• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

اٹلی میں 95 سالہ خاتون کورونا وائرس کو شکست دینے میں کامیاب

شائع March 23, 2020
— فوٹو بشکریہ ٹیلیگراف
— فوٹو بشکریہ ٹیلیگراف

اٹلی میں 95 سالہ خاتون نئے نوول کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووڈ 19 کو شکست دینے والی ملک کی معمر ترین شخصیت بن گئی ہیں۔

خیال رہے کہ چین کے بعد اٹلی اس وبا سے متاثر ہونے والا دوسرا بڑا ملک ہے، جس کے 60 ہزار کے قریب شہری اس سے متاثر جبکہ 6 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

اٹلی میں ہلاکتیں چین سے لگ بھگ دوگنا زیادہ ہوچکی ہیں اور ان حالات میں ایک معمر خاتون کی جانب سے اس بیماری کو شکست دے کر صحت یاب ہونا اچھی خبر قرار دیا جارہا ہے۔

الما کلارا کورسینی نامی خاتون کو شمالی اٹلی کے علاقے موڈینا کے ایک ہسپتال میں 5 مارچ کو داخل کرایا گیا تھا۔

اتنی زیادہ عمر کے ہونے کے باوجود خاتون نے کووڈ 19 کے خلاف جنگ اینٹی وائرل ادویات کے بغیر لڑی۔

انہوں نے مقامی میڈیا کو بتایا 'میں ٹھیک ہوں، میں بالکل ٹھیک ہوں، ڈاکٹر اور طبی عملے نے صحت یابی میں بھرپور مدد کی، وہ سب زبردست ہیں جنہوں نے میری نگہداشت کی'۔

اب وہ ہسپتال سے نرسنگ ہوم واپس لوٹ چکی ہیں۔

گزشتہ ہفتے ایران میں ایک بے نام 103 سالہ خاتون کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووڈ 19 کا شکار ہوئیں اور صحت یاب بھی ہوگئیں۔

اس سے قبل ایران کے شہر کرمان میں بھی ایک 91 سالہ شخص اس وائرس کو شکست دینے میں کامیاب رہے تھے اور وہ رواں ہفتے ہی ہسپتال سے گھر واپس گئے۔

مگر 103 سالہ خاتون اب تک کی سب سے معمر شخصیت ہیں جنہوں نے اس خطرناک وائرس کو شکست دی ہے۔

اس سے قبل چین میں رواں ماہ ہی ایک سو سالہ شخص بھی کووڈ19 میں مبتلا ہوئے اور ووہان کے ایک ہسپتال میں 13 دن کے علاج کے بعد صحت یاب ہوگئے۔

نوجوان افراد میں اس وائرس سے موت کا خطرہ کم ہوتا ہے مگر ہوتا ضرور ہے جبکہ 65 سال سے زائد عمر کے افراد میں یہ خطرہ زیادہ ہوتا ہے، اسی طرح کسی بیماری جیسے نظام تنفس کے امراض، امراض قلب اورر ذیابیطس کے مریضوں میں بھی یہ امکان بڑھ جاتا ہے۔

خیال رہے کہ اٹلی میں ہفتے کو 793 ہلاکتیں اس بیماری کے نتیجے میں ہوئیں جو کسی بھی ملک میں ایک دن میں سب سے زیادہ ہلاکتیں تھیں، جبکہ اتوار کو یہ تعداد 651 تھی۔

اموات کی تعداد میں اس کمی سے یہ توقع پیدا ہوئی تھی کہ اٹلی میں بحران میں کمی آسکتی ہے، تاہم ڈاکٹروں اور سائنسدانوں کا کہنا تھا کہ ابھی کچھ کہنا قبل ازوقت ہے۔

اٹلی میں روزانہ اس بیماری کے شکار ہونے والے افراد کی شرح بھی کم ہوئی ہے اور یہ گزشتہ 2 ہفتے کے دوران اوسطاً 15 فیصد رہی جو گر کر 9 فیصد تک آگئی ہے۔

اس وبا سے شمالی اٹلی سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے خصوصاً لمبارڈی کا خطہ۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024