق رات 12 بجے سے 31 مارچ تک 7 روز کے لیے ہوگا۔

مذکورہ اعلامیے میں بتایا گیا کہ مسافروں کے ٹکٹ کی رقم ٹرین سروس کی بحالی پر دوبارہ ٹکٹ استعمال کرنے یا رقم کی واپسی کی صورت میں کردی جائے گی۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس: مزید نئے کیسز سے ملک میں متاثرین کی تعداد 903 ہوگئی

علاوہ ازیں ایسی رپورٹس بھی زیر گردش تھی کہ پاکستان ریلوے نے اپنا جاری کیا گیا نوٹیفکیشن واپس لے لیا، تاہم ترجمان ریلوے طارق اسد نےبتایا کہ آج رات 12 بجے سے پہلے چلنے والی تمام ٹرینیں اپنی منزلوں پر شیڈیول کے مطابق روانہ ہونگی اور اس معطلی کا اطلاق مسافر ٹرینوں پر ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ اس مسافر ٹرینوں کی معطلی کے باوجود فریٹ ٹرینیں معمول کے مطابق چلیں گی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل محکمہ ریلوے نے پہلے 12 ٹرینیں بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔

وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا تھا کہ ملک میں کورونا وائرس کے پیشِ نظر مسافروں کی تعداد کم ہونے کی وجہ سے 34 ٹرینیں 15 رمضان تک بند رہیں گی۔

اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا تھا کہ 12 ٹرینیں پہلے چلنا بند ہوں گی جس میں خوشحال خان خٹک، شاہ لطیف اور راوی شامل ہیں جبکہ باقی ٹرینیں 24 مارچ کی رات سے بند ہوجائیں گی۔

یہاں یہ بھی مدنظر رہے کہ کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے خطرے کے پیش نظر پاکستان پہلے ہی دو 2 ہفتوں کے لیے تمام بین الاقوامی پروازوں کی آمد کو معطل کردیا تھا۔

21 مارچ کی رات 8 بجے سے دو ہفتوں کے لیے تمام بین الاقوامی پروازوں کو معطل کیا گیا تھا اور یہ 4 اپریل کی شام 8 بجے تک پاکستان آنے والی پروازیں معطل رہیں گی۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہوتا جارہا ہے اور یہ تعداد 900 سے تجاوز کر گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: پاکستان نے 2 ہفتوں کیلئے تمام بین الاقوامی پروازیں معطل کردیں

اگر ملک میں مجموعی تعداد پر نظر ڈالیں تو اس وائرس سے سب سے زیادہ صوبہ سندھ متاثر ہے جہاں متاثرین کی تعداد 394 ہے جبکہ پنجاب 265 متاثرین کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے

اسی طرح بلوچستان میں 110 افراد جبکہ خیبرپختونخوا میں 38 افراد وائرس کا شکار ہوچکے ہیں، مزید برآں اسلام آباد میں 15، گلگت بلتستان 80 اور آزاد کشمیر میں ایک شخص متاثر ہے۔

اس عالمی وبا سے نمٹنے کے لیے چاروں صوبوں، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں سول انتظامیہ کی مدد کیلئے فوج تعینات کردی گئی ہے جبکہ تاہم صوبوں اور دیگر علاقوں کی جانب سے اپنی حدود میں لاک ڈاؤن اور مختلف طرح کی پابندیاں عائد کردی گئی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024