کورونا وائرس کے سبب انگلینڈ کا دورہ سری لنکا منسوخ
کورونا وائرس کے عالمی سطح پر بڑھتے ہوئے خطرے کے پیش نظر انگلینڈ نے سری لنکا کا دورہ منسوخ کردیا ہے اور دورے کا شیڈول بعد میں دوبارہ ترتیب دیا جائے گا۔
انگلینڈ کی ٹیم اس وقت سری لنکا میں دورے کا آخری وارم اپ میچ کھیل رہی تھی اور اس اعلان کے بعد چند منٹ بعد کھلاڑی میدان سے باہر چلے گئے اور اب انگلش ٹیم وطن واپس روانہ ہو جائے گی۔
اس وارم اپ میچ کو منسوخ کردیا گیا جس میں سری لنکا بورڈ پریذیڈنٹ الیون نے پہلی اننگز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 150رنز بنائے تھے۔
سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 19مارچ سے شروع ہونا تھا لیکن دونوں کرکٹ بورڈز نے باہمی مشاورت سے مزید سیریز نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا۔
انگلش کرکٹ بورڈ کے ترجمان کے مطابق سری لنکا میں ہماری ٹیم اور سری لنکن کرکٹ بورڈ کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ سیریز کو فی الحال ملتوی کردیا جائے اور کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف کو گھر واپس لایا جائے، ہم سیریز کو دوبارہ شیڈول کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
کرک انفو کے مطابق سری لنکا نے تماشائیوں کے بغیر اسٹیڈیم بند کر کے بھی میچز کے انعقاد کی پیشکش کی تھی لیکن انگلش کرکٹ بورڈ نے یہ کہتے ہوئے مکمل دورہ ملتوی کرنے پر اصرار کیا کہ ان کے کھلاڑی اس صورتحال میں مکمل توجہ کے ساتھ ٹیسٹ سیریز میں شرکت نہیں کر سکیں گے اور یہ فیصلہ کرکٹ سے بالاتر ہے۔
قابل ذکر امر یہ ہے کہ ابھی تک برطانیہ کے مقابلے میں سری لنکا میں کورونا وائرس سے کم لوگ متاثر ہوئے ہیں اور اب تک صرف 3 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، تاہم وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سرحدوں کی ممکنہ بندش اور بین الاقوامی پروازوں کی منسوخی کے امکان کے پیش نظر انگلینڈ کے کھلاڑیوں نے اپنے اہلخانہ کے پاس واپسی کی خواہش ظاہر کی۔
مزید پڑھیں: کورونا وائرس کا خطرہ: 'انگلش پلیئرز دورہ سری لنکا میں ہاتھ نہیں ملائیں گے'
انگلش کرکٹ بورڈ نے اپنے بیان میں کہا کہ کورونا وائرس کی دنیا بھر میں بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر سری لنکن کرکٹ حکام سے مشاورت کے بعد ہم نے انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان سیریز کے التوا اور کھلاڑیوں کی برطانیہ واپسی کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ دورہ ملتوی ہونے کا جہاں سری لنکا کو بڑا مالی نقصان ہوا ہے وہیں رواں سال انگلینڈ کے مصروف شیڈول کو مدنظر رکھتے ہوئے سیریز کا جنوری 2021 سے قبل انعقاد مشکل نظر آتا ہے۔
انگلینڈ کو اگلا دورہ جون میں ویسٹ انڈیز کا کرنا ہے لیکن موجودہ صورتحال کے پیش نظر یہ دورہ بھی کھٹائی میں پڑتا نظر آ رہا ہے کیونکہ ماہرین کا کہنا ہے کہ برطانیہ میں یہ وائرس 10 سے 14 ہفتوں بعد اپنے عروج پر پہنچے گا۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ انگلینڈ کی ٹی20 لیگ ’ٹی20 بلاسٹ‘ کا آغاز بھی 28 مئی سے ہونا ہے اور یہ 12 جولائی تک جاری رہے گی لیکن وائرس کے خطرے کے پیش نظر اب یہ ایونٹ بھی متاثر ہو سکتا ہے۔
انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان سیریز ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا حصہ تھی جس میں دو ٹیسٹ میچ کھیلے جانے تھے۔