• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

کورونا وائرس: گھروں تک محدود اٹلی کے عوام کے بلند حوصلے کو دنیا کس طرح دیکھتی ہے؟

شائع March 15, 2020
اٹلی کے عوام نے گھروں کی بالکونی میں کھڑے ہوکر گیت گاکر خوشی کا اظہار کیا —فوٹو: اے پی
اٹلی کے عوام نے گھروں کی بالکونی میں کھڑے ہوکر گیت گاکر خوشی کا اظہار کیا —فوٹو: اے پی

’کورونا وائرس‘ سے چین کے بعد دنیا میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ملک اٹلی نے اگرچہ 6 مارچ کو ہی احتیاطی تدابیر کے پیش نظر ملک بھر میں لاک ڈاؤن نافذ کرتے ہوئے کروڑوں افراد کو اپنے ہی گھروں تک محدود کردیا تھا۔

تاہم پھر بھی اٹلی سے ہر روز کورونا وائرس کے متاثرہ کیسز سمیت ہلاکتوں کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔

اٹلی کی حکومت نے اپنے شمالی علاقے کے ڈیڑھ کروڑ سے زائد افراد کو اپنے گھروں میں رہنے کا حکم دیتے ہوئے ان کے گھروں کو قرنطینہ کا درجہ دیا تھا اور اب وہاں کے عوام گزشتہ 10 دن سے گھروں میں محصور ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اٹلی میں ڈیڑھ کروڑ افراد پر قرنطینہ قوانین کا لازمی اطلاق

کورونا وائرس کی وجہ سے جہاں دنیا بھر میں خوف پھیلا ہوا ہے، وہیں اٹلی میں سب سے زیادہ خوف پھیل چکا ہے اور وہاں کے شہر، گلیاں، ہوٹل، سیاحتی مرکز، تعلیمی ادارے، شاپنگ سینٹرز اور عبادت گاہیں بھی سنسان ہو چکی ہیں۔

لیکن خوف کی ایسی فضا میں اٹلی کے عوام نے اپنے حوصلے پست کرنے کے بجائے خوش رہنے کے نئے مواقع تلاش کرتے ہوئے گھروں میں رہنے کے باوجود ایک دوسرے کو خوشیاں فراہم کرنے کے نئے طریقے دریافت کرلیے۔

کورونا وائرس کی وجہ سے گھروں تک محدود اٹلی کے عوام نے اپنے ہی گھروں کی بالکونی میں رہ کر موسیقی کے آلات بجائے، گیت گانے اور ایک دوسرے سے دوری کے باوجود اشاروں سے باتیں کرنے کے عمل کے باعث دنیا کو پیغام دیا کہ اگر وہ کسی مصیبت کا سامنا کرنے کی وجہ سے گھروں تک محدود ہیں تو کیا ہوا، ان کے جذبوں اور حوصلوں کو ختم نہیں کیا جا سکتا۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

برطانوی اخبار ’دی گارجین‘ کے مطابق اٹلی کے عوام نے تقریبا 10 مارچ تک گھروں میں محصور رہنے کے بعد اچانک 13 اور 14 مارچ کو گھروں کی بالکونی میں کھڑے ہوکر گیت گاکر اور موسیقی کے آلات بجا کر دنیا کو پیغام دیا کہ ان کے حوصلے پست نہیں ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق اٹلی کے مختلف شہروں میں نہ صرف عام افراد نے گیت گا کر اور موسیقی بجا کر ایک دوسرے کو محظوظ کیا بلکہ کچھ شہروں میں رہنے والے فن اور میوزک سے وابستہ افراد نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کرکے لوگوں کو گھروں کی بالکونی میں آکر جھومنے اور گیت گانے پر مجبور کردیا۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اٹلی کے مختلف شہروں کی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کس طرح سنسان گلیوں کے باوجود لوگ گھروں کی بالکونی میں کھڑے ہو کر نہ صرف گیت گا رہے ہیں بلکہ وہ رقص بھی کر رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں اٹلی کے عوام کو جہاں ملک کا قومی ترانہ گاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، وہیں کئی افراد نے اٹلی کے روایتی لوک و قومی گیت بھی گائے جب کہ کچھ افراد نے جدید میوزک کو بھی گایا اور کورونا کی وجہ سے گھروں میں خوف میں موجود اپنے ہی عوام کو خوش کردیا۔

اٹلی کے مختلف شہروں میں گھروں تک محدود رہنے والے افراد کی جانب سے اپنے گھروں کی بالکونی میں گیتوں پر پرفارمنس کرنے کی ویڈیوز کو دنیا بھر میں سراہا گیا اور اٹلی کے عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

خیال رہے کہ 15 مارچ کی دوپہر تک اٹلی میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بڑھ کر 21 ہزار 157 سے زائد ہو چکی تھی جب کہ وہاں ہلاکتوں کی تعداد 1414 تک جا پہنچی تھی۔

دنیا بھر میں 15 مارچ کی دوپہر تک مریضوں کی تعداد بڑھ کر ایک لاکھ 56 ہزار 400 تک جا پہنچی تھی، جن میں سے 5 ہزار 833 افراد ہلاک ہوچکے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024