• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

کورونا وائرس: اسلام آباد میں 15دن کیلئے دفعہ 144 نافذ

شائع March 22, 2020
وفاقی دارالحکومت میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی— فوٹو: محمد عاصم
وفاقی دارالحکومت میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی— فوٹو: محمد عاصم

ملک بھر میں کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں احتیاطی تدابیر کے طور پر 15دن کے لیے دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔

ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد کے دفتر سے جاری اعلامیے میں وفاقی دارالحکومت میں دفعہ 144 کے نفاذ کا اعلان کیا گیا۔

مزید پڑھیں: سندھ میں سول انتظامیہ کی مدد کیلئے فوج طلب کرنے کی درخواست

ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد محمد حمزہ شفقت کے کے دفتر سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ انسانی جانوں پر کورونا وائرس کے موذی اثرات کو روکنے کے لیے ہمیں جنگی بنیادوں پر ہر ممکنہ اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

دفعہ 144 کے نفاذ کے بعد اسلام آباد میں لوگوں میں سماجی رابطہ اور فاصلہ برقرار رکھنے کے لیے تمام شاپنگ مال، دکانیں اور ریسٹورنٹ رات 10بجے تک بندکردیے جائیں گے۔

تاہم ان پابندیوں کا اطلاق اشیائے خورونوش اور ادویہ کی دکانوں، فارمیسیز، کلینکس، بیکری، آٹا چکی، پیٹرول پمپ وغیرہ پر نہیں ہو گا۔

دفعہ 144 کے نفاذ کے دوران وفاقی دارالحکومت میں سیلون اور بیوٹی پارلر کھولنے پر پابندی ہو گی جبکہ جائیداد کی خریدوفروخت یا دیگر کاموں کے یے بھی دکانیں و کاروبار کھولنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: ملک میں 149 نئے کیسز سے متاثرین کی تعداد 645 ہوگئی

دفعہ 144 کا نفاذ فوری طور پر کردیا گیا ہے اور یہ اگلے 15دن تک نافذ رہے گی اور اس کی خلاف ورزی پر قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔

سیالکوٹ میں بھی دفعہ 144 نافذ

سیالکوٹ میں بھی دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے اور کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے حکومت نے آج رات 9 بجے سے 24 مارچ صبح 9بجے تک شاپنگ مال، مارکیٹیں بند کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

پولیس نے میڈیکل اسٹورز، بیکری اور دیگر اشیائے خوردونوش کے سوا شہاب پورہ،علامہ اقبال چوک، دارہ ارئیاں چوک، خادم علی روڈ، صدر کینٹ، حاجی پورہ روڈ سمیت شہر بھر میں دکانیں بند کروادیں۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں کورونا وائرس کے 4 ہزار سے زائد مشتبہ مریض موجود ہیں، ڈاکٹر ظفر

دوسری جانب سیالکوٹ میں پولیس اور انتظامیہ نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے پر دولہا سمیت دو افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔

سیالکوٹ کے علاقے پولی توپ خانہ میں مسجد کی چھت پر شادی کی تقریب جاری تھی جس پر اسٹینٹ کمشنر جویریہ مقبول نے پولیس کے ہمراہ چھاپہ مارا۔

پولیس نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے پر دولہا سمیت دو افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے چھت پر تقریب کی اجازت دینے والے شخص مقدس کو گرفتار کر لیا جبکہ دولہا عظیم کی تلاش جاری ہے۔

واضح رہے کہ دنیا بھر کو متاثر کرنے والا کورونا وائرس اب پاکستان میں بھی کافی تیزی سے پھیل رہا ہے اور یہاں اس سے متاثرہ افراد کی تعداد 600 سے تجاوز کر گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کو لاک ڈاؤن کرنا ہوگا، تاخیر سے مزید مشکلات ہوں گی، بلاول بھٹو

پاکستان میں اب تک 645افراد میں وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ 3افراد اس وائرس کا شکار ہو کر لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

سندھ اور بلوچستان حکومت کی جانب سے وائرس سے نمٹنے میں مدد کے لیے فوج بھیجنے کی درخواست کی گئی ہے جبکہ دیگر صوبوں کی جانب سے بھی ہنگامی بنیادوں پر کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024