• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پی ایس ایل کا شیڈول تبدیل، پلے آف میچز ختم، فائنل 18مارچ کو ہو گا

شائع March 13, 2020 اپ ڈیٹ March 15, 2020
پاکستان سپر لیگ کا فائنل میچ پہلے 22مارچ کو قذافی اسٹیڈیم میں شیڈول تھا— فائل فوٹو: اےا یف پی
پاکستان سپر لیگ کا فائنل میچ پہلے 22مارچ کو قذافی اسٹیڈیم میں شیڈول تھا— فائل فوٹو: اےا یف پی

کورونا وائرس کے سبب پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے شیڈول اور فارمیٹ میں تبدیلی کردی گئی ہے اور اب لیگ میں 34کے بجائے 33 میچز ہوں گے جبکہ پلے آف میچز کی جگہ سیمی فائنل کھیلے جائیں گے۔

کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر پاکستان سپر لیگ کے پلے آف مرحلے اور فائنل میچوں کی تاریخیں تبدیل کردی گئی ہیں اور 22مارچ کو شیڈول فائنل اب تاریخ کی تبدیلی کے بعد 18مارچ کو ہو گا۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس کا خطرہ: 10 غیر ملکی کھلاڑی پی ایس ایل سے دستبردار

وائرس کے خطرے کے سبب لیگ کے شیڈول میں 4دن کم کر دیے گئے ہیں تاکہ ناصرف غیرملکی کھلاڑی باحفاظت جلد از جلد وطن واپس لوٹ سکیں بلکہ لیگ کو بھی بخیر و خوبی منطقی انجام تک پہنچایا جا سکے۔

اس سے قبل پاکستان سپر لیگ میں دو سرفہرست ٹیموں کے درمیان ایک کوالیفائر اور دو ایلیمنیٹر میچز کھیلے جانے تھے لیکن اب ورلڈ کپ کی طرز پر سیمی فائنل میچز کا انعقاد ہو گا اور ان کی فاتح ٹیمیں فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔

نئے شیڈول کے تحت ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل 17مارچ کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں راؤنڈ مرحلے میں پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست رہنے والی ٹیم اور چوتھے نمبر کی ٹیم کے درمیان دوپہر 2بجے ہو گا۔

اسی دن قذافی اسٹیڈیم ایونٹ کے دوسرے سیمی فائنل کی میزبانی کرے گا جو پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے اور تیسرے نمبر کی ٹیموں کے درمیان شام 7بجے کھیلا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا کا مذاق بنانے والے باسکٹ بال کھلاڑی میں وائرس کی تصدیق

ان دونوں میچز کی فاتح ٹیمیں فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیں گی جو 18مارچ کو شام 7بجے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ وہ پنجاب حکومت سے مستقل رابطے میں ہیں اور قذافی اسٹیڈیم میں منعقد ہونے والے ایونٹ کے آخری چاروں میچوں کے لیے شائقین کو اسٹیڈیم میں جانے کی اجازت کے حوالے سے حکومت سے رہنمائی لیں گے تاہم اس بارے میں فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔

دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی کورونا وائرس کے مریض سامنے آنے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ اور حکومت نے مشترکہ لائحہ عمل اپناتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنی شروع کردی ہیں۔

گزشتہ روز حکومت سندھ نے اعلان کیاتھا کہ کراچی میں شیڈول لیگ کے اب بقیہ تمام میچز میں شائقین کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت نہیں ہو گی اور خالی اسٹیڈیم میں میچز کھیلے جائیں گے۔

آج پاکستان کرکٹ بورڈ نے وائرس کے سبب احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے تمام غیرملکی کھلاڑیوں کو اجازت دے دی تھی کہ اگر وہ چاہیں تو وطن واپس لوٹ سکتے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے اس اعلان کے بعد 10 کھلاڑیوں اور ایک کوچ نے لیگ کے بقیہ میچز سے دستبرداری کا اعلان کردیا۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان سپر لیگ اس وائرس سے متاثر ہونے والا واحد ایونٹ نہیں بلکہ دنیابھر کے کھیلوں کے مقابلے اس سے متاثر ہو چکے ہیں اور ان کا انعقاد خطرے میں پڑ گیا ہے۔

دنیا کی سب سے بڑی کرکٹ لیگ انڈین پریمیئر لیگ نے اپنے مقابلے 29مارچ سے ملتوی کردیے ہیں اور اب لیگ کا انعقاد 15اپریل سے کیا جائے گا۔

اسی طرح دنیا کے مشہور ترین مقابلے یوئیفا چیمپیئنز لیگ اور دنیا کی مہنگی ترین لیگز میں سے ایک نیشنل باسکٹ بال ایسوسی ایشن (این بی اے) نے بھی کورونا وائرس کے باعث تاحکم ثانی مقابلے منسوخ کردیے ہیں۔

یورپ میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ملک اٹلی میں مکمل لاک ڈاؤن ہے اور ہر قسم کے کھیلوں کے مقابلے منسوخ کر دیے گئے ہیں جبکہ جن ملکوں میں میچز منعقد ہورہے ہیں انہیں بھی خالی اسٹیڈیم میں منعقد کیا جا رہا ہے۔

آج مشہور ہسپانوی فٹبال لیگ 'لا لیگا' کے مقابلے بھی منسوخ کر دیے گئے ہیں جبکہ مشہور آسٹریلین گرینڈ پرکس کے مقابلے بھی تاحکم ثانی معطل کر دیے گئے ہیں۔

اسی طرح اے ٹی پی ٹور نے ٹینس کے تمام مقابلوں کو منسوخ کردیا ہے اور میچز کے لیے اگلی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا جبکہ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے تمام ممالک کو انتباہ جاری کیا گیا ہے کہ وہ ہر ممکن حد تک کوشش کریں کہ اپنے عوام کو ایک جگہ اجتماع کی صورت میں جمع نہ ہونے دیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024