• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

لمز میں کورونا وائرس کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا، وائس چانسلر کی تصدیق

شائع March 12, 2020
کورونا وائرس سے ملک میں 21 افراد متاثر ہوچکے ہیں —فوٹو: شٹر اسٹاک
کورونا وائرس سے ملک میں 21 افراد متاثر ہوچکے ہیں —فوٹو: شٹر اسٹاک

لاہور یونیورسٹی آف منیجمنٹ سائنسز (لمز) نے ان افواہوں کو مسترد کردیا کہ جامعہ میں کورونا وائرس کا کوئی کیس رپورٹ ہوا ہے۔

ڈان ڈاٹ کام سے گفتگو کرتے ہوئے لمز کے وائس چانسلر ارشد احمد نے اس بات کی تصدیق کی کہ کورونا وائرس کے کیس سے متعلق خبریں درست نہیں۔

علاوہ ازیں لمز کی ایسوسی ایٹ پروفیسر آف سوشیالوجی (عمرانیات) ندا کرمانی نے لوگوں کو اس طرح کی غلط معلومات پھیلانے پر خبردار بھی کیا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ میں ان کا کہنا تھا کہ لمز اور کورونا سے متعلق افواہیں زیر گردش ہیں، ان پر یقین نہ کیا جائے اور نہ ہی انہیں پھیلایا جائے۔

مزید پڑھیں: گلگت بلتستان میں کورونا کا ایک اور کیس، ملک میں مجموعی تعداد 21 ہوگئی

انہوں نے لکھا کہ عام اصول کے طور پر عالمی خوف و ہراس کے وقت سوشل میڈیا کے ساتھ مشغول ہونے میں احتیاط کریں اور شیئر کرنے سے پہلے معلومات کی تصدیق کرلیں۔

خیال رہے کہ سوشل میڈیا پر اس طرح کی خبریں زیر گردش تھی کہ لمز میں کورونا وائرس کا کوئی کیس سامنے آیا ہے تاہم اس حوالے سے کسی بھی طرح کی تصدیق سامنے نہیں آئی تھی۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر رہے کہ ملک میں کورونا کے پھیلاؤ کے پیش نظر پنجاب میں میڈیکل ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

اس بارے میں صوبائی وزیر صحت یاسمین راشد نے اعلان کیا تھا کہ کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر صوبے میں میڈیکل ایمرجنسی نافذ کی گئی۔

انہوں نے کہا تھا کہ صوبے کے 5 ہوائی اڈوں پر نگرانی بڑھادی گئی ہے، ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ ممکنہ پھیلاؤ سے نمٹنے کے لیے رجب طیب اردوان ہسپتال مظفر گڑھ اور لاہور میں پاکستان کڈنی اینڈ لیور ہسپتال سمیت 3 ہسپتال مختص کردیے ہیں۔

تاہم انہوں نے شہریوں پر زور دیا تھا کہ وہ معاملے کو سنجیدگی سے لیں اور باقاعدگی سے ہاتھ دھونے اور چہرے کو چھونے جیسے حفاظتی اقدامات پر عمل کریں۔

یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آگیا

یاد رہے کہ ملک میں گلگت بلتستان میں 12 مارچ کو ایک اور کیس سامنے آنے کے بعد کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 21 ہوگئی ہے۔

تاہم یہاں یہ بات مدنظر رہے کہ اب تک سامنے آنے والے 21 کیسز میں سے کوئی بھی کیس صوبہ پنجاب سے سامنے نہیں آیا۔

پاکستان میں کورونا وائرس

  • پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا۔

  • 26 فروری کو ہی معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے ملک میں مجموعی طور پر 2 کیسز کی تصدیق کی۔

  • 29 فروری کو ڈاکٹر ظفر مرزا نے ملک میں مزید 2 کیسز کی تصدیق کی، جس سے اس وقت تعداد 4 ہوگئی تھی۔

  • 3 مارچ کو معاون خصوصی نے کورونا کے پانچویں کیس کی تصدیق کی۔

  • 6 مارچ کو کراچی میں کورونا وائرس کا ایک اور کیس سامنے آیا، جس سے تعداد 6 ہوئی۔

  • 8 مارچ کو شہر قائد میں ہی ایک اور کورونا وائرس کا کیس سامنے آیا۔

  • 9 مارچ کو ملک میں ایک ہی وقت میں سب سے زیادہ کورونا وائرس کے 9 کیسز کی تصدیق کی گئی۔

  • 10 مارچ کو ملک میں کورونا وائرس کے 3 کیسز سامنے آئے تھے جن میں سے دو کا تعلق صوبہ سندھ اور ایک کا بلوچستان سے تھا، جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 19 ہوگئی تھی۔

  • 11 مارچ کو اسکردو میں ایک 14 سالہ لڑکے میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی، جس کے بعد مجموعی تعداد 20 تک پہنچی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024