• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

ملک بھر میں آج یوم پاکستان سادگی سے منایا جارہا ہے

شائع March 23, 2020
سرکاری و نجی ٹیلی ویژن چینلز پر آج کے دن کی مناسبت سے خصوصی پیغامات نشر کیے گئے — فائل فوٹو: اے پی پی
سرکاری و نجی ٹیلی ویژن چینلز پر آج کے دن کی مناسبت سے خصوصی پیغامات نشر کیے گئے — فائل فوٹو: اے پی پی

ملک میں عالمی وبا کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیشِ نظر قوم آج یومِ پاکستان سادگی کے منا رہی ہے۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے ہر قسم کے عوامی اجتماع بالخصوص یومِ پاکستان کی پہچان سمجھی جانے والی فوجی پریڈ بھی ملتوی کردی گئی تھی۔

تاہم سرکاری و نجی ٹیلی ویژن چینلز پر آج کے دن کی مناسبت سے خصوصی پیغامات نشر کیے جائیں گے اور اخبارات خصوصی اشاعت شائع کریں گے۔

یاد رہے کہ آج سے 80 سال قبل 23 مارچ 1940 کے دن لاہور کے منٹوپارک میں مسلم لیگ کے اجتماع میں تاریخی قرارداد پاکستان کی منظوری دی گئی تھی جس کی وجہ سے برصغیر کے مسلمانوں کیلئے ایک علیحدہ وطن کے قیام کی راہ ہموار ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: ملک کی مغربی سرحد بند کرنے، 23 مارچ کی پریڈ منسوخ کرنے کا فیصلہ

اس اہم دن کی یاد میں پاکستان میں حکومتی سطح پر ہر سال 23 مارچ کو تقریبات منعقد کی جاتی ہیں، جب کہ فوجی پریڈ کو تقریبات میں منفرد اہمیت حاصل ہے۔

صدر مملکت و وزیراعظم کے پیغامات

اس موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ قوم کو اس وقت انتہائی مشکل صورتحال کا سامنا ہے جس سے نمٹنے کا واحد راستہ اتحاد میں مضم رہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم پاکستانیوں کو اس وبا کی روک تھام کے لیے متحد ہونے کی ضرورت ہے۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ یہ علمائے کرام، ذرائع ابلاغ اور سیاسی رہنماؤں سمیت معاشرے کے تمام طبقوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ کورونا وائرس کے خطرات سے نمٹنے کے لیے احتیاطی تدابیر سے لوگوں کو آگاہ کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

مزید پڑھیں: ہم لاک ڈاؤن نہیں کرسکتے، عوام خود کو قرنطینہ کرلیں، عمران خان

انہوں نے کہا کہ اس بحران میں ڈاکٹرز اور محکمہ صحت کا عملہ ہراول دستہ ہیں اور قوم انہیں ان کی بے لوث اور انتھک کوششوں پر سلام کرتی ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم نے قوم کے نام اپنے پیغام میں ماضی میں آنے والی مشکلات سے نمٹنے پر پاکستانی قوم کے اعصاب کو سراہا اور عوام پر زور دیا کہ کورونا وائرس سے لڑنے کے لیے اتحاد، نظم و ضبط اور بھرپور جذبے کا اظہار کیا جائے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’میں فخر سے یہ کہہ سکتا ہوں کہ پاکستانی قوم میں ہر قسم کے حالات کا سامنا کرنے کی صلاحیت ہے اور اس سال یومِ پاکستان منانے کے ساتھ ہمیں اتحاد، نظم و ضبط اور جذبے کے ساتھ اس آفت کا سامنا کرنا ہے جس نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے‘۔

یہ بھی پڑھیں: افرا تفری نہ پھیلائیں، یہ کورونا سے زیادہ نقصان پہنچا سکتی ہے، عمران خان

ان کا کہنا تھا کہ 23 مارچ وہ سنہری دن تھا جب بر صغیر کے مسلمانوں نے ایک آزاد اسلامی ریاست کے قیام کا فیصلہ کیا تا کہ ہندو اکثریت کے جبر سے نجات پاسکیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ اور 70 سال سے جاری صورتحال ہمارے آبا و اجداد کے وژن اور دور اندیشی کا ثبوت ہے۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ ’آج کے دن ہم مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جبر کا شکار کشمیری عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں جو اپنی ہی سرزمین پر 231 روز سے بھارتی لاک ڈان میں محصور ہیں اور بھارتی ظلم و ستم کے خلاف بہادری سے لڑ رہے ہیں‘۔

