• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:33pm Maghrib 5:10pm
  • ISB: Asr 3:34pm Maghrib 5:12pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:33pm Maghrib 5:10pm
  • ISB: Asr 3:34pm Maghrib 5:12pm

میڈرڈ میں ہر 10 میں سے 8 افراد کورونا کا شکار بن سکتے ہیں، میئر

شائع March 20, 2020
اسپین میں مریضوں کی تعداد 18 ہزار سے زائد اور ہلاکتوں کی تعداد 800 سے زائد ہو چکی ہے—فوٹو: اے ایف پی
اسپین میں مریضوں کی تعداد 18 ہزار سے زائد اور ہلاکتوں کی تعداد 800 سے زائد ہو چکی ہے—فوٹو: اے ایف پی

کورونا وائرس سے یورپ کے دوسرے بڑے متاثر ملک اسپین کے دارالحکومت میڈرڈ کی مقامی حکومت نے کہا ہے کہ عین ممکن ہے کہ شہر کے ہر 10 افراد میں سے 8 افراد کورونا وائرس کا شکار بن جائیں۔

اسپین میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور وہاں 20 مارچ کی دوپہر تک مریضوں کی تعداد بڑھ کر 18 ہزار سے زائد ہو چکی تھی اور وہاں ہلاکتوں کی تعداد بھی 830 سے زائد ہوچکی تھیں۔

یورپ میں گزشتہ ہفتے ایک ہی دن میں تقریبا ڈیڑھ ہزار مریض سامنے آنے کے بعد ملک میں جزوی طور پر لاک ڈاون کردیا گیا تھا تاہم بعد ازاں ملک میں مکمل طور پر لاک ڈاون کردیا گیا اور اب میڈرڈ سمیت کئی شہر سنسان پڑےہیں اور لوگوں کو گھروں میں رہنے کا کہا گیا ہے۔

اگرچہ اسپین کےتمام علاقوں سے کورونا وائرس کے مریض سامنے آ رہےہیں تاہم دارالحکومت اور سب سے بڑے شہر میڈرڈ سے سامنے آنے والے مریضوں کی تعداد زیادہ ہے۔

اسی حوالے سے شہر کی میئر ازابیل ڈائز ایوسو نے کہا ہے کہ شہر میں کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلنے سے پتہ چلتا ہے کہ جلد ہی شہر کے 10 میں سے 8 افراد اس وائرس کا شکار بن جائیں گے۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق میڈرڈ کی میئر ازابیل ڈائز ایوسو نے مقامی ریڈیو کو دیے گئے انٹرویو میں بتایا کہ شہر میں مقامی طور پر بھی کورونا وائرس پھیل رہا ہے اور مذکورہ وائرس کمزور مدافعتی اور کمزور نظام ہاضمہ کے افراد کو جلد شکار بنا رہا ہے۔

میئر کا کہنا تھا کہ اب تک آنے والے کیسز اور ڈیٹا سے اندازہ ہوتا ہے کہ میڈرڈ کے ہر 10 میں سے 8 شہری اس وائرس کا شکار بن سکتے ہیں اور کمزور نظام ہاضمہ اور کمزور مدافعتی نظام کے افراد اس شہر کی مجموعی طور پر کم سے کم 15 فیصد آبادی ہیں اور انہیں سب سے زیادہ خطرہ ہے۔

میئر کے مطابق کورونا وائرس میڈرڈ میں مریضوں کے سامنے آنے سے قبل ہی موجود تھا اور یہ مقامی طور پر بھی پھیلا اور اب تک اس وائرس کا شکار ہونے کمزور نظام ہاضمہ اور کمزور مدافعتی نظام کے افراد کی موت 48 گھنٹوں کے اندر ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کمزور افراد کی موت مذکورہ وائرس سے 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران ہو رہی ہے اور حکومت اس حوالے سے سخت اقدامات اٹھانے میں مصروف ہے اور اگلے ہفتے تک کئی جگہوں پر عارضی ہسپتال بنا کر متاثرہ افراد کو بہتر علاج فراہم کیا جا سکے گا۔

خیال رہے کہ میڈرڈ کی میئر کے بیان سے قبل اسپینش میڈیا نے رپورٹس میں بتایا تھا کہ میڈرڈ میں ہر 16 منٹ میں کورونا وائرس سے ایک ہلاکت ہو رہی ہے۔

گزشتہ ہفتے سے اسپین میں کورونا وائرس کے مریضوں اور ہلاکتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور حیران کن طور پر اٹلی اور اسپین میں مشترکہ تیزی سے وائرس کے مریض سامنے آ رہے ہیں اور ساتھ ہی وہاں ہلاکتوں میں بھی اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

اس وقت اٹلی میں ہلاکتوں کی تعداد 3400 سے زائد اور اسپین میں 830 سے زائد ہوچکی ہے اور ان دونوں پڑوسی ممالک کی مجموعی ہلاکتیں دنیا میں ہونے والی 10 ہزار 30 ہلاکتوں کا تقریبا نصف حصہ ہیں۔

اٹلی اور اسپین میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 60 ہزار کے قریب ہے۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024