• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

'غیر ملکی کھلاڑی میں کورونا وائرس کی علامات کے بعد پی ایس ایل مؤخر کی'

شائع March 17, 2020 اپ ڈیٹ March 26, 2020
انہوں نے کہا کہ تمام فرنچائزرنے بھرپور تعاون کا اظہار کیا —فوتو: ڈان نیوز
انہوں نے کہا کہ تمام فرنچائزرنے بھرپور تعاون کا اظہار کیا —فوتو: ڈان نیوز

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا ہے کہ ایک غیر ملکی کھلاڑی میں کورونا وائرس کی مشتبہ علامات سامنے آنے کے بعد پی سی بی نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 5 مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا۔

پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی سی بی کے مذکورہ فیصلے میں تمام فرنچائزر نے بھرپور تعاون اور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

مزیدپڑھیں: کورونا وائرس: پی ایس ایل سیمی فائنلز اور فائنل غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی

وسیم خان نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ تمام کھلاڑی میچز کھیلنے کے لیے تیار تھے اور جب فیصلہ کیا گیا تب وہ کھیلنے کے لیے ہوٹل سے نکل چکے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ اس سے قبل ضلعی انتظامیہ کی ایڈویزائری کے مطابق سارے انتظامات کیے جس میں اسٹیڈیم میں اسپرے اور تماشائیوں کے بغیر میچز بھی شامل ہیں۔

وسیم خان نے کہا کہ میچز مؤخر کرنے کا فیصلہ خالصتاً پی سی بی کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میچ ملتوی کیے ہیں لیکن منسوخ نہیں کیے، حالات بہتر ہونے پر میچوں کو ری شیڈول کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں کورونا وائرس سے 6 افراد متاثر، ملک میں کیسز کی تعداد 193 ہوگئی

ری شیڈولنگ سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ 'ابھی کوئی مشاورت نہیں کی گئی جس میں کچھ وقت لگ سکتا ہے'۔

چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے واضح کیا کہ 'کورونا وائرس سے متعلق تمام حکومتی اقدامات کی بھرپور حمایت کرتے ہیں'۔

انہوں نے بتایا کہ میچوں کو مؤخر کرنے سے متعلق فیصلے میں فرنچائزر کی حمایت اور اعتماد بھی شامل ہے۔

وسیم خان کا کہنا تھا کہ پی سی بی نے تمام تر فیصلے شائقین اور کھلاڑیوں کے تحفظ کے لیے اٹھائے ہیں'۔

اس سے قبل پی سی بی نے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ 'ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کو ملتوی کردیا گیا'۔

پی سی بی کی جانب سے کورونا وائرس کے پیش نظر آج ہونے والے ایونٹ کے دونوں سیمی فائنلز اور کل (18 مارچ) کو ہونے والا فائنل کو فی الحال ملتوی کردیا گیا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر پی ایس ایل سیزن 5 میں پلے آف کا مرحلہ ختم کرکے سیمی فائنل تک کردیا گیا تھا اور 22 مارچ کو ہونے والے فائنل کو بھی 18 مارچ کو کردیا گیا تھا۔

اگر ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی بات کی جائے تو اس سے سب سے زیادہ صوبہ سندھ متاثر ہے جہاں مریضوں کی تعداد 150 تک پہنچ گئی ہے جبکہ اس کے بعد صوبہ خیبرپختونخوا میں 15 اور بلوچستان میں 10 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

مزیدپڑھیں: 'خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس کا کوئی کیس نہیں'

کورونا وائرس کے باعث پہلے سندھ کے دارالحکومت کراچی میں 13 مارچ سے پی ایس ایل کے میچز بغیر شائقین کے کرانے کا فیصلہ ہوا تھا جبکہ بعد ازاں لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں بھی شائقین کے بغیر میچز کروائے گئے تھے۔

اس کے علاوہ پی ایس ایل کو ری شیڈول کرتے ہوئے اس کے کراچی میں ہونے والے آخر کے میچز کو لاہور منتقل کردیا گیا تھا اور دونوں سیمی فائنلز اور فائنلز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے تھے۔

اگر مجموعی طور پر پی ایس ایل کی ٹاپ 4 ٹیموں کی بات کریں جو سیمی فائنل تک پہنچی تھیں تو اس میں ملتان سلطانز، کراچی کنگز، لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کی ٹیم شامل تھی۔

یہاں یہ بات یاد رہے کہ یہ پاکستان سپر لیگ کی تاریخ میں پہلا موقع تھا کہ لاہور قلندرز کی ٹیم کسی بھی سیزن کے ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچی تھی۔

پی ایس ایل میں آج پہلا سیمی فائنل ملتان سلطانز اور پشاور زلمی جبکہ دوسرا سیمی فائنل کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے درمیان شیڈول تھا، جبکہ ان دونوں میچ کی فاتح ٹیمز فائنل میں ٹکراتی تاہم اب ایونٹ کو ملتوی کردیا گیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024