بلاول بھٹو نے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے وفاق سے مدد مانگ لی
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سندھ میں کورونا وائرس سے لڑنے کے لیے وفاق کی مدد طلب کرلی۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹوزرداری ’اب ہمیں پورا زور لگا کر وائرس کو پھیلنے سے روکنا ہے، سندھ حکومت نے 10 ہزار کٹس خرید لی ہیں‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ہمیں اپنی ٹیسٹنگ کی صلاحیت کو بڑھانا ہے، وفاقی حکومت سے کہیں گے کہ ہماری مدد کریں‘۔
مزید پڑھیں: کورونا وائرس: چاروں صوبوں میں نئے کیسز، ملک میں 377 افراد متاثر
انہوں نے کہا کہ ’وفاق اور صوبوں کے درمیان تعاون بہت زیادہ ضرورت ہے، ہم سیاست بعد میں کرلیں گے، یہ وقت الزامات لگانے کا نہیں ہے‘۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ’وفاقی حکومت کو اپنی حکمت عملی میں تبدیلی لانا ہو گی، ہم بحیثیت قوم اس مشکل وقت سے نکل سکتے ہیں‘۔
انہوں نے بتایا کہ ’سندھ حکومت نے کراچی ایکسپو سینٹر میں ایک بڑا فیلڈ ہسپتال بنانے کی تیاری شروع کردی ہے اور پاک فوج اور مخیر حضرات کے تعاون سے اس کام کا آغاز ہوا ہے‘.
انہوں نے کراچی سمیت پورے ملک کولاک ڈاؤن کرنے کی بھی تجویز دی اور کہا کہ ’عوام خود کو 15 روز کے لیے گھروں میں محدود رکھیں، ہمیں اپنے آپ کو لاک ڈاؤن کرنا ہوگا‘۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس سے متعلق پاکستان میں پھیلنے والی افواہیں
چیئرمین پیپلزپارٹی نے لاک ڈاؤن کے دوران یومیہ اجرت کمانے والوں کو راشن فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’اگر 15 دن تک ہمیں گھروں میں رہنا ہے تو یومیہ اجرت کمانے والوں کو سنبھالنا سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے اور ان تک راشن پہنچائیں گے تاکہ کسی کو راشن کے حصول کے لیے گھر سے باہر نہ نکلنا پڑے، ملازمین اگر دفتر نہ آئیں تو انہیں پوری تنخواہ ادا کی جائے‘۔
انہوں نے خبر دار کیا کہ ’اس صورتحال نے معشیت کا وہ حال کرنا ہے کہ اندازہ نہیں لگا سکتے، حالیہ دنوں میں پاکستان میں شرح سود میں جو کمی کی گئی ہے وہ ناکافی ہے‘۔
بلاول بھٹو زرداری نے ارکان اسمبلی کو اپنے حلقوں میں جانے اور کورونا وائرس سے متعلق لوگوں میں آگہی پھیلانے کی ہدایت بھی کی۔
پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ صورتحال
دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے اور آج (19 مارچ کو) چاروں صوبوں میں مزید نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
صوبہ سندھ اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہے جہاں مزید 5 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ اس کے علاوہ پنجاب میں 45 بلوچستان میں 22 اور خیبرپختونخوا میں 4 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد 19 مارچ کی شام تک ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 377 تک جاپہنچی ہے۔