• KHI: Fajr 5:56am Sunrise 7:17am
  • LHR: Fajr 5:36am Sunrise 7:02am
  • ISB: Fajr 5:44am Sunrise 7:13am
  • KHI: Fajr 5:56am Sunrise 7:17am
  • LHR: Fajr 5:36am Sunrise 7:02am
  • ISB: Fajr 5:44am Sunrise 7:13am

بارش سے متاثرہ میچ میں یونائیٹڈ کو شکست، زلمی 7رنز سے کامیاب

شائع March 7, 2020
اسلام آباد یونائیٹڈ کے کولن منرو نصف سنچری کی تکمیل پر شائقین کی داد کا جواب دے رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
اسلام آباد یونائیٹڈ کے کولن منرو نصف سنچری کی تکمیل پر شائقین کی داد کا جواب دے رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے درمیان بارش سے متاثرہ میچ میں پشاور زلمی کو ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت 7رنز سے فاتح قرار دے دیا گیا۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی تو اسلام آباد یونائیٹڈ نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو لیوک رونکی اور رضوان حسین کوئی قابل ذکر کارکردگی دکھائے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔

دو وکٹیں گرنے کے بعد کولن منرو کا ساتھ دینے کپتان شاداب خان آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے ٹیم کی سنچری مکمل کرائی۔

کولن منرو دو چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے نصف سنچری مکمل کی لیکن 52رنز بنانے کے بعد کارلوس بریتھ ویٹ کے پہلے ہی اوور میں انہیں وکٹ دے بیٹھے۔

دوسرے اینڈ سے شاداب خان نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ففٹی مکمل کی اور کولن انگرام کے ساتھ ٹیم کو بہتر مجموعے تک پہنچانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

منرو کے بعد شاداب کا ساتھ دینے کولن انگرام آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے بہترین بیٹنگ کرتے ہوئے 76رنز کی شراکت قائم کی جس میں انگرام کا حصہ 41 رنز کا رہا جو حسن علی کی دوسری وکٹ بن گئے۔

شاداب خان اننگز کے 19ویں اوور میں 77رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد پویلین لوٹے، ان کی اننگز میں 5 چوکے اور 4چھکے شامل تھے۔

آخری اوور میں راحت علی نے صرف 6رنز دیے جس کے سبب یونائیٹڈ کی ٹیم 200 رنز کا ہندسہ عبور نہ کر سکی اور مقررہ اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر 195رنز بنائے۔

میچ میں پشاور زلمی نے انتہائی ناقص فیلڈنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کے بلے بازوں کے چار سے پانچ کیچز ڈراپ کیے۔

پشاور زلمی کی جانب حسن علی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

پشاور زلمی نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو کامران اکمل نے روایتی جارحانہ انداز اپنایا اور 7رنز بنانے والے امام الحق کے ساتھ ٹیم کو 44رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا۔

اس سے قبل کہ کامران اکمل مزید خطرناک ثابت ہوتے، لیگ میں پہلا میچ کھیلنے والے اسپنر ظفر گوہر نے ان کی 37رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

پشاور زلمی نے 9اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 85رنز بنائے ہی تھے کہ بارش کے سبب میچ کو روک دیا گیا اور امپائرز نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو پویلین واپسی کا حکم دیا۔

ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت پشاور زلمی کی ٹیم 7رنز سے آگے تھی اور بارش نہ رکنے پر پشاور زلمی کو فاتح قرار دے دیا گیا اور یونائیٹڈ کو میچ میں 7رنز سے شکست ہو گئی۔

اس سے قبل بارش کے سبب میچ کا ٹاس تاخیر سے ہوا اور راولپنڈی میں بادلوں کا راج ہے جس کے سبب میچ کے بارش سے متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔

آج کے میچ کی خاص بات یہ ہے کہ آج کینسر سے آگاہی کا دن منایا جا رہا ہے اور اسی مناسبت سے دونوں ٹیموں کے کھلاڑی گلابی رنگ کی ٹوپیاں پہن کر میچ میں شرکت کریں گے۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ: شاداب خان(کپتان)، لیوک رونکی، کولن منرو، کولن انگرام، آصف علی، رضوان حسین، فہیم اشرف، ظفر گوہر، عاکف جاوید، ڈیل اسٹین اور رومان رئیس

پشاور زلمی: وہاب ریاض(کپتان)، امام الحق، کامران اکمل، ٹام بینٹن، حیدر علی، شعیب ملک، لیام لیونگسٹن، کارلوس بریتھ ویٹ، حسن علی، یاسر شاہ اور راحت علی

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) آج دن کا دوسرا مقابلہ لاہور قلندرز کا دفاعی چیمپیئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے ہو گا۔

آج لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں شیڈول دن کے دوسرے میچ میں لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز شام 7 بجے آمنے سامنے ہوں گے۔

محکمہ موسمیات نے آج راولپنڈی اور لاہور دونوں جگہ بارش کی پیش گوئی کی ہے جس کے باعث دونوں میچز متاثر ہو سکتے ہیں۔

راولپنڈی میں 10 بجے سے ایک بجے اور لاہور میں رات 9 بجے کے بعد بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے درمیان اس سے قبل 29فروری کو شیڈول میچ بھی بارش کے سبب منسوخ ہو گیا تھا اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ پر اکتفا کرنا پڑا تھا۔

رواں سیزن پشاور زلمی نے 7 میچز کھیلے ہیں جن میں سے انہوں نے 3 میں فتح سمیٹی، تین میں شکست ہوئی جبکہ ایک میچ بارش کی نذر ہوا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے بھی ٹورنامنٹ میں 7 میچز کھیلے ہیں جن میں سے اس نے 3 میں فتح اور 3 میں شکست حاصل کی جبکہ ایک میچ بارش کی نظر ہوگیا تھا۔

دوسری جانب لاہور میں آج ہونے والے میچ میں لاہور قلندرز نے 5 میچز میں سے اب تک لاہور نے 4 میں شکست اور صرف ایک میں فتح حاصل کی ہے۔

دوسری جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اب تک ٹورنامنٹ میں 7 میچز کھیلے ہیں جن میں سے انہیں 3 میں فتح اور 4 میں شکست نصیب ہوئی۔

خیال رہے کہ آج کھیلنے والی چاروں ٹیموں کے لیے پلے آف کی امید برقرار رکھنے کے لیے آج کا میچ نہایت اہم ہے۔

کارٹون

کارٹون : 2 جنوری 2025
کارٹون : 1 جنوری 2025