• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

متحدہ عرب امارات میں مساجد میں نماز، سماجی تقریبات معطل

شائع March 16, 2020 اپ ڈیٹ March 17, 2020
متحدہ عرب امارات میں تفریحی مقامات کو بھی بند کردیا گیا ہے—فوٹو: اے ایف پی
متحدہ عرب امارات میں تفریحی مقامات کو بھی بند کردیا گیا ہے—فوٹو: اے ایف پی

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں حکومت نے کورونا وائرس کے خدشے کے باعث مساجد میں نماز سمیت تمام مذاہب کے عبادت گاہوں میں عبادت اور دیگر سماجی تقریبات معطل کرنے کا حکم جاری کردیا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی 'رائٹرز' کے مطابق متحدہ عرب امارات کی وزارت صحت نے احکامات جاری کیے ہیں کہ شادی کی تقریبات اور دیگر سماجی تقریبات 4 ہفتوں کے لیے عارضی طور پر معطل کردی گئی ہیں۔

مزید پڑھیں:سعودی عرب لاک ڈاؤن: پاکستانی زائرین کی واپسی کیلئے 3 دن کی توسیع

سرکاری نیوز ایجنسی کا حوالہ دیتے ہوئے مزید کہا گیا ہے کہ حکام نے ‘مساجد سمیت تمام عبادت گاہوں میں عبادات پر بھی پابندی عائد کردی ہے’۔

متحدہ عرب امارات نے اس سے قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان میں عوام کو روز مرہ ضرورت کی اشیا کی فراہمی کو یقینی بنانے کا عزم ظاہر کیا تھا جبکہ اس سے قبل سپر مارکیٹس میں عوامی رش بڑھ گیا تھا۔

دبئی کی حکومت نے ایک سرکلر میں پورے خطے میں سیاحت اور کاروباری مراکز سمیت دیگر مقامات کو مارچ کے آخر تک بند رکھنے کا حکم دے دیا ہے۔

ابوظہبی اور دبئی میں جمز، عوامی پارک اور تفریحی مقامات کے علاوہ اسٹاک مارکیٹ کو بھی بند کردیا ہے تاہم متحدہ عرب امارات میں ریسٹورنٹس بدستور کھلے ہوں گے اور دیگر ریاستیں بھی فوڈ ڈلیوری کی اجازت دے رہی ہیں۔

دبئی کی حکومت نے تفریحی مقامات کو خالی کرنے کا حکم جاری کردیا ہے—فوٹو:اے ایف پی
دبئی کی حکومت نے تفریحی مقامات کو خالی کرنے کا حکم جاری کردیا ہے—فوٹو:اے ایف پی

دوسری جانب سرکاری میڈیا کے مطابق مشرق وسطیٰ کے دیگر ممالک سعودی عرب اور کویت، قطر کی جانب سے ریسٹورنٹس اور کیفے میں کھانے پر عائد کی گئی پابندی کی پیروی کر رہے ہیں۔

عمان میں نماز جمعہ کا اجتماع بھی معطل کرنے اور ہسپتالوں میں معمولی سرجریز کو بھی منسوخ کرنے کا اعلان کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:کورونا وائرس: احتیاط کے پیش نظر مسجد الاقصیٰ اور قبۃ الصخرہ بند

خیال رہے کہ مشرق وسطیٰ میں کورونا وائرس کے کئی متاثرین ایران کا سفر کرکے آئے ہوئے ہیں، ایران میں اب تک وائرس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 853 اور متاثرین 14 ہزار 991 ریکارڈ کیے گئے ہیں۔

متحدہ عرب امارات کی حکومت نے ٹوئٹر پر کہا کہ سرجیکل ماسک اور گلوز سمیت 32 ٹن ادویات کے دو جہاز ایران کو بھیج دیے گئے ہیں۔

بحرین میں کوروناوائرس سے پہلی ہلاکت

رپورٹ کے مطابق بحرین میں کورونا وائرس کے باعث پہلی ہلاکت ہوئی ہے جس کے بعد سعودی عرب نے اپنے شہریوں کو گھروں تک محدود رہنے کی ہدایت کی ہے۔

بحرینی وزارت صحت کی ٹوئٹ کے مطابق 65 سالہ خاتون کورونا وائرس کے باعث ہلاک ہوئیں جبکہ 221 متاثرین ہیں جن میں سے اکثر گزشتہ ہفتے ایران سے لائے گئے شہری ہیں۔

مزید پڑھیں:کورونا وائرس 150 سے زائد ممالک تک پھیل گیا، ہلاکتیں 6 ہزار تک جا پہنچیں

قطر میں 38 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے 3 افراد یورپ کا سفر کر چکے تھے جس کے بعد مجموعی تعداد 439 ہوگئی اور خلیج تعاون کونسل میں شامل 6 ممالک میں ایک ہزار 21 متاثرین کی تصدیق ہوئی ہے۔

کونسل کے اراکین نے داخلی راستوں اور دیگر سرگرمیوں کو محدود کردیا ہے، سعودی عرب اور کویت نے تمام بین الاقوامی پروازیں معطل کردی ہیں اور اہم عوامی مقامات بھی بند کردیے ہیں۔

سعودی عرب کے وزیر صحت توفیق الربیعہ نے نیوز کانفرنس میں کہا تھا کہ ‘ہمیں امید ہے کہ شہری گھروں تک محدود ہوں گے اور غیر ضروری طور پر باہر نہیں جائیں گے’۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024