بینظیر انکم سپورٹ میں 44 لاکھ نئے نام شامل کرنے کا عمل جاری
اسلام آباد: قومی اسمبلی کے اجلاس میں بتایا گیا ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کی فہرست میں سے 8 لاکھ ’غیر مستحق‘ افراد کے نام نکالنے کے بعد 44 لاکھ نئے نام شامل کیے جارہے ہیں۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایک تحریری سوال پر وزیر انچارج برائے غربت کے خاتمے اور سماجی تحفظ کی جانب سے دیے گئے جواب میں ایوان کو بتایا گیا کہ کفالت پروگرام کے تحت 44 لاکھ افراد کو شامل کیا جائے گا جس میں سے ملک کے 15 اضلاع سے 70 ہزار افراد کے نام شامل کیے جاچکے ہیں۔
ایوان کو 2 ماہ قبل اس پروگرام سے خارج کیے گئے 8 لاکھ 20 ہزار 165 مستفید افراد کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ ان میں ایک لاکھ 53 ہزار 302 افراد وہ تھے جنہوں نے (خود ایک مرتبہ) بیرونِ ملک سفر کیا، ایک لاکھ 95 ہزار 364 افراد وہ تھے جن کے شریک حیات نے ایک مرتبہ بیرونِ ملک سفر کیا۔
یہ بھی پڑھیں: بی آئی ایس پی سے ایک لاکھ 40 ہزار سرکاری ملازمین کے مستفید ہونے کا انکشاف
اسی طرح 10 ہزار 467 افراد نے ایک سے زائد مرتبہ جبکہ ایک لاکھ 66 ہزار 319 افراد کے شریک حیات نے ایک سے زائد مرتبہ بیرونِ ملک سفر کیا۔
ایوان کو بتایا گیا کہ 692 افراد کو ایک یا زائد (ذاتی) گاڑیوں، 43 ہزار 746 کے (شریک حیات کے پاس) ایک یا زائد گاڑیاں ہونے پر خارج کیا گیا۔
علاوہ ازیں 24 ہزار 546 افراد کا ایک ہزار روپے کا (ذاتی) ماہانہ پی ٹی سی ایل بل جبکہ ایک لاکھ 15 ہزار 767 کے شریک حیات کو ایک ہزار روپے کا پی ٹی سی ایل بل موصول ہونے پر نکالا گیا۔
مزید یہ کہ 666 افراد وہ تھے جنہون نے سرکاری مراکز کے ذریعے (ذاتی) پاسپورٹ کے لیے اپلائی کیا جبکہ 580 نے انہی مراکز سے (شریک حیات کے) پاسپورٹ کے لیے اپلائی کیا۔
مزید پڑھیں: انکم سپورٹ پروگرام سے مستفید افسران کے نام منظر عام پر لائے جائیں، وزیراعظم
ایوان میں بتایا گیا کہ خارج کیے گئے افراد میں 36 ہزار 970 وہ تھے جن کے اہل خانہ کے 3 یا زائد اراکین نے سرکاری فیس کی ادائیگی کے بعد قومی شناختی کارڈ کے لیے اپلائی کیا۔
دوسری جانب 14 ہزار 730 (ذاتی طور پر) سرکاری ملازمین جبکہ خارج کی گئیں ایک لاکھ 27 ہزار 826 مستفید خواتین سرکاری ملازمین کی اہلیہ تھیں۔
تبصرے (2) بند ہیں