• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

سندھ حکومت کا غریب افراد میں راشن کے 20 لاکھ تھیلے تقسیم کرنے کا فیصلہ

شائع March 19, 2020
کورکمانڈر کراچی نے صوبائی حکومت کی بروقت کوششوں کو سراہا — تصویر: اسکرین گریب
کورکمانڈر کراچی نے صوبائی حکومت کی بروقت کوششوں کو سراہا — تصویر: اسکرین گریب

وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث معمولات زندگی متاثر ہونے کی وجہ سے پاک فوج، رینجرز اور غیر سرکاری تنظیموں (این جی اوز) کے ساتھ مل کر غریب افراد میں راشن کے 20 لاکھ تھیلے تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے کے جزوی لاک ڈاؤن کے پیشِ نظر 20 لاکھ راشن بیگز تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے تا کہ معاشرے کے غریب طبقے کا دال دلیہ چلتا رہے۔

خیال رہے ملک بھر میں اب تک کورونا وائرس کے 341 کیسز سامنے آچکے ہیں جس میں 211 صرف سندھ میں رپورٹ ہوئے، وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے سندھ حکومت نے عوامی مقامات، تعلیمی اداروں اور کھانے پینے کی اشیا کے علاوہ دیگر دکانیں بند کرنے کے ساتھ متعدد اقدامات اٹھائے ہیں۔

راشن کی تقسیم کا فیصلہ وزیراعلیٰ ہاؤس میں وزیر اعلیٰ سندھ کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا گیا جس میں کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل ہمایوں عزیز، ڈی جی رینجرز میجر جنرل عمر بخاری اور کور-5 کے بریگیڈیئر سمیع نے بھی شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: سندھ، بلوچستان اور پختونخوا میں نئے کیسز سے ملک میں متاثرین کی تعداد 341ہوگئی

وزیراعلیٰ سندھ کے ہمراہ صوبائی وزیر وزرا ڈاکٹر عذرا پیچوہو، سعید غنی مشیر قانون مرتضیٰ وہاب، سیکریٹری ممتاز شاہ، انسپکٹر جنرل سندھ مشتاق مہر، پی ایس سی ایم ساجد جمال ابڑو اور فوکل پرسن ایم بی دھاریجو موجود تھے۔

وزیراعلیٰ نے کورونا وائرس کی روک تھام کے سلسلے میں اٹھائے جانے والے اقدامات سے اجلاس کے شرکا کو آگاہ کیا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ مالز، ریسٹورنٹس کی بندش اور جسے جزوی لاک ڈاؤن کہا جارہا ہے کے ساتھ ساتھ ہم نے وائرس کا پھیلاؤ کم کرنے کی کوشش کی ہے تاکہ اس کے مطابق آئیسولیشن وارڈز اور فیلڈ ہسپتالوں کے قیام جیسے ضروری اقدامات کیے جاسکیں۔

کور کمانڈر کراچی نے صوبائی حکومت کی بروقت کوششوں کو سراہا اور روزانہ کی اجرت پر گزر بسر کرنے والے، غریب عوام کو راشن کی فراہمی پر زور دیا کہ تا کہ ان کی خوراک کی ضروریات پوری ہوسکیں۔

مزید پڑھیں: کوئٹہ: کورونا وائرس کے باعث انٹرسٹی بس سروس اور پبلک ٹرانسپورٹ بند

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ انہوں نے متعدد مخیر حضرات، این جی اوز مثلاً ایدھی، سیلانی اور دیگر کے ساتھ ملاقات میں راشن بیگز کی تیاری اور ضرورت مند، مستحق افراد کو راشن فراہم کرنے کے لیے ان سے مدد اور رہنمائی کی درخواست کی ہے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ اور کور کمانڈر نے وزیر تعلیم سعید غنی کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا جس میں کمشنر کراچی، ایڈیشنل سیکریٹری صحت علیم لاشاری اور کور-5 کے بریگیڈیئر سمیع اور ان کی ٹیم کے 2 اراکین شامل ہوں گے۔

مذکورہ کمیٹی راشن میں اشیائے خورو نوش کی مقدار کا فیصلہ اور ان کی تقسیم کے لیے طریقہ کار تشکیل دے گی۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ راشن کے تھیلوں کے لیے گودام بنائے جائیں گے اور وہاں سے پورے سندھ کو فراہمی کی جائے گی، کمیٹی اشیائے خورونوش کیے معیار اور مقدار کو یقینی بنائے گی تاہم فیصلہ کیا گیا کہ راشن کے ایک تھیلے میں ایک ماہ کا راشن دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: ووہان اور آس پاس کے صوبے میں کورونا کا نیا کیس رپورٹ نہیں ہوا، چین

اس کے ساتھ یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ جن گھروں میں راشن فراہم کیا جائے گا انہیں نشان زدہ کردیا جائے گا تا کہ دوبارہ دینے سے بچا جاسکے مزید یہ کہ ایک ہیلپ لائن بھی قائم کی جائے گی جہاں مستحق افراد راشن کے لیے اپنا اندراج کرواسکیں گے اور ضروری تصدیق کے بعد انہیں راشن دے دیا جائے گا۔

ایکسپو سینٹر کو عارضی ہسپتال بنانے کا فیصلہ

اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ کور-5 کے ساتھ ایکسپو سینٹر میں 10 ہزار بستروں پر مشتمل آئیسولیشن وارڈ اور فیلڈ ہسپتال قائم کیا جائے گا اور اس سلسلے میں کمشنر کراچی افتخار شلوانی پاک فوج کی معاونت کریں گے۔

اس سلسلے میں پہلے مرحلے میں ایکسپو سینٹر کے ایک ہال کو آئیسولیشن سینٹر میں تبدیل کیا جائے گا اور اس کے بعد دیگر ہالز کو ضرورت کے تحت استعمال کیا جائے گا، پہلے ہال میں بستر، ادویات، ضروری آلات اور ڈاکٹروں سمیت طبی عملہ تعینات کیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024