• KHI: Fajr 5:56am Sunrise 7:17am
  • LHR: Fajr 5:36am Sunrise 7:02am
  • ISB: Fajr 5:44am Sunrise 7:13am
  • KHI: Fajr 5:56am Sunrise 7:17am
  • LHR: Fajr 5:36am Sunrise 7:02am
  • ISB: Fajr 5:44am Sunrise 7:13am

پاکستان میں کھیلنے کا تجربہ ناقابل یقین اور سب سے بہترین رہا، معین علی

شائع March 13, 2020 اپ ڈیٹ March 15, 2020
انگلینڈ کے معین علی پاکستان سپر لیگ میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کر رہے ہیں — فائل فوٹو: اے ایف پی
انگلینڈ کے معین علی پاکستان سپر لیگ میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کر رہے ہیں — فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کرنے والے انگلینڈ کے معروف آل راؤنڈر معین علی نے کہا ہے کہ پی ایس ایل میں ان کی شرکت کی ایک اہم وجہ پاکستان میں عالمی کرکٹ کی واپسی تھی۔

معین علی نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ میں یہاں کا ماحول اور فرنچائز کرکٹ سے بھی لطف اندوز ہونا چاہتا تھا لیکن پی ایس ایل میں شرکت کی اصل وجہ یہ تھی کہ میں پاکستان میں دوبارہ کرکٹ ہوتے ہوئے دیکھنا چاہتا تھا تاکہ ان کے شائقین بھی اچھے کھلاڑیوں کو سامنے کھیلتا ہوا دیکھ سکیں۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل کا شیڈول تبدیل، پلے آف میچز ختم، فائنل 18مارچ کو ہو گا

ان کا کہنا تھا کہ میرے آباؤ اجداد کا پاکستان سے تعلق ہونے کی وجہ سے یہاں آنا اور آ کر کھیلنا ایک مختلف تجربہ ثابت ہوا، میرے والد چاہتے تھے کہ میں یہاں آ کر کھیلوں، یہ تجربہ بہت شاندار رہا، میں نے یہاں جو تین میچز کھیلے، ان میں ماحول ناقابل یقین تھا اور یہ اب تک کا میرا سب سے بہترین تجربہ رہا۔

جب ان سے مستقبل میں انگلینڈ کے ممکنہ دورہ پاکستان کے حوالے سے سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ اگر انگلینڈ کی ٹیم یہاں کا دورہ کرتی ہے تو میں اس کے لیے سب سے اہم کردار ادا کروں گا، اس سے بقیہ دنیا کو بھی پیغام جائے گا جو کرکٹ کے لیے بہترین ہو گا۔

آئی سی سی کے فیوچر ٹور پروگرام کے تحت انگلینڈ کو 3 ٹیسٹ اور 5 ون ڈے میچوں کے لیے 2022 کے آخری ماہ میں پاکستان کا دورہ کرنا ہے۔

معین علی نے کہا کہ اگر مجھ سے دورہ پاکستان کے حوالے سے سوال پوچھا گیا تو میں یقیناً سچائی سے کام لوں گا اور جانبدار رویہ نہیں اپناؤں گا، میں جو کچھ بھی سوچتا ہوں اس بارے میں آگاہ کردوں گا۔

انگلش کرکٹر نے کہا کہ میں یہاں خود کو محفوظ تصور کرتا ہوں اور بحیثیت کھلاڑی میں چاہتا ہوں کہ یہاں کرکٹ کی واپسی ہو اور میں اس کا حصہ ہوں، میں امید کرتا ہوں کہ میں اس گروپ کا حصہ ہوں گا جو یہاں کا دورہ کرے گا اور پاکستان میں دوبارہ کرکٹ کھیلے گا۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس کا خطرہ: 10 غیر ملکی کھلاڑی پی ایس ایل سے دستبردار

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ میں شرکت کے لیے آئے معین علی کے ہمراہ ان کی بیوی فیروزہ، بچے اور والدین بھی پاکستان آئے ہیں۔

آل راؤنڈر نے کہا کہ پاکستان ایک خوبصورت ملک ہے، یہاں کا کھانا، مقامات، لوگ بہترین ہیں، پاکستان میں کچھ ایسا ہے جو بقیہ جگہوں سے مختلف ہے، مجھے نہیں پتہ کہ یہ میرے آباؤاجداد کے یہاں سے تعلق کی وجہ سے ہے یا کچھ اور وجہ ہے لیکن کچھ مختلف ضرور ہے، یہاں کے لوگ انتہائی مہمان نواز ہیں، وہ آپ کا بہت خیال رکھتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 2 جنوری 2025
کارٹون : 1 جنوری 2025