• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

دنیا کا کم عمر ترین کورونا وائرس کا شکار نومولود

شائع March 15, 2020
— شٹر اسٹاک فوٹو
— شٹر اسٹاک فوٹو

برطانیہ میں پیدائش کے فوری بعد ایک بچے میں نئے نوول کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووڈ 19 کی تشخیص ہوئی ہے اور اس طرح وہ اس مرض کے شکار دنیا کے کم عمر ترین افراد میں شامل ہوگیا ہے۔

برطانوی روزنامے انڈیپینڈنٹ کی رپورٹ کے مطابق بچے کی پیدائش سے قبل اس کی ماں میں بیماری کا ٹیسٹ ہوا تھا مگر اس کی تصدیق بچے کی پیدائش کے بعد ہوئی تھی۔

پیدائش کے چند منٹوں بعد ہی بچے میں بھی کووڈ 19 کا ٹیسٹ ہوا جو مثبت آیا اور اب ڈاکٹر یہ جاننے کی کوشش کررہے ہیں کہ یہ وائرس بچے میں پیدائش کے دوران منتقل ہوا یا ماں کے پیٹ میں اس کا شکار ہوچکا تھا۔

اس بچے کی ماں کا پہلے نمونیا کے شک میں علاج ہورہا تھا اور وہ علاج کے لیے دوسرے ہسپتال میں منتقل ہوئی تھی۔

جب ماں اور بچے میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تو دونوں کو علاج کے لیے الگ الگ ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔

مقامی ہسپتال کے ترجمان نے روزنامے کو بتایا 'نارتھ مڈل سیکس یونیورسٹی ہاسپٹل میں 2 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، جن میں سے ایک کو اسپیشلسٹ سینٹر منتقل کردیا گیا جبکہ ایک کا آئسولیشن روم میں علاج ہورہا ہے'۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ مریضوں اور عملے کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے، تو پبلک ہیلتھ انگلینڈ کی ہدایات کے مطابق ہم ان حصوں کو مسلسل صاف کرتے ہیں جہاں مریضوں کا خیال رکھا جاتا ہے جبکہ طبی عملے کو خود سے الگ تھلگ ہونے کا کہا جاتا ہے'۔

ماں اور بچے کے قریب جانے والے طبی عملے کو بھی خود کو الگ تھلگ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

15 مارچ کی شام تک دنیا بھر میں کورونا وائرس کے ایک لاکھ 56 ہزار 400 مریضوں میں سے 73 ہزار 986 مریض صحت یاب ہو چکے تھے جب کہ 82 ہزار 432 افراد تاحال بیماری کا مقابلہ کر رہے تھے۔

برطانیہ میں اس وائرس سے 11 سو سے زائد افراد متاثر، 21 ہلاک اور 19 صحت یاب ہوچکے ہیں۔

چین میں تاحال 81 ہزار کے قریب کورونا وائرس کے مریضوں کو رجسٹرڈ کیا جا چکا ہے جن میں سے تقریبا 67 ہزار تک مریض صحت یاب ہوچکے ہیں جب کہ تین ہزار سے زائد افراد اپنی زندگی کی بازی ہار گئے۔

اب چین سے روزانہ 10 سے 20 کے درمیان مریض سامنے آ رہے ہیں جن کا علاج مختلف ہسپتالوں میں علاج کیا جا رہا ہے، اس کے مقابلے میں یورپ میں یہ تعداد بہت زیادہ بڑھ چکی ہے۔

یورپ کے تیزی سے متاثر ہونے والے ممالک میں اٹلی 21 ہزار 157 مریضوں کے ساتھ سرفہرست ہے جب کہ اسپین ساڑھے 6 ہزار مریضوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے، جرمنی اور فرانس میں بھی بالترتیب ساڑھے 4 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

یورپ کے دیگر ممالک سوئٹزرلینڈ، برطانیہ، ناروے، سویڈن اور نیدرلینڈ میں بھی ایک ہزار سے 1400 تک کیسز رپورٹ ہو چکےہیں۔

چین کے بعد کورونا وائرس سے سب سے زیادہ ہلاکتیں 1441 اٹلی میں ہوئی ہیں، ہلاکتوں کے حوالے سے دوسرے نمبر پر611 کے ساتھ ایران دوسرے، 196 کے ساتھ اسپین تیسرے، 91 کے ساتھ فرانس چوتھے، 72 کے ساتھ جنوبی کوریا پانچویں اور 60 کے قریب تک ہلاکتوں کے ساتھ امریکا چھٹے نمبر پر ہے۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد میں سے 15 مارچ کی شام تک 5 ہزار 833 افراد ہلاک ہوچکے تھے جن میں سے سب سے زیادہ ہلاکتیں چین میں ہوئی تھیں تاہم اب وہاں ہلاکتوں اور نئے مریضوں کے سامنے آنے کا سلسلہ انتہائی کم ہوچکا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024