• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

شہباز شریف آج اسلام آباد پہنچیں گے، مریم اورنگ زیب

شہباز شریف نومبر میں نواز شریف کے ساتھ لندن روانہ ہوئے تھے — فائل/فوٹو:ڈان نیوز
شہباز شریف نومبر میں نواز شریف کے ساتھ لندن روانہ ہوئے تھے — فائل/فوٹو:ڈان نیوز

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگ زیب نے کہا ہے کہ پارٹی صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کورونا وائرس کی صورت حال کے پیش نظر فوری طر پر وطن واپس آنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

مریم اورنگ زیب نے اپنے بیان میں کہا کہ شہباز شریف نے آج رات ہی وطن واپس آنے کا فیصلہ کیا ہے اور وہ آج رات کو اسلام آباد پہنچیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی صورت حال کے پیش نظر شہباز شریف نے فوری طور پر وطن واپسی کا فیصلہ کیا۔

مزید پڑھیں:کورونا وائرس: پاکستان نے 2 ہفتوں کیلئے تمام بین الاقوامی پروازیں معطل کردیں

سابق وزیراعظم نواز شریف کے علاج کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی سرجری اگلے ہفتے طے ہے لیکن شہباز شریف نے فیصلہ کیا کہ قوم کے درمیان ان کی موجودگی زیادہ ضروری ہے۔

ترجمان مسلم لیگ (ن) نے مزید کہا کہ شہباز شریف ملک میں کورونا وائرس سے قوم کو بچانے اور دیگر کوششوں میں کردار ادا کریں گے۔

ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات مسلم لیگ (ن) عطااللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ پارٹی صدر سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے اور انہوں نے موجودہ ملکی حالات کو دیکھتے ہوۓ اپنے بھائی کی علالت کے باوجود, پاکستان اور اپنے عوام کی خاطر واپسی کا فیصلہ کیا ہے۔

شہباز شریف نے وطن واپسی سے قبل ویڈیو بیان میں کہا کہ کورونا وائرس نے دنیا بھر میں اور پاکستان میں تباہی مچا رکھی ہے، اللہ تعالی تمام پاکستانی ماؤں، بہنوں، بیٹیوں اور بزرگوں کو کورونا وائرس سے دور رکھے۔

انہوں نے کہا کہ میں جلد وطن واپس آنا چاہتا تھا لیکن بڑے بھائی نواز شریف کی دل کی انٹروینشن ہونا تھی اس لیے لندن میں ٹھہرا ہوا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی فضائی حدود بند ہو رہی تھی تو بڑے بھائی کے مشورے کے بعد وطن واپس آ رہا ہوں۔

شہباز شریف نے کہا کہ بطور سیاسی شخصیت اور اپوزیشن لیڈر کے آج وطن واپسی کے لیے روانہ ہو رہا ہوں۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے اور اب تک 3 افراد ہلاک بھی ہوچکے ہیں۔

پاکستان میں اس وقت کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 666 تک پہنچ گئی ہے۔

علاوہ ازیں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے خطرے کے پیش نظر پاکستان نے 2 ہفتوں کے لیے تمام بین الاقوامی پروازوں کی آمد کو بھی معطل کردیا۔

یہ بھی پڑھیں:مسلم لیگ (ن) نے اپنے صدر شہباز شریف کی لندن سے واپسی کا مطالبہ کردیا

اس حوالے سے وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی معید یوسف کا کہنا تھا کہ گزشتہ ہفتے پاکستان نے بین الاقوامی مسافروں پر کورونا ٹیسٹ کی شرط لگائی تھی، جس کے بعد کل وزیراعظم کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں ایک اور مشکل فیصلہ کیا گیا۔

مذکورہ فیصلے کے بارے میں بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج (21 مارچ) کی رات 8 بجے سے دو ہفتوں کے لیے تمام بین الاقوامی پروازوں کو معطل کردیا گیا ہے اور 4 اپریل کی شام 8 بجے تک پاکستان آنے والی پروازیں معطل رہیں گی۔

یاد رہے کہ مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناللہ نے 7 مارچ کو میڈیا کو بتایا تھا کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف رواں ماہ کے آخر میں وطن واپس پہنچیں گے اور اپنا بھرپور سیاسی کردار ادا کریں گے۔

شہباز شریف اپنے بھائی نواز شریف کے علاج کے لیے ان کے ہمراہ نومبر 2019 میں لندن گئے تھے اور جلد واپسی کا بیان دیا تھا تاہم لندن میں ان کا قیام طویل ہوگیا اور پارٹی کے اندر بھی ان کی واپسی کے لیے آوازیں اٹھنے لگیں۔

رواں ماہ اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں چند اراکین پارٹی پالیسی پر بھی ناراض نظر آئے جبکہ ایک رکن نے شہباز شریف کی واپسی کا بھی مطالبہ کردیا تھا۔

تبصرے (1) بند ہیں

Engineer Mar 21, 2020 10:02pm
‏لندن

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024