• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

کورونا وائرس: پاکستان نے 2 ہفتوں کیلئے تمام بین الاقوامی پروازیں معطل کردیں

شائع March 21, 2020
بین الاقوامی پروازیں 2 ہفتے کے لیے معطل کی گئیں—فائل فوٹو: اے پی پی
بین الاقوامی پروازیں 2 ہفتے کے لیے معطل کی گئیں—فائل فوٹو: اے پی پی

کورونا وائرس کے ملک میں بڑھتے ہوئے خطرے کے پیش نظر پاکستان نے 2 ہفتوں کے لیے تمام بین الاقوامی پروازوں کی آمد کو معطل کردیا۔

اس حوالے سے وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی معید یوسف کا کہنا تھا کہ گزشتہ ہفتے پاکستان نے بین الاقوامی مسافروں پر کورونا ٹیسٹ کی شرط لگائی تھی، جس کے بعد کل وزیراعظم کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں ایک اور مشکل فیصلہ کیا گیا۔

مذکورہ فیصلے کے بارے میں بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج (21 مارچ) کی رات 8 بجے سے دو ہفتوں کے لیے تمام بین الاقوامی پروازوں کو معطل کردیا گیا ہے اور 4 اپریل کی شام 8 بجے تک پاکستان آنے والی پروازیں معطل رہیں گی۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس: ملک میں 171 نئے کیسز سے متاثرین کی تعداد 666 ہوگئی

انہوں نے کہا کہ اس میں تمام مسافر پروازیں، چارٹر پروازیں اور نجی پروازیں، جو مسافر لے کر آرہی ہیں وہ شامل ہیں تاہم اس میں ہم ایک استثنیٰ یہ دے رہے ہیں کہ پی آئی اے کے وہ طیارے جو بیرون ملک جاچکے ہیں وہ آسکیں گے اور یہ تمام طیارے کل (22 مارچ) کی صبح تک واپس آجائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے لیے ایک مشکل فیصلہ کیا تھا جبکہ یہ عارضی طور پر معطل کیا گیا ہے۔

تاہم انہوں نے بتایا کہ یہ پابندی غیر ملکی سفارتکاروں اور کارگو طیاروں کے لیے نہیں ہوگی اور وہ ان دو ہفتوں کے دوران آسکیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم جانتے ہیں کہ اس سے مشکلات پیدا ہوں گی اور کئی مسافروں کو پاکستان آنا تھا جنہیں اس پابندی کے باعث مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن بھی معطل

قبل ازیں حکومت پاکستان کی ہدایات کے بعد پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے اپنی تمام بین الاقوامی پروازوں کو عارضی طور پر معطل کردیا تھا۔

اس حوالے سے ترجمان پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز عبداللہ خان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان کی ہدایات کے مطابق قومی ایئرلائن نے اپنی پروازیں منسوخ کیں۔

ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ بین الاقوامی پروازوں کی منسوخی کا اطلاق ہفتہ 21 مارچ کو رات 8 بجے سے 28 مارچ تک ہوگا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ مسافروں کو پیش آنے والی دشواریوں کے لیے معذرت خواہ ہیں مگر پرہیز علاج سے بہتر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں کورونا وائرس کے 4ہزار سے زائد مشتبہ مریض موجود ہیں، ڈاکٹر ظفر

پی آئی اے کے ترجمان نے عوام سے کہا کہ اس حوالے سے مزید معلومات اور بکنگ کی تبدیلی کے لیے قومی ایئرلائن کے کال سینٹر سے رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل کورونا وائرس کے پیش نظر پی آئی اے نے چین، قطر، اٹلی سمیت کچھ ممالک کے لیے عارضی طور پر فلائٹ آپریشن کو معطل کیا تھا۔

34 ٹرینیں بند کرنے کا اعلان

علاوہ ازیں بین الاقوامی فضائی آپریشن کی عارضی معطلی کے ساتھ ساتھ محکمہ ریلوے نے بھی مزید ٹرینیں بند کرنے کا اعلان کردیا۔

اس حوالے سے وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ ملک میں کورونا وائرس کے پیشِ نظر مسافروں کی تعداد کم ہونے کی وجہ سے 34 ٹرینیں 15 رمضان تک بند رہیں گی۔

اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس میں ان کا کہنا تھا کہ 12 ٹرینیں کل سے چلنا بند ہوجائیں گی جس میں خوشحال خان خٹک، شاہ لطیف اور راوی شامل ہیں جبکہ باقی ٹرینیں 24 مارچ کی رات سے بند ہوجائیں گی۔

وزیر ریلوے نے عوام پر زور دیا کہ غیر ضروری سفر نہ کریں اور کہا کہ اس دوران محکمہ ریلوے کے کسی ملازم کو نوکری سے نہیں نکالا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024