• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

وزیر اعلیٰ سندھ کی عوام کو اگلے 3 دن مکمل طور پر آئسولیشن میں رہنے کی ہدایت

شائع March 20, 2020
آپ کا گھروں میں رہنا آپ اور ہم سب کیلیے ضروری ہے، وزیر اعلیٰ سندھ  فائل فوٹو / ڈان نیوز
آپ کا گھروں میں رہنا آپ اور ہم سب کیلیے ضروری ہے، وزیر اعلیٰ سندھ فائل فوٹو / ڈان نیوز

وزیر اعلیٰ سندھ سیعد مراد علی شاہ نے عوام کو اگلے 3 دن مکمل طور پر آئسولیشن میں رہنے کی ہدایت کردی۔

وزیر اعلیٰ سندھ کی زیر صدارت کورونا وائرس کی ٹاسک فورس کا 23واں اجلاس ہوا صوبائی وزرا، چیف سیکریٹری، آئی جی سندھ، کور 5، رینجرز، ڈبلیو ایچ او، ایئرپورٹ، سول ایوی ایشن اور دیگر اداروں کے نمائندے شریک ہوئے۔

سیکریٹری صحت نے اجلاس کو بریفنگ کے دوران بتایا کہ صوبے میں کورونا وائرس کے مجموعی طور پر 238 کیسز ہیں جن میں سے سکھر میں 151 اور 87 کراچی سمیت صوبے کے دیگر حصوں سے سامنے آئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سکھر فیز ٹو کے 402 نمونوں کے نتائج زیر التوا ہیں جبکہ لاڑکانہ کے 83 نمونے ابھی آنا باقی ہیں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ مقامی طور پر منتقل ہونے کے کیسز 51 ہوگئے ہیں اور اصل پریشانی کی بات لوکل ٹرانسمیشن کے بڑھتے کیسز ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں عوام کو اس لیے اپیل کر رہا ہوں کہ خدارا گھروں میں رہیں، عوام کو نہ صرف خود کو اپنے بچوں کو اور اپنے دوستوں کو بھی بچانا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: افراتفری نہ پھیلائیں، یہ کورونا سے زیادہ نقصان پہنچا سکتی ہے، عمران خان

ان کا کہنا تھا کہ سرکاری ہسپتالوں نے آج ایک ہزار 874 مشتبہ افراد کی رپورٹ کی ہے جن میں سے 21 کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں جبکہ نجی ہسپتالوں نے 702 مشتبہ رپورٹ کیے ہیں جن میں سے 5 ٹیسٹ کیے ہیں۔

وزیر اعلیٰ کو آگاہ کیا گیا کہ 31 پروازیں شیڈول تھیں جن میں 3 ہزار 710 مسافر آئے، تمام مسافروں کی اسکریننگ کی گئی جن میں 4 مشتبہ افراد تھے ان کے نمونے لیے گئے ہیں۔

مراد علی شاہ نے صوبے بھر میں 3 روز کے لاک ڈاؤن کا عندیہ دیتے ہوئے عوام کو ہدایت کی کہ آئندہ تین دن آپ سب مکمل طور پر آئسولیشن میں جائیں۔

انہوں نے کہا کہ آپ کا گھروں میں رہنا آپ اور ہم سب کے لیے ضروری ہے۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس: 'صاحب حیثیت افراد رمضان سے قبل زکوٰۃ ادا کریں'

واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث پاکستان میں سب سے زیادہ صوبہ سندھ متاثر ہوا ہے جہاں متاثرین کی تعداد 249 ہوچکی ہے۔

جمعہ کے روز سندھ میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت بھی سامنے آئی تھی۔

مریض کراچی کا رہائشی تھا اور اسے مختلف بیماریاں بھی لاحق تھیں تاہم مریض کی کوئی سفری تاریخ موجود نہیں تھی۔

اس حوالے سے سندھ کی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے بذریعہ ویڈیو پیغام تصدیق کی تھی کہ سندھ میں ایک 77 سالہ شخص کی کورونا وائرس کی وجہ سے موت واقع ہوئی۔

پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024