کورونا وائرس کا خوف، ہمایوں سعید اور عدنان صدیقی نے خود کو قرنطینہ کرلیا
پاکستان کے نامور اداکار ہمایوں سعید اور عدنان صیدیق چند روز قبل ہی امریکا سے کراچی واپس آئے تھے جس کے بعد دونوں اداکاروں نے خود کو قرنطینہ میں منتقل کرلیا۔
دونوں اداکار اپنے ڈرامے ’میرے پاس تم ہو‘ کی کامیابی کے بعد امریکا میں مداحوں سے ملاقات کے سلسلے میں موجود تھے، اس دوران اداکارہ حرا مانی بھی ان دونوں اداکاروں کے ہمراہ امریکا میں موجود تھیں۔
مزید پڑھیں: امریکی مالز میں پاکستانی موجود، گورے ڈرپوک نکلے، حرا مانی
اپنے اس دورے کے دوران عدنان صدیقی اور ہمایوں سعید دونوں نے کئی تصاویر شیئر کیں جن میں وہ کورونا سے خود کو محفوظ رکھنے کے لیے ماسک اور دستانے پہنے گھوم رہے تھے۔
جبکہ کراچی واپسی کے بعد ان دونوں اداکاروں نے کورونا وائرس سے خود کو اور دوسروں کو محفوظ رکھنے کے لیے قرنطینہ کرلیا۔
ہمایوں سعید کے قریبی دوست اور اداکار واسع چوہدری نے ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ میں ہمایوں کی فلم ’لندن نہیں جاؤں گا‘ کا حوالہ دیتے ہوئے مزاحیہ ٹوئٹ کی اور لکھا کہ ’لندن کیا، کہیں بھی نہیں جاؤں گا‘۔
جس کے بعد ہمایوں سعید نے واسع چوہدری کو جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ’کراچی ایئرپورٹ پہنچ گیا ہوں، مگر ابھی گھر نہیں جاؤں گا، میں اور عدنان صدیقی خود کو ایک کمرے میں بند کررہے ہیں کچھ دنوں کے لیے، اللہ ہم سب کو اپنے امان میں رکھے‘۔
جبکہ عدنان صدیقی نے بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی۔
اس پر انہوں نے لکھا کہ ’میرے پاس تم ہو، صرف تم ہو دانش، شہوار اور دانش امریکا سے واپس آنے کے بعد ایک ساتھ قرنطینہ کررہے ہیں، امید ہے آپ سب بھی ایک دوسرے سے الگ تھلگ ہوں گے‘۔
اپنی ویڈیو میں انہوں نے کہا کہ ’کراچی آنے کے بعد ہم نے گھر نہ جانے کا فیصلہ کیا، ہم ایک مقامی ہوٹل میں ہیں، 14 دنوں تک ہم یہی رہیں گے اور اپنے چاہنے والوں سے دور رہیں گے، ہوٹل کے کھانے سے گریز کریں اور گھر کا کھانا کھائیں گے‘۔
اداکار نے مزید کہا کہ ’ہم سمجھتے ہیں کہ یہ کتنی سنجیدہ صورتحال ہے، اس لیے ہم نے پہلے ہی قرنطینہ کا فیصلہ کرلیا تھا، دعا ہے کہ ہم سب خیریت سے رہیں اور اس کورونا وائرس سے ہم سب کی جان چھوٹ جائے‘۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 495 ہوگئی ہے جبکہ اب تک اس وائرس سے 3 افراد ہلاک بھی ہوچکے ہیں۔