• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وبا کا بدترین دن

شائع March 19, 2020
— اے پی فوٹو
— اے پی فوٹو

بدھ 18 مارچ نئے نوول کورونا وائرس کی عالمی وبا کے لیے ریکارڈ ساز ثابت ہوا کیونکہ اس کا مرکز بننے والے ملک چین میں مقامی طور پر کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا مگر دنیا بھر میں ایک ہی دن میں سب سے زیادہ کیسز کی تصدیق ہوئی۔

درحقیقت اموات اور نئے مریضوں کی تعداد کے لحاظ سے یہ کورونا وائرس کی وبا کا بدترین دن قرار دیا جاسکتا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال کے آخر میں چین کے شہر ووہان سے یہ وبا پھیلنا شروع ہوئی اور اب دنیا کے تمام براعظموں تک پہنچ گئی ہے جس سے 9 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

عالمی ادارہ صحت نے 11 مارچ کو اسے عالمگیر وبا قرار دینے کا اعلان کرتے ہوئے یورپ کو اس کا نیا مرکز کہا تھا۔

ابھی اٹلی چین کے بعد دوسرا سب سے متاثر ہونے والا ملک ہے بلکہ اموات کے لحاظ سے تو وہ چین کو پیچھے چھوڑنے کے قریب ہے یا ہوسکتا ہے کہ چھوڑ بھی دیا ہو (نئے اعدادوشمار) ابھی جاری نہیں ہوئے۔

چین میں مجموعی طور پر 81 ہزار سے زائد متاثر ہوئے جن میں سے 3249 ہلاک جبکہ 70 ہزار سے زائد صحت یاب ہوگئے۔

اس کے مقابلے میں اٹلی میں 35 ہزار سے زائد کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جن میں سے 3 ہزار کے قریب ہلاک جبکہ 4 ہزار سے زائد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

بدھ کے اختتام تک دنیا بھر میں ایک دن میں ریکارڈ 20 ہزار 584 کیسز کی تصدیق دنیا بھر میں ہوئی جس کے بعد یہ تعداد 2 لاکھ 18 ہزار 822 تک پہنچ گئی (جو اس وقت 2 لاکھ 30ہزار سے زائد ہے یعنی آج بھی 12 ہزار کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے)۔

اسی طرح بدھ کو 973 اموات ہوئیں جو کہ ایک دن میں سب سے زیادہ ہلاکتیں ہیں۔

دنیا بھر میں طبی حکام کی جانب سے عام طور پر نئے کیسز اور اموات کی تعداد کو دن کے اختتام کو جاری کیا جاتا ہے اور جمعرات کا آغاز ان ریکارڈ کے ساتھ ہوا۔

اٹلی میں ایک ہی دن میں 475 ہلاکتوں کو رپورٹ کیا گیا جو کہ ایک دن میں کسی بھی ملک میں اس وبا سے سب سے زیادہ اموات کا بھی ریکارڈ ہے۔

ایران میں بدھ کو 147 اموات ریکارڈ ہوئیں جو کہ وہاں ایک دن میں ریکارڈ تعداد ہے۔

امریکا کے لیے بھی یہ ایک بدترین دن تھا جہاں 23 سو کیسز ریکارڈ ہوئے۔

اسپین میں تین ہزار کے قریب نئے کیسز کی تعداد ہوئی اور مجموعی طور پر کیسز کی تعداد میں 25 فیصد اضافہ ہوا۔

ملائیشیا میں جمعرات کو 110 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی جو وہاں ایک دن میں زیادہ کیسز کا ریکارڈ ہے، جس سے مجموعی تعداد 900 تک پہنچ گئی۔

اور ابھی بیشتر ممالک کی جانب سے مکمل اعدادوشمار سامنے نہیں آئے ہیں مگر ایسا لگتا ہے کہ جمعرات اور جمعہ کو مجموعی طور پر کیسز اور اموات کی شرح میں اس سے بھی زیادہ اضافہ نظر آنے کا امکان ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے، ملک میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 453 ہوگئی ہے۔

کورونا کیسز کے سب سے زیادہ کیس صوبہ سندھ میں 245رپورٹ ہوئے جب کہ بلوچستان 81 کیسز کے ساتھ دوسرے، پنجاب 78 کیسز کے ساتھ تیسرے اور خیبرپختونخوا 23 کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے، گلگت بلتستان میں بھی 23، اسلام آباد میں 2 اور آزاد کشمیر میں ایک کیس سامنے آیا، جبکہ 2 ہلاکتیں کے پی میں سامنے آئیں۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد سوا 2 لاکھ کے قریب جبکہ 9 ہزار سے زائد اموات ہوئی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024