فیروز خان اداکاری چھوڑ کر کیا کرنے جارہے ہیں؟
پاکستان کے نامور اداکار فیروز خان نے حال ہی میں شوبز چھوڑ کر مذہبی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارنے کا اعلان کیا تھا تاہم انہوں نے اس وقت یہ نہیں بتایا تھا کہ اداکاری کے بعد ان کی کمائی کا ذریعہ کیا ہوگا۔
فیروز خان نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ کے ذریعے شوبز چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اب ان کی زندگی کا مقصد مذہب کی تعلیم پھیلانا ہے۔
اور اب اداکار نے مداحوں کو یہ بھی بتادیا کہ اداکاری چھوڑنے کے بعد وہ جلد اپنا ملبوسات کا برانڈ لانچ کرنے جارہے ہیں اور یہی ان کی کمائی کا ذریعہ ہوگا۔
مزید پڑھیں: فیروز خان کا بھی شوبز چھوڑ کر مذہبی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارنے کا اعلان
فیروز خان نے حال ہی میں دیے گئے ایک انٹرویو میں بتایا کہ وہ ایسے ڈراموں یا پروجیکٹس کا حصہ تو ضرور بنیں گے جس کے ذریعے لوگ کچھ نا کچھ سیکھ سکیں۔
البتہ وہ ڈرامے جن کی کہانیاں بےبنیاد ہوں وہ ان کا حصہ نہیں بنیں گے۔
فیروز خان نے بتایا کہ 'الف'، 'خانی' اور 'خدا اور محبت' ایسے ڈرامے ہیں جنہوں نے دیکھنے والوں کو یقیناً ایک مثبت پیغام دیا۔
اداکار نے بتایا کہ اس وقت وہ اداکاری کے بجائے اپنے نئے برانڈ پر فوکس کررہے ہیں اور چند دنوں میں اس کا اعلان بھی کردیں گے۔
اپنے انٹرویو کے دوران فیروز خان نے ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک استعمال کرنے والے صارفین کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
یہ بھی پڑھیں: کیا فیروز خان نے بھی شوبز چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا؟
اداکار کا کہنا تھا کہ مقبولیت کے 10 سیکنڈ کے لیے لوگ جو نامناسب کام کررہے ہیں وہ غلط ہے۔
فیروز خان نے 2014 کے بعد اداکاری کی شروعات کیں اور انہوں نے اب تک ایک درجن تک ڈراموں میں کام کیا، ان کے مقبول ڈراموں میں ’گل رعنا، چپ رہو، تم سے مل کے، وہ ایک پل اور دل کیا کرے‘ شامل ہیں۔
فیروز خان نے ’زندگی کتنی حسین ہے‘ اور ’ٹچ بٹن‘ جیسی فلموں میں کام بھی کیا ہے، ان کی فلم ’ٹچ بٹن‘ رواں سال عید پر ریلیز ہوگی۔
ان کا ڈراما 'عشقیہ' بھی اس وقت اے آر وائے پر نشر ہورہا ہے جبکہ وہ 'خدا اور محبت' کے سیکوئل پر بھی کام کررہے ہیں۔