• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ریلوے بذاتِ خود بہت بڑی مافیا ہے، شیخ رشید

شائع March 7, 2020
ریلوے نے 72 سال میں پہلی مرتبہ بزنس پلان اور فری ٹریک پالیسی دی ہے — تصویر: ڈان نیوز
ریلوے نے 72 سال میں پہلی مرتبہ بزنس پلان اور فری ٹریک پالیسی دی ہے — تصویر: ڈان نیوز

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ ریلوے کے اندر بھی ایک مافیا ہے بلکہ ریلوے بذات خود بہت بڑی مافیا ہے۔

لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ریلوے نے 72 سال میں پہلی مرتبہ بزنس پلان اور فری ٹریک پالیسی دی ہے اور فوڈ اور انٹرٹینمنٹ کی پالیسی بھی جلد پیش کردی جائے گی۔

وزیر ریلوے نے بتایا کہ 9 ٹرینوں کو نجی شعبے کے حوالے کیا جائے گا اس سلسلے میں 3 ٹرینیں دے چکے ہیں جبکہ اس ماہ کے آخر تک 3 مزید دے دی جائیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی پرائیویٹ پارٹی اپنی ٹرینیں لا کر چلا سکتی ہے ہم ٹریک کا کرایہ وصول کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ریلوے میں 10 مئی سے قبل انقلاب لایا جارہا ہے، شیخ رشید

ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان اسی ماہ چینی اور آٹا بحران کے پسِ پردہ مافیا کو بے نقاب کردیں گے۔

شیخ رشید نے کہا کہ ہماری لڑائی ٹریفک مافیا سے بھی ہے، انہوں نے اعتراف کیا کہ ریلوے کے اندر بھی ایک بہت بڑی مافیا ہے بلکہ ریلوے بذات خود بہت بڑی مافیا ہے۔

شیریں مزاری کی جانب سے عورت مارچ کی حمایت کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں شہباز شریف کا دوست ہوں جو کہتے ہیں کہ میری بیماری میری مرضی۔

انہوں نے بلاول بھٹو کو سلیکٹڈ چیئرمین قرار دیتے ہوئے کہا کہ قمر الزمان کائرہ، اعتراز احسن اور لطیف کھوسہ جیسے پائے کے سیاستدانوں کے ہوتے وہ خود کو بہت بڑا سمجھتے ہیں۔

مزید پڑھیں: بلاول، اگر بچے ہو تو بچ کر کھیلو، شیخ رشید احمد

انہوں نے واضح کیا کہ ایم ایل ون کا کوئی متبادل نہیں، پاکستان کی ریلوے میں یہ منصوبہ انقلاب لے کر آئے گا اس میں نئی کوچز اور نیا ٹریک ہوگا اور کوئی ریلوے کراسنگ نہیں ہوگی جبکہ کراچی سے لاہور تک کا سفر 7 گھنٹے میں طے ہوجائے گا۔

عورت مارچ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ میرے لیے عورت کبھی بھی سیرئس ایشو نہیں رہا۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ میری زندگی کا مشن نالہ لئی اور ایم ایل ون ہے، مجھے ریٹائر بھی ہونا ہے اس لیے میں عزت سے جانا چاہتا ہوں۔

شیخ رشید نے اعلان کیا کہ عمران خان معیشت کے حوالے سے ایک اہم اعلان کرنے والے ہیں اور اس کے ساتھ اس ماہ وہ آٹا اور چینی چوروں اور ڈاکوؤں کو بے نقاب کریں گے۔

شیخ رشید نے کہا کہ جو نیب کے شکنجے میں آئے اسے آسانی سے نہیں چھٹنا چاہیے، نیب کو اپنے پاس ایسے بہترین وکیل رکھنے چاہیے جو کیس کو بہترین طریقے سے لڑ سکیں۔

یہ بھی پڑھیں: مولانا نے اب دھرنا دیا تو دھر لیے جائیں گے، شیخ رشید

مسلم لیگ (ن) اور ایم کیو ایم کی قربت کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کسی بھی تبدیلی کے امکان کو مسترد کردیا۔

نواز شریف کی واپسی کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ بحیثیت سیاسی کارکن میں صرف یہ کہوں گا کہ پہلوان وہ ہوتا ہے جو اکھاڑے میں ہو جو اکھاڑے سے باہر ہوتا ہے وہ تبصرے کرتا ہے اور مسلم لیگ (ن) میڈیا میڈیا کھیل رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سڑکوں، گلیوں، پلوں اور اورنج ٹرین پر پیسے ضائع کردیے گئے اگر 14 سال پہلے ہوئے ٹرین کے معاہدے کے تحت 1885 کلومیٹر کے ٹریک کو 1900 یا 2 ہزار کلومیٹر تک توسیع دیے دی جاتی تو ملک سے اسمگلنگ ختم ہوجاتی کیوں کہ جلال آباد 185 کلومیٹر دور ہے اور پورٹ سے گاڑی سیدھا وہیں جا کر رکتی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی جتنا مرضی زور لگا لے بلاول بھٹو کی دال پنجاب میں نہیں گلے گی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024