• KHI: Fajr 5:56am Sunrise 7:17am
  • LHR: Fajr 5:36am Sunrise 7:02am
  • ISB: Fajr 5:44am Sunrise 7:13am
  • KHI: Fajr 5:56am Sunrise 7:17am
  • LHR: Fajr 5:36am Sunrise 7:02am
  • ISB: Fajr 5:44am Sunrise 7:13am

اسلام آباد یونائیٹڈ کو 9وکٹوں سے شکست، ملتان سلطانز پلے آف میں پہنچ گئے

شائع March 8, 2020 اپ ڈیٹ March 9, 2020
عمران طاہر نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے وکٹیں لیں— فوٹو: اے ایف پی
عمران طاہر نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے وکٹیں لیں— فوٹو: اے ایف پی

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے 22ویں میچ میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو بارش سے متاثرہ میچ میں جیمز ونس کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت 9وکٹوں سے شکست دے کر پلے آف مرحلے میں جگہ بنا لی۔

پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر موجود ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

راولپنڈی میں بارش کی وجہ سے میدان اور آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کے سبب ٹاس تاخیر کا شکار ہوا اور میچ کو 9اوورز فی اننگز تک محدود کردیا گیا تھا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو لیوک رونکی اور کولن منرو نے ٹیم کو 26رنز کا آغاز فراہم کیا، رونکی اچھی فارم میں نظر آئے لیکن 18رنز بنانے کے بعد ایک متنازع کیچ کے نتیجے میں ان کی اننگز تمام ہوئی۔

آرمی چیف قمر جاوید باجوہ اور چیئرمین پی سی بی احسان مانی بھی میچ دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم میں موجود تھے— فوٹو: اے ایف پی
آرمی چیف قمر جاوید باجوہ اور چیئرمین پی سی بی احسان مانی بھی میچ دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم میں موجود تھے— فوٹو: اے ایف پی

کولن منرو نے شاہد آفریدی کو لگاتار تین چھکے لگائے جس کے بعد ایسا محسوس ہوتا تھا کہ یونائیٹڈ کی ٹیم باآسانی 100رنز بنانے میں کامیاب ہو جائے گی لیکن منرو کے آؤٹ ہونے کے ساتھ سلطانز نے عمدہ باؤلنگ کے ذریعے میچ میں واپسی کی۔

منرو 25 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جس کے بعد انگرام بھی صرف 6رنز بنا سکے جبکہ ان فارم شاداب بھی 14رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

اختتامی اوورز میں سلطانز کے باؤلرز نے عمدہ باؤلنگ کی جس کی بدولت اسلام یونائیٹڈ کے بلے باز کھل کر بیٹنگ نہ کر سکے اور مقررہ 9اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 91رنز ہی بنا سکے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے جنید خان اور عمران طاہر نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کے اوپنرز جیمز ونس اور ذیشان اشرف نے ٹیم کو 5اوورز میں 68رنز کا آغاز فراہم کر کے میچ کو یکطرفہ بنا دیا۔

ذیشان اشرف 16رنز بنانے کے بعد شاداب خان کی گیند پر انہی کو کیچ دے بیٹھے۔

تاہم اس کے بعد ملتان سلطانز نے مزید کسی نقصان کے بغیر 14گیندیں قبل فتح حاصل کر کے قیمتی پوائنٹس حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ پلے آف مرحلے میں جگہ بنا لی۔

جیمز ونس نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 24 گیندوں پر 11چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 61رنز کی اننگز کھیلی۔

اس میچ میں شکست کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کی پلے آف تک رسائی کے امکانات مزید کم ہو گئے ہیں۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ: شاداب خان(کپتان)، لیوک رونکی، کولن منرو، رجوان حسین، کولن انگرام، آصف علی، محمد موسیٰ، عاکف جاوید، عماد بٹ، ڈیل اسٹین اور رومان رئیس

ملتان سلطانز: شان مسعود(کپتان)، معین علی، ذیشان اشرف، رلی روسو، جیمز ونس، خوشدل شاہ، شاہد آفریدی، سہیل تنویر، محمد الیاس، عمران طاہر اور جنید خان

دونوں ٹیموں کے درمیان رواں سال اس سے قبل کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے سلطانز کو باآسانی 8وکٹوں سے شکست دی تھی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز پشاور زلمی کے خلاف میچ میں بارش کے سبب اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت 7رنز سے شکست ہوئی۔

آج دن کے دوسرے میچ میں لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں میزبان لاہور قلندرز کا مقابلہ کراچی کنگز سے ہو گا۔

کارٹون

کارٹون : 2 جنوری 2025
کارٹون : 1 جنوری 2025