کورونا وائرس دنیا بھر میں لوگوں کے عزم اور مزاحمت کا امتحان ہے، شاہ محمود

یومِ پاکستان کے موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہر سال 23 مارچ ہمیں موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم نیشن اسٹیٹ کے طورپر اپنے سفر کی جھلک دکھائیں، اپنے قومی تجربات کے بارے میں سنجیدگی سے غور کریں اور جائزہ لیتے ہوئے مستقبل کے بارے میں غور وخوض کریں۔

تاریخ آج دو قومی نظریہ کی سچائی اور حقانیت کی گواہی دے رہی ہے، بابائے قوم کی بصیرت کو آج سلام پیش کرتے ہوئے ہمیں اپنے ان 80 لاکھ سے زائد بھائیوں اور بہنوں کو ہرگز نہیں بھولنا چاہیے جو بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں قابض بھارتی افواج کے نرغے میں آزادی کے حصول کے لیے مصائب اور مشکلات کا پامردی سے مقابلہ کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں انسانیت کو درپیش آج بہت بڑے چیلنج کو بھی مدنظر رکھنا ہے جس کا اس سے پہلے ہم نے مشاہدہ نہیں کیا، کورونا وائرس کی عالمی وبا نے دنیا کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ اقوام اور دنیا بھر میں لوگوں کے عزم اور مزاحمت کا امتحان ہے، یہ خطرہ ہمارے ملک میں بھی داخل ہوچکا ہے اور آزمائش کی اس گھڑی میں ہمیں بطور پاکستانی قربانی، ایمان، اتحاد اور تنظیم کی اعلیٰ اخلاقی اقدار کو اپنانا ہوگا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کورونا کے مشترک دشمن کو پچھاڑنے کے لیے ضروری ہے کہ ہم یہی اقدار اور جذبہ اپنے اندر پھر بیدار کریں اور پوری دنیا میں اس بیماری سے برسرپیکار ڈاکٹروں، طبی عملہ کی قربانیوں اور کاوشوں کی بھی آج اعتراف کرتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کرنی ہے کیوں کہ یہ ہمارے وہ سپاہی ہیں جوہم سب کو محفوظ رکھنے کے لیے اس جنگ میں اولین محاذ پر لڑ رہے ہیں۔

عوام کا تحفظ، سلامتی اور صحت ہم سب کی ترجیح ہے، فردوس عاشق اعوان

آج کے دن کی مناسبت سے وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ 23 مارچ کا جذبہ قیام پاکستان کا باعث بنا، آج اسی جذبے کے تحت ہم نے یکجہتی اور ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔

اپنے پیغام میں ان کا مزید کہنا تھا کہ کورونا کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے ہم میں کوئی تقسیم نہیں، عوام کا تحفظ، سلامتی اور صحت ہم سب کی ترجیح ہے، وبا پر قابو پانے کے لیے مشترکہ کاوشوں کو تقویت دینا ہے۔

جیسے پہلے امتحانوں میں سرخرو ہوئے بیماری سے بھی کامیابی سے لڑیں گے، اسد عمر

دوسری جانب وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مشکلات کا مقابلہ کرنا اور ان پر عبور حاصل کرنا اس قوم کی زندگی کا حصہ اس دن سے ہے جب آج سے 80 برس پہلے 23 مارچ کو مسلمانوں نے پاکستان کی جدوجہد کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ انشاءاللہ جیسے پہلے امتحانوں میں سرخرو ہوئے، اسی طرح اس بیماری سے بھی کامیابی سے نبرد آزما ہوں گے.

کورونا وائرس سے لڑنے کے لیے یکجہتی نہایت ضروری ہے، عثمان بزدار

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے پیغام میں کہا کہ اس یومِ پاکستان پر ہم اپنے اتحاد کا ایک نئے طریقے سے اظہار کرتے ہیں، گھر میں رہیں اور اپنے آپ کو اپنے پیاروں اور قوم کو محفوظ رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے لڑنے کے لیے یکجہتی نہایت ضروری ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024