• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

آزاد کشمیر میں بھی 3 ہفتوں کیلئے مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان

شائع March 23, 2020
وزیراعظم آزاد کشمیر—اسکرین شاٹ
وزیراعظم آزاد کشمیر—اسکرین شاٹ

آزاد کشمیر کے وزیراعظم راجا فاروق حیدر نے ریاست میں 3 ہفتوں کے لیے مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا۔

اپنے ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ آج رات 12 بجے سے آزاد کشمیر میں مکمل لاک ڈاؤن کردیا جائے گا تاہم لاک ڈاؤن سے مراد کوئی کرفیو نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ شہریوں کے مفاد میں کیا جارہا ہے، ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ 3 ہفتوں کے لیے ہر طرح کے اجتماعات پر پابندی لگائی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس: پنجاب میں 14 روز کیلئے جزوی لاک ڈاؤن کا اعلان

راجا فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ عوام کے بین الاضلاعی اور آزاد کشمیر بھر میں سفر پر پابندی ہوگی۔

اس کے علاوہ ان کا کہنا تھا کہ عوام کے غیر ضروری سفر کرنے اور باہر نکلنے پر پابندی ہو گی جبکہ ہر قسم کی ٹرانسپورٹ مکمل معطل رہے گی۔

وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ ناگزیر حالات میں سفر کرنے کے لیے خصوصی پاسز جاری کیے جائیں گے کھانے پینے کا سامان لانے کے لیے گھر کے ایک فرد کو جانے کی اجازت ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام گھروں سے باہر نہ نکلیں اور اگر انتہائی ناگزیر حالات ہوں تو شناختی کارڈ ساتھ رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ صرف محکمہ صحت، پولیس انتظامیہ اور اشیائے خورو نوش کا سامان لے جانے کی اجازت ہوگی، اس کے علاوہ صحافی حضرات کو خصوصی پاسز جاری کیے جائیں گے۔

تاہم اس موقع پر انہوں نے واضح کیا کہ ایمرجنسی سروسز جاری رہیں گی۔

واضح رہے کہ ملک میں بڑھتے کورونا وائرس سے اب تک 6 افراد موت کا شکار ہوچکے ہیں جبکہ وائرس سے 825 لوگ متاثر بھی ہیں۔

اس عالمی وبا سے پاکستان میں سب سے زیادہ صوبہ سندھ متاثر ہے جہاں ایسے افراد کی تعداد 352 ہے جبکہ پنجاب میں 246 افراد اس وائرس کا شکار ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: بلوچستان میں پہلی ہلاکت، ملک میں 825 افراد متاثر

تاہم آزاد جموں کشمیر میں ابھی تک وائرس کا ایک کیس ہی سامنے آیا ہے لیکن حفاظتی اقدامات کے پیش نظر حکومت نے مذکورہ فیصلہ لیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم پاکستان عمران خان نے قوم سے خطاب میں ملک میں مکمل لاک ڈاؤن کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہمارے حالات ایسے نہیں کہ ہم لاک ڈاؤن کردیں۔

تاہم سندھ کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ اور گلگت بلتستان کی انتظامیہ نے اپنے علاقوں میں مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تھا، اس کے علاوہ پنجاب کے وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بھی صوبے میں جزوی لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024