• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

کورونا وائرس سے ابتدائی تحفظ کیلئے گوگل کا ڈوڈل

شائع March 20, 2020
فوٹو: شٹراسٹاک
فوٹو: شٹراسٹاک

دنیا بھر میں کورونا وائرس کے پھیلے خوف کے باعث جہاں لوگ احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے گھروں تک محدود ہورہے ہیں وہیں اب سرچ انجن گوگل نے بھی اس حوالے سے اپنا ڈوڈل جاری کردیا۔

گوگل کی جانب سے جاری کردہ ڈوڈل میں لوگوں کو ہاتھ دھونے کا صحیح طریقہ سمجھایا گیا ہے۔

گوگل نے اپنے ڈوڈل میں انفیکشن کنٹرول کرنے کی ابتدا کرنے والے اور ہاتھوں کی صفائی میں رہنمائی کرنے والے ہنگری کے معالج اگناز سیمیلویس (Ignaz Semmelweis) کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔

آپ کو یہ سن کر ضرور حیرانی ہوگی کہ میڈیسن میں بھی ہاتھ دھونے کا رواج ہمیشہ سے عام نہیں تھا، 19ویں صدی کے وسط میں ڈاکٹر اگناز سیمیلویس نے یہ بات نوٹ کی کہ مائیں بچوں کو جنم دینے کے فوری بعد کسی نامعلوم بیماری میں مبتلا ہونا شروع ہوئیں جس کے بعد چند کی موت بھی واقع ہوئی۔

اس وقت انہوں نے یہ خیال ظاہر کیا کہ ڈاکٹرز اور میڈیکل اسٹاف کی وجہ سے یہ خواتین بیماریوں میں مبتلا ہورہی ہیں، جس کے بعد 1847 میں آسٹریا کے شہر ویانا کے ہسپتال میں چیف ریسیڈنٹ کی حیثیت سے مقرر ہونے والے اگناز سیمیلویس نے ڈاکٹرز سمیت پورے اسٹاف کو ہاتھ دھونے کی ہدایت دی۔

مزید پڑھیں: اگر ہاتھ نہ دھوئیں تو پھر جسم میں کیا تبدیلیاں آتی ہیں؟

ان کے اس نظریے کو کئی دہائیوں تک ساتھی ڈاکٹروں نے تو قبول نہیں کیا لیکن ڈاکٹر سیمیلویس کی کاوشوں کی بدولت ویانا جنرل ہسپتال میں انفیکشن کی شرح میں تیزی سے کمی واقع ہوئی۔

یہی وجہ ہے کہ آج گوگل نے ڈوڈل کے ذریعے ڈاکٹر اگناز سیمیلویس کے اعزاز میں ایک ویڈیو جاری کی۔

اس ویڈیو میں ڈاکٹر لوگوں کو ہاتھ دھونے کا صحیح طریقہ سکھاتے نظر آئے جبکہ ویڈیو میں ہاتھ دھونے کے لیے 40 سیکنڈ دورانیے کا ایک ٹائمر بھی موجود تھا۔

گوگل نے ہاتھ دھونے کا طریقہ سکھاتے ہوئے ایک چارٹ بھی جاری کیا۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس دنیا کے 180 ممالک میں پھیل گیا ہے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 10 ہزار 32 تک پہنچ گئی ہے جبکہ متاثرین کی تعداد 2 لاکھ 44 ہزار 602 ہے۔

وائرس کے خوف سے دنیا بھر میں کئی شہروں کو لاک ڈاؤن بھی کردیا گیا ہے۔

جہاں کورونا وائرس سے بڑی تعداد میں لوگ متاثر ہوئے ہیں وہیں اب تک 86 ہزار 33 افراد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024