• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

ڈی آئی خان: فورسز کے آپریشن میں 2 دہشت گرد ہلاک، پاک فوج کے کرنل شہید

شائع March 9, 2020
آپریشن میں شہید ہونے والے پاک فوج کے کرنل مجیب الرحمٰن —فوٹو: آئی ایس پی آر
آپریشن میں شہید ہونے والے پاک فوج کے کرنل مجیب الرحمٰن —فوٹو: آئی ایس پی آر

صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقے ڈیرہ اسمٰعیل خان (ڈی آئی خان) میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کی بڑی کارروائی ناکام بناتے ہوئے آپریشن کے دوران 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے کرنل مجیب الرحمٰن شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دہشت گردی کی کارروائی کی منصوبہ بندی سے متعلق خفیہ معلومات پر سیکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسمٰعیل خان میں ٹانک کے قریب دہشت گردوں کے ٹھکانے پر آپریشن کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جیسے ہی سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیا، دہشت گردوں نے فائرنگ کردی، جس پر جوابی کارروائی میں 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا تاہم فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے کرنل مجیب الرحمٰن شہید ہوگئے۔

مزید پڑھیں: شمالی وزیرستان: پاک فوج کی کارروائی میں 5 دہشت گرد ہلاک، 2 جوان شہید

شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی پناہ گاہ سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔

بیان میں بتایا گیا کہ کرنل مجیب الرحمٰن کا تعلق ضلع استور کے علاقے بنجی سے تھا اور انہوں نے سوگواران میں بیوہ، 3 بیٹے اور ایک بیٹی کو چھوڑا ہے۔

صدر و وزیراعظم کا کرنل مجیب الرحمٰن کو خراج تحسین

دوسری جانب صدر مملک ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے کرنل مجیب الرحمٰن کو خراج تحسین پیش کیا۔

ریڈیو پاکستان نے رپورٹ کیا کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے بیان میں کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم متحد اور پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بے پناہ قربانیاں دے کر دہشت گردی کو ختم کیا ہے، ساتھ ہی انہوں نے ٹانک میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں جام شہادت نوش کرنے والے کرنل مجیب الرحمٰن کے حوصلے کو سراہا۔

ادھر ریڈیو پاکستان کی ایک اور رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ڈیرہ اسمٰعیل خان میں ٹانک کے قریب دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن پر ان کی تعریف کی۔

ساتھ ہی عمران خان نے دہشت گردوں کے مذموم مقاصد کو ناکام بناتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے کرنل مجیب الرحمٰن کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پوری قوم مسلح فورسز اور سیکیورٹی اداروں کی قربانیوں کو تسلیم کرتی ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز کی بے مثال قربانیوں کے نتیجے میں دہشت گردی کا خاتمہ ہوچکا ہے اور امن بحال ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل 30 جنوری 2020 کو قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں پاک فوج کی کارروائی میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 2 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا تھا۔

دریں اثنا 5 دسمبر کو شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 2 دہشت گرد ہلاک جبکہ 2 فوجی جوان شہید ہوگئے تھے۔

یکم دسمبر 2019 کو پاک-افغان سرحد کے قریب شمالی وزیرستان میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کی چوکی پر دہشت گردوں کے حملے میں ایک جوان شہید اور 2 زخمی ہو گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: شمالی وزیرستان میں سڑک کنارے دھماکا، 3 فوجی جوان شہید

یاد رہے کہ 12 نومبر 2019 کو شمالی وزیرستان میں سڑک کنارے نصب بم کے دھماکے کے نتیجے میں 3 فوجی جوان شہید ہوئے تھے۔

قبل ازیں 25 ستمبر کو شمالی وزیرستان میں ہی شرپسندوں کی جانب سے گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں تیل کی تلاش کرنے والی کمپنی کے 4 ملازمین جاں بحق جبکہ پیراملٹری فورس کے 2 اہلکار شہید اور 4 زخمی ہوگئے تھے۔

خیال رہے کہ پاک فوج جہاں بیرونی دشمنوں سے ملک کو بچانے کے لیے سرحدوں پر اپنے فرائض انجام دے رہی ہے تو وہیں اس کے سیکڑوں جوان ملک کی حفاظت کرتے ہوئے دہشت گردی کا شکار ہو کر شہید ہو چکے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024