• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

وزیراعظم عمران خان کا آج کا دورہ کراچی منسوخ

شائع March 7, 2020
وزیراعظم نے آج دورہ کراچی کے دوران شہر میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کرنا تھا — فائل فوٹو: انسٹاگرام
وزیراعظم نے آج دورہ کراچی کے دوران شہر میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کرنا تھا — فائل فوٹو: انسٹاگرام

موسم کی خرابی کے باعث وزیراعظم عمران خان کا آج (بروز ہفتہ) کا کراچی کا طے شدہ دورہ منسوخ کردیا گیا۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نے آج کراچی کے دورے کے دوران شہر میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کرنا تھا۔

وزیراعظم نے جن منصوبوں کا افتتاح کرنا تھا ان میں سخی حسن فلائی اوور، فائیو سٹار فلائی اوور اور کے ڈی اے فلائی اوور شامل ہیں۔

اس کے ساتھ ہی وزیراعظم عمران خان نے اپنے دورے کے دوران نشتر روڈ اور منگھو پیر روڈ کی تعمیر، مرمت اور بحالی کے منصوبے کا بھی افتتاح کرنا تھا۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم نے کراچی کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے 50 ارب روپے کی منظوری دی، گورنر سندھ

علاوہ ازیں وزیراعظم نے کراچی اور بالخصوص سندھ میں وفاقی حکومت کے عوامی فلاح و بہبود اور مختلف ترقیاتی منصوبوں سے متعلق پیش رفت کا بھی جائزہ لینا تھا۔

اس حوالے سے وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کیا کہ وزیراعظم عمران خان کا کراچی کا آج کا دورہ موسم کی خرابی کے باعث منسوخ کردیا گیا ہے، وزیراعظم کی نمائندگی کرتے ہوئے گورنر سندھ ان منصوبوں کا افتتاح کریں گے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’کراچی پاکستان کا معاشی مرکز ہے، اسے دنیا کے جدید شہروں کی صف میں لانا وزیراعظم کا وژن ہے‘۔

اس کے ساتھ ہی گورنر سندھ عمران اسمٰعیل نے ٹوئٹ کیا کہ وزیراعظم عمران خان نے مجھے طے شدہ شیڈول کے مطابق منصوبوں کا افتتاح کرنے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ویڈیو لنک کے ذریعے تقریب سے خطاب کریں گے، وہ کراچی کے لیے نئے منصوبوں کا اعلان بھی کریں گے۔

قبل ازیں دسمبر 2019 میں وزیراعظم عمران خان نے کراچی کا دورہ کیا تھا اور تمام منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم عمران خان، صدر مملکت کے ہمراہ ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے

عمران خان کو کراچی میں جاری ترقیاتی کاموں، تجاوزات کے خلاف جاری آپریشنز اور دیگر امور پر بریفنگ بھی دی گئی تھی۔

اکتوبر 2019 میں کراچی کے دورے کے دوران وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ کراچی کے مسائل کا حل سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے لیکن وفاقی حکومت عوامی فلاح کو مدنظر رکھتے ہوئے ان مسائل کو اپنے وسائل سے حل کرنے کے لیے تعاون کر رہی ہے۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے جولائی میں کراچی کا دورہ کیا تھا اور تاجر برادری سے ملاقات میں انہیں حکومت کے ساتھ لے کر چلنے کی یقین دہانی کروائی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024