• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

کورونا وائرس: دفتر خارجہ میں سماجی فاصلہ رکھنے کے اقدامات

شائع March 18, 2020
قونصلر سروسز پر یہ پابندی 18 مارچ سے 3 اپریل 2020 تک برقرار رہے گی—فائل فوٹو:ڈان
قونصلر سروسز پر یہ پابندی 18 مارچ سے 3 اپریل 2020 تک برقرار رہے گی—فائل فوٹو:ڈان

اسلام آباد: دفتر خارجہ نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیشِ نظر ایک خصوصی کوآرڈنیشن سیل قائم کرتے ہوئے سماجی فاصلے کو برقرار رکھنے کے لیے مختلف اقدامات کا بھی اعلان کردیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق دفتر خارجہ نے کہا کہ نو تشکیل شدہ سیل خصوصی سیکریٹری (ایڈمن) معظم احمد خان کی سربراہی میں کام کرے گا اور یہ سیل پاکستان میں موجود سفارت خانوں اور بیرون ملک قائم پاکستانی مشنز کے ساتھ رابطے میں رہے گا۔

سماجی فاصلے کے جو اقدامات دفتر خارجہ نے متعارف کروائے ان میں قونصلر سروسز کی جزوی معطلی بھی شامل ہے جبکہ ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے طریقہ کار میں بھی تبدیلی کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ حکومت کا ریسٹورنٹس، شاپنگ مالز 15 روز کیلئے بند کرنے کا فیصلہ

دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ’کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے خطرے کے پیش نظر وزارت خارجہ نے مختلف دستاویزات کی تصدیق کے لیے عوام کے قونصلر سروس آنے کا عمل روک دیا ہے، تاہم صرف پاور آف اٹارنی (مختار نامہ) کی تصدیق کروانے والے افراد کو بدستور رسائی کی اجازت حاصل رہے گی‘۔

مزید برآں دفتر خارجہ نے بتایا کہ قونصلر سروسز پر یہ پابندی 18 مارچ سے 3 اپریل 2020 تک برقرار رہے گی جس کے بعد صورتحال کا پھر جائزہ لے کر مستقبل کے حوالے سے اعلان کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ اسلام آباد میں قونصلر سروسز دفترخارجہ کے ہیڈ کوارٹرز اور صوبائی دارالحکومتوں کے کیمپ آفسز میں فراہم کی جاتی ہیں اور مختلف دستاویزات کے قانونی عمل کے لیے سیکڑوں افراد روزانہ قونصلر سروس جاتے ہیں۔

مزید پڑھیں: قوم احتیاط کرے، کورونا وائرس بڑی تیزی سے پھیلتا ہے، وزیر اعظم

دفتر خارجہ نے مزید بتایا کہ عوام کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف اسناد کی تصدیق و توثیق کا عمل پاکستان پوسٹ، جیریز، لیپرڈ اور ٹی سی ایس جیسی کوریئر کمپنیوں کے ذریعے انجام دیا جائے گا۔

دوسری جانب ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے طریقہ کار میں بھی تبدیلی کردی گئی جس کے تحت ترجمان کی جانب سے ابتدائی بیان لائیو دیا جائے گا جبکہ صحافی حضرات ای میل کے ذریعے سوالات پوچھ سکیں گے۔

دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق ’ان سوالات کے جوابات ابتدائی بیان کے ساتھ ویب سائٹ پر شائع کردیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: چاروں صوبوں میں کورونا کے مزید 55 کیسز، ملک میں متاثرین کی تعداد 237 ہوگئی

خیال رہے کہ ملک میں اب تک کورونا وائرس کے 237 کیسز سامنے آچکے ہیں جس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے پیشِ نظر حکومت تعلیمی اداروں، تفریحی مقامات، عوامی اجتماعات اور دیگر سماجی تقریبات پر پابندی عائد کرچکی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024