• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

خطے کے امن و استحکام کیلئے پاکستان ہر ممکن اقدامات اٹھائے گا، وزیر اعظم

شائع March 9, 2020
اشرف غنی کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہوں، وزیر اعظم — فائل فوٹو / عمران خان انسٹا گرام
اشرف غنی کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہوں، وزیر اعظم — فائل فوٹو / عمران خان انسٹا گرام

وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ خطے کے امن و استحکام کے لیے پاکستان سے جو ہو سکا کرے گا اور ہر ممکن اقدامات اٹھائے گا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ 'میں افغان صدر اشرف غنی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور ان کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہوں۔'

انہوں نے کہا کہ 'خطے کے امن و استحکام کے لیے پاکستان سے جو کچھ بھی بن پڑا، کرے گا۔'

واضح رہے کہ افغانستان کے صدر اشرف غنی نے تنازع کے باوجود دوسری مرتبہ صدارت کا حلف اٹھا لیا ہے۔

اشرف غنی اور عبداللہ عبداللہ کے درمیان تنازع کے باعث تقریب حلف برداری کو مؤخر کیا گیا تھاحالانکہ غیر ملکی سفارت کاروں کی بڑی تعداد پہنچ چکی تھی جن میں امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد بھی موجود تھے۔

زلمے خلیل زاد نے دونوں رہنماؤں کے درمیان مصالحت کی کوشش کی جو ناکام ہوئی اور اشرف غنی نے حلف اٹھا لیا جس میں امریکی نمائندہ خصوصی کے علاوہ سفارت کاروں اور نیٹو فورسز کے کمانڈر اسکاٹ ملر نے بھی شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں: طالبان قیدیوں کی رہائی کا طریقہ کار طے پایا گیا، افغان صدر

دوسری جانب عبداللہ عبداللہ نے بھی صدارتی محل میں تقریب منعقد کی اور صدر کے طور پر حلف اٹھایا اور افغانستان کی ‘آزادی کا تحفظ، قومی خود مختاری اور سرحدی سالمیت ’ پر زور دیا۔

اشرف غنی کی تقریر کے دوران صدارتی محل میں دو راکٹ بھی فائر کیے گئے جس سے تقریب میں خلل بھی پڑا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور اشرف غنی نے اپنی تقریر جاری رکھی۔

خیال رہے کہ افغانستان کے دونوں حریف رہنماؤں نے طالبان کے مقابلے میں کسی معاہدے پر پہنچنے میں ناکامی کے بعد متوازی صدارتی تقاریب حلف برداری کی تیاریاں کی تھیں۔

افغانستان میں ستمبر 2019 میں ہونے والے متنازع انتخاب کے بعد اشرف غنی اور عبداللہ عبداللہ دونوں نے افغان قیادت کے طور پر منتخب ہونے کا دعویٰ کیا تھا جبکہ الیکشن کمیشن نے اشرف غنی کی کامیابی کا اعلان کردیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024