• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

کورونا وائرس: وزیر اعلیٰ پنجاب نے صوبے میں فوج طلب کرلی

شائع March 22, 2020
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ حکومتی اقدام پر عمل کریں—فوٹو: ڈان نیوز
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ حکومتی اقدام پر عمل کریں—فوٹو: ڈان نیوز

صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے پیش نظر سیکشن 245 کے تحت صوبے کی سول انتظامیہ کی مدد کے لیے فوج طلب کرلی گئی۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پریس کانفرنس میں فوج کو طلب کرنے سے متعلق فیصلے سے آگاہ کیا۔

مزید پڑھیں: خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس کا ایک اور مریض چل بسا، ملک میں اموات 4 ہوگئیں

انہوں نے کہا کہ فوج کو سیکشن 245 کے تحت سول انتظامیہ کی مدد کے لیے طلب کیا جا رہا ہے۔

علاوہ ازیں انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ حکومتی ہدایات پر عمل کریں۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ جب کبھی ضلعی انتظامیہ کو فوج کی ضرورت رہی، انہوں نے مدد کے لیے حامی بھری ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پنجاب میں غذائی قلت نہیں ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ اپنے فرائض کی انجام دہدی کے لیے متحرک ہیں۔

ذخیرہ اندوزں سے متعلق ایک سوال کے جواب میں عثمان بزدار نے کہا کہ ایسے لوگوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کریں گے۔

علاوہ ازیں انہوں نے بتایا کہ انتظامیہ نے نجی و سرکاری ہسپتالوں سمیت ہاسٹل و دیگر بلڈنگ کا جائزہ لے لیا ہے اور ضرورت پڑنے پر انہیں بھی استعمال کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: ملک میں 149 نئے کیسز سے متاثرین کی تعداد 645 ہوگئی

انہوں نے بتایا کہ پنجاب ایک لاکھ لوگوں کو بھی سہولیات فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آئندہ کابینہ کے اجلاس میں کورونا وائرس سے متعلق آرڈیننس لائیں گے اور صوبے کے چیف سیکریٹری متبادل منصوبہ بھی پیش کریں گے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ ’یہ ایک قومی مسئلہ ہے جس پر کسی کو سیاست کرنے کی ضرورت نہیں، یہ ایمرجنسی ہے اور اسے اسی طرح ہی دیکھنا چاہیے‘۔

سماجی تحفظ سے متعلق ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ سیکریٹری فنانس صوبائی کابینہ کے اجلاس میں مربوط منصوبہ پیش کریں گے۔

مزیدپڑھیں: اسٹاک ایکسچینج میں 2008 کے بعد سب سے برا ہفتہ ریکارڈ

واضح رہے کہ کورونا وائرس سے آج ایک اور شخص دم توڑ گیا ہے جس کے بعد مرنے والوں کی مجموعی تعداد 4 ہوگئی جبکہ وائرس کے متاثرین کی مجموعی تعداد 645 ہے۔

اگر صوبوں کے بات کی جائے تو کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد صوبہ سندھ میں 292، پنجاب میں 152، بلوچستان میں 104، خیبرپختونخوا میں 31، اسلام آباد میں 11، گلگت بلتستان میں 55 اور آزاد کشمیر میں بھی ایک شخص متاثر ہوا ہے۔

اس کے علاوہ ملک بھر میں 5 افراد کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد صحتیاب بھی ہوچکے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس کے آخر میں چین کے صوبے ہوبے کے شہر ووہان سے شروع ہونے والے اس مہلک کورونا وائرس نے دنیا بھر میں تباہی مچادی ہے اور اب تک 11 ہزار سے زائد افراد اس عالمی وبا سے لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

عالمی ادارہ صحت نے اسے عالمی وبا قرار دے دیا ہے جس کے بعد مختلف ممالک نے حفاظتی اقدامات کے طور پر اپنی سرحدیں بند کردیں ہیں جبکہ فضائی سفر کو بھی معطل کردیا ہے۔

علاوہ ازیں مختلف ممالک میں لاک ڈاؤن بھی جاری ہے جبکہ جن ممالک میں اب تک لاک ڈاؤن نہیں ہوا وہاں جزوی لاک ڈاؤن کیا گیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